انڈیا: وزیر کی کھیت میں پیشاپ کرتے ہوئے ویڈیو وائرل، حکومت پر تنقید


انڈیا میں حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے وزیر کو کھلے میں پیشاپ کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

انھوں نے کھلے میں پیشاپ ایسے وقت پر کیا ہے جب حکومت لوگوں کو ٹوائلٹس استعمال کرنے کی ترغیب کے لیے مہم چلائی ہوئی ہے۔

جونیئر وزیر برائے پانی رام شندے کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں ان کو مہاراشٹرا کے کھیتوں میں پیشاپ کرتے ہوئے دکھایا ہے۔

رفع حاجت کے خلاف ‘ہلہ بول، لنگی کھول’ مہم

فضلے کی توانائی سے ٹوائلٹس کی تعمیر

ٹوائلٹ نہ بنانے پر خاتون کو طلاق کی اجازت

حزب اختلاف کا کہنا ہے کہ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی یہ مہم ناکام ہو چکی ہے۔

تاہم رام شندے نے کہا ہے کہ ان کی طبیعت خراب تھی اور آس پاس ٹوائلٹ نہ ہونے کے باعث انھوں نے کھیت میں پیشاپ کیا۔

انھوں نے مزید کہا کہ وہ گذشتہ ماہ سے زرعی سکیم کی نگرانی کے لیے سفر کر رہے ہیں۔ ‘مسلسل سفر اور سخت گرمی اور دھول کے باعث میری طبیعت ناساز ہو گئی۔ مجھے بخار بھی تھا۔’

لیکن مہاراشٹرا کی اپوزیشن جماعت نیشنل کانگریس پارٹی کا کہنا ہے کہ اہم شاہراہ پر وزیر صاحب کو ٹوائلٹ نہ ملنے سے صاف ظاہر ہے کہ حکومت پبلک ٹوائلٹس مہیا کرنے میں ناکام ہو گئی ہے۔

‘وزیر اعظم عوام سے کیسے یہ توقع کر سکتے ہیں کہ وہ نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں جب ان کے اپنے وزیر ہی نہیں کر رہے۔’

یاد رہے کہ نریندر مودی نے ملک گیر مہم ‘صاف انڈیا’ کا آغاز 2014 میں کیا تھا اور وعدہ کیا تھا کہ ملک بھر میں لاکھوں ٹوائلٹس تعمیر کرائیں گے۔

تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ اس ملک کے زیادہ تر علاقوں میں اس مہم کا کوئی اثر نہیں ہوا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32493 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp