انعام کے جھوٹے اعلانات اور فوٹو سیشن پر باکسر محمد وسیم ناراض


باکسر وسیم

محمد وسیم نے سنہ 2014 میں کامن ویلتھ گیمز میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا

ورلڈ باکسنگ کونسل کے عالمی چیمپئن پاکستانی باکسر محمد وسیم اس بات پر سخت خفا ہیں کہ ان کے لیے انعامی اعلانات محض زبانی جمع خرچ اور فوٹو سیشن سے زیادہ کچھ نہیں ہیں۔

محمد وسیم آئندہ ماہ کولمبیا کے باکسر کے خلاف اپنے ورلڈ باکسنگ کونسل فلائی ویٹ سلور ٹائٹل کا دفاع کرنے والے ہیں جس کے بعد انہوں نے گولڈ ٹائٹل کے لیے جاپانی باکسر کو چیلنج کررکھا ہے یہ مقابلہ جاپان میں ہوگا۔

باکسر محمد وسیم سلور ویٹ ٹائٹل کے دفاع کے لیے پرعزم

سپانسر شپ نہ ملی تو ٹائٹل چھن جائے گا: محمد وسیم

محمد وسیم نے بی بی سی اردو کو دیے گئے انٹرویو میں بلوچستان کی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب انہوں نے عالمی ٹائٹل جیتا تھا تو وزیراعلی بلوچستان نے ان کے لیے گھر اور دیگر انعامات کا پریس کانفرنس میں اعلان کیا تھا لیکن وزیراعلی کی طرف سے انہیں پانچ لاکھ روپے کا چیک تھمادیا گیا جبکہ پانچ لاکھ روپے صوبائی وزیرکھیل کی طرف سے دیے گئے۔

محمد وسیم نے کہا کہ جب وعدے پورے ہی نہیں کرنے تو پھر انہیں بلایا کیوں جاتا ہے۔ صرف جھوٹے اعلانات اور فوٹو سیشن کے لیے یہ سب کیا جاتا ہے۔

محمد وسیم

محمد وسیم نے کہا کہ بلوچستان کی حکومت کے برعکس وفاقی حکومت نے ان سے کیا گیا وعدہ پورا کیا اوران کے لیے اعلان کردہ دو کروڑ روپے سے زائد کی رقم ان کے پروموٹر کے حوالے کی اس کے علاوہ پاکستان آرمی نے ہمیشہ ان کی مدد اور حوصلہ افزائی کی ہے۔

محمد وسیم نے کہا کہ وہ اپنے لیے پیسے نہیں مانگتے بلکہ وہ چاہتے ہیں کہ انہیں کوئی اسپانسر کرے تاکہ وہ اپنی پروفیشنل فائٹس کے اخراجات پورے کرسکیں۔ انہیں ٹائٹل فائٹ جیتنے پر ایک ہزار ڈالرز سے ایک روپے بھی زیادہ کی رقم نہیں ملی۔

اسپانسر نہ ہونے کے سبب انہیں بین الاقوامی باکسنگ جاری رکھنامشکل ہوگیا ہے ۔

محمد وسیم نے کہا کہ بلوچستان میں کھیل اور تعلیم کی حالت بہت بری ہے جسے دیکھ کر انہیں بہت دکھ ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ باکسنگ وہ کھیل ہے جس میں پاکستان نے سب سے زیادہ تمغے جیتے ہیں لیکن یہاں باکسرز کی کوئی پذیرائی اور سرپرستی نہیں ہے یہی وجہ ہے کہ اولمپکس میں تمغہ جیتنے والے حسین شاہ بھی ملک چھوڑنے پر مجبور ہوگئے۔حسین شاہ کی طرح کئی دوسرے انٹرنیشنل باکسرز بھی بہتر مستقبل کی تلاش میں ملک سے باہر جانے پر مجبور ہوئے کیونکہ اگر وہ ایسا نہ کرتے تو آج وہ یہاں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہوتے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32289 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp