ڈیموں میں پانی نہیں اور واٹر ٹینکرز کی ہڑتال، گوادر کی عوام کا احتجاج


گوادر پانی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ساحلی شہر گوادر میں پانی کی قلت کا معاملہ ایک مرتبہ پھر سنگین ہونے کے خلاف گوادر اور کراچی میں احتجاج کیا گیا۔

گوادر میں شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کے دفتر کے باہر دھرنا دیا جبکہ کراچی پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

اس وقت گوادر شہر اور ضلع گوادر کے ساحلی علاقوں میں پانی کا تمام تر انحصار بارش پر ہے۔

کھربوں روپے مالیت کا پانی ضائع

نامہ نگار محمد کاظم نے بتایا کہ گوادر کو پانی فراہم کرنے والے محکمہ پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ کے ایکسیئن شکیل بلوچ نے بتایا کہ گوادر میں گذشتہ کئی سال سے بارش نہیں ہورہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بارشیں نہ ہونے کے باعث وہ ڈیم خشک ہوگئے ہیں جن سے گوادر کو پانی فراہم کیا جاتا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ گوادر شہر میں بڑے پیمانے پر ترقیاتی کاموں کی وجہ سے آبادی میں اضافے کے باعث پانی کی طلب میں بھی اضافہ ہوگیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر شہر اور اس کے نواحی علاقوں (جن کا انحصار پبلک ہیلتھ انجنیئرنگ پر ہے) میں پانی کی مجموعی طلب 70 لاکھ گیلن روزانہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جب ڈیموں میں پانی تھا تو اس وقت 70 لاکھ گیلن کے مقابلے میں ان علاقوں کو پچاس لاکھ گیلن پانی روزانہ فراہم کیا جارہا تھا۔

گوادر پانی

‘ڈیموں میں پانی ختم ہونے کے بعد ٹینکروں کے ذریعے شہر کو پانی فراہم کیا جارہا تھا جو کہ روزانہ 18 لاکھ سے 20 لاکھ گیلن تھا۔’

ٹینکروں کے ذریعے بھی پانی کی فراہمی کے لیے 413 ٹینکرز استعمال کیے جارہے تھے لیکن گذشتہ دو ڈھائی ہفتے سے ٹینکر مالکان ہڑتال پر ہیں۔

واٹر ٹینکر ایسوسی ایشن کے صدر حاجی خالد دشتی نے ہڑتال کی وجوہات کے بارے میں بتایا کہ حکومت پر ٹینکروں کے 93کروڑ 50لاکھ روپے سے زائد کے بقایاجات ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ادائیگی نہ ہونے کی وجہ سے ٹینکر مالکان کے پاس تیل ڈالنے کے لیے بھی پیسے نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں گوادر میں لوگوں کی پریشانی کا احساس ہے لیکن حکومت ٹینکروں کے بقایاجات کی ادائیگی میں سنجیدہ نہیں۔

شکیل بلوچ نے بتایا کہ ٹینکروں کو ادائیگی کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور توقع ہے کہ آئندہ ایک دو دنوں میں ہڑتال کا معاملہ حل ہوجائے گا۔

شکیل بلوچ نے بتایا کہ گوادر میں پانی کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے جہاں ڈیموں کی تعمیر کے منصوبوں پر کام جاری ہے وہاں ضلع کیچ میں میرانی ڈیم سے پائپ لائنوں کے ذریعے پانی کی فراہمی کا منصوبہ بھی زیر غور ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp