’راہزنوں کی رہزنی کو جواز فراہم کیا گیا‘


نواز شریف

نواز شریف نے ایبٹ آباد کی عوام سے گلہ کیا کبھی کسی نے سابق صدر پرویز مشرف سے سوال کیا

سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ’جو لوگ مائنس نواز شریف کہتے ہیں ان کو پتا نہیں کہ آج نواز شریف ایک نظریے کا نام ہے۔ یہ نظریہ ایک انقلابی تبدیلی لے کرآئے گا۔

سابق وزیرِ اعظم نواز شریف نے احتساب عدالتوں میں پیشی کے بعد ایبٹ آباد سے اپنا پہلا عوامی رابطہ شروع کرتے ہوئے اپنے خطاب میں کہا کہ ایبٹ آباد کی عوام سے ان کا ایک گہرا تعلق ہے جسے کوئی عدالتی فیصلہ توڑ نہیں سکتا۔ کیا ہے۔

انھوں نے شکوہ بھرے انداز میں پوچھا کہ ’مشرف سے کوئی گلہ کیا گیا؟ آپ نےتو کوئی سوال بھی نہیں پوچھا۔ اس کے برعکس راہزنوں کی رہزنی کو جواز فراہم کیا گیا۔ ان کے ہاتھ پر بیعت کی گئی۔ اُن سے وفاداری کے حلف لیے گئے۔ آمروں کی وفاداری کےحلف لیے گئے۔ آئین اور پاکستان کا حلف ایک طرف پھینک کر (پی سی او) کے تحت حلف لیے گئے۔’

مزید پڑھیے

’ نواز شریف حاضر ہوں‘

’گو نواز گو سے گون نواز گون‘

انھوں نے سنہ 2013 کے انتخابات سے پہلے کئے گئے اپنے وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ’اُس وقت اس ملک میں 20،20 گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہوتی تھی، سی این جی سٹیشنوں پر گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی لمبی قطاریں لگتی تھیں، پٹرول اور ڈیزل کتنا مہنگا تھا یاد ہے آپکو؟ ، ملک میں دہشت گردی کی انتہا تھی۔ روز دہشت گردی میں لوگ شہید ہوتے تھے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’آج لوڈ شیڈنگ آپ سب کو خدا حافظ کہہ رہی ہے۔ ملک کے اندر دہشت گردی ختم ہونے کو آچکی ہے اور ملک ترقی کی منزلوں پر گامزن ہے۔‘

نواز شریف

نواز شریف نے ایبٹ آباد کی عوام سے ہزارہ موٹروے کی تعمیر کے وعدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم نہیں ہے لیکن موٹروے مکمل ہوجائے گی

انھوں نے کہا کہ ’ہم نے پاکستان کی عوام کی خوشحالی کے لیے بے پناہ کام کیا ہے لیکن ایک بار پھر انھوں نے عوام سے سوال کیا کہ کیا ان کے ساتھ انصاف ہوا؟

اپنی سابقہ تقریروں کی طرح ایبٹ آباد میں بھی انھوں نے پاناما کیس کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ہمارا پورا خاندان پیش ہوا اور اس جے آئی ٹی کی پوری کہانی کسی دن قوم کے سامنے آجائےگی۔ لیکن دنیا بھر کے سیر سپاٹوں کے باوجود نواز شریف کے خلاف ایک پائی کی کرپشن کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔‘

نواز شریف نے ایبٹ آباد کی عوام سے ہزارہ موٹروے کی تعمیر کے وعدے کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف وزیر اعظم نہیں ہے لیکن موٹروے مکمل ہوجائے گی۔ ‘مجھے ہزارہ کی عوام سے اتنی محبت ہے کہ میں نے کہا نہیں اسلام آباد سے ایبٹ آباد، ایبٹ آباد سے مانسہرہ اور اُس سے آگے خنجراب تک موٹروے بنے گی۔’


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp