’بریانی میں آلو نہ ہوئے تو دھرنا ہو گا‘


بریانی

بریانی کا نام سن کا منہ میں پانی آتا ہے اور ذہن میں گوشت اور خوشبو دار مسالوں کے رنگوں میں لپٹے چاولوں کی تصویر ابھرتی ہے۔ بریانی پر کوئی تنازع یا کسی قسم کی دھاندلی کا ذکر ہو تو حیرت بجا ہے۔

ایسا ہی کچھ ہوا ہے جب پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر نے ٹویٹ کی کہ انھیں بریانی پر ہونے والی ایک رائے شماری پر دھاندلی قبول نہیں ہے۔

ہوا کچھ یوں کہ ایک امریکی کمیڈین جیرمی میک لیلن نے بریانی کھانے کے بعد اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر رائے شماری کا انعقاد کیا۔ اس کا مقصد یہ معلوم کرنا تھا کہ ’بریانی آلو کے ساتھ زیادہ اچھی ہوتی ہے یا آلو کے بغیر۔‘

بریانی کے شائقین نے دل کھول کر اس رائے شماری میں حصہ لیا۔ مقابلہ کڑاکے کا ہوا اور نیتجہ آیا تو ففٹی فٹٹی۔

جیرمی میک لیلن نے پول کا نتائج کا اعلان مزاح سے بھرپور انداز میں کرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’24 گھنٹوں میں 14334 ووٹ ڈالے گئے۔ ’دی گریٹ آلو وار‘ یعنی آلو کی عظیم جنگ ختم ہوئی۔ مقابلہ برابر رہا۔‘

انھوں نے ٹویٹ میں مزید لکھا کہ ’ایک جوہری جنگ ٹل گئی اور آلو کے حامی اور آلو کے مخالفین تقسیم ہو گئے۔ کامریڈز حوصلہ رکھو۔ ہمارے بچوں کے بچے اس دن کے ترانے گائیں گے۔‘

ان کی اس ٹویٹ پر بھی آلو کے حامیوں اور مخالفین نے دلچسپ تبصرے کیے۔ ذہیب کلودی کا کہنا تھا: ’جو یہ کہتا ہے کہ بریانی آلو کے بغیر ہونی چاہیے، وہ کراچی کا ہو ہی نہیں سکتا اور اس کا مطلب ہے کہ انھوں نے کبھی بریانی کھائی ہی نہیں۔‘

لیکن سیما حیدر نے ٹویٹ کی کہ ’آلو تو بریانی کا ذائقہ خراب کر دیتے ہیں۔‘

اس بحث کے دورابن فہیم حسن نے اس بات پر حیرانی کا اظہار کیا کہ انھوں نے آج تک بریانی میں آلو دیکھے تک نہیں۔

اپنی اپنی پسند سے وفاداری کا ثبوت دیتے کئی لوگ رائے شماری کے نتائج سے مطمئن نظر نہیں آئے اور انھی میں شامل نظر آئے پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما اسد عمر بھی۔

انھوں نے جیرمی میک لیلن کے پول کو ری ٹویٹ کرنے کے ساتھ لکھا: ’دھاندلی! ہم ان دھاندلی والے نتائج کو قبول نہیں کرتے۔‘

ان کا کہنا تھا: ’آلو کے ساتھ بریانی سب سے اعلیٰ ہے۔ ان نتائج کے خلاف دھرنا دیا جائے گا۔ جلد ہی اس دھرنے کے لیے سائبر سپیس میں مناسب مقام کا اعلان کیا جائے گا۔‘

اسد عمر کی ٹویٹ کو بھی لوگوں نے نہ صرف ری ٹویٹ کیا بلکہ 3800 لوگوں نے لائیک بھی کیا۔

کچھ لوگوں نے یہاں بھی اپنی پسند کا دفاع کیا اور ولید ناصر نے کہا کہ ’ہم یہاں بھی بغیر آلو کی بریانی کا دفاع کریں گے۔‘

عمار کاظمی نے صورتحال میں سیاسی مزاح کا رنگ بھرتے ہوئے ٹویٹ کیا کہ ’اور پھر آلو کہے گا مجھے کیوں نکالا؟‘

اس بحث کو کامران نے اپنی ٹویٹ سے ختم کرنے کی ناکام کوشش کی کہ ’بریانی نہ آلو والی ہوتی ہے اور نہ بغیر آلو کے یہ تو صرف مفتے والی ہوتی ہے۔‘

تاہم اس موقعے پر اسد عمر کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد نے ان کے آلو والی بریانی کے حامی ہونے پر مایوسی کا اظہار کیا اور کہا کہ شاید وہ پہلی بار ان سے اتفاق نہیں کرتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32473 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp