سپریم کورٹ: آئی ایس آئی اور آئی بی دھرنے کے معاملے میں سنجیدگی دکھائیں


اسلام آباد میں احتجاج

لبیک یا رسول اللہ کو فیض آباد میں دھرنا دیے ہوئے 8 روز ہو گئے

پاکستان کی عدالت عظمیٰ نے فیض آباد دھرنے سے متعلق نوٹس کی سماعت کے دوران کہا ہے کہ سب سے اہم سوال یہ ہے کہ دھرنے والوں کے پیچھے کون ہے؟ انھیں کون لے کر آیا اور اس کا فائدہ کس کو مل رہا ہے؟

نامہ نگار شہزاد ملک کے مطابق جسٹس مشیر عالم کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے فیض آباد میں دھرنا دینے والے افراد کے بارے میں خفیہ اداروں، انٹر سروسز انٹیلیجنس ( آئی ایس آئی) اور انٹیلیجنس بیورو یعنی آئی بی کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اس معاملے میں کچھ تو سنجیدگی دکھائیں اور یہ کہ ’اس سے اچھی رپورٹ تو میڈیا تیار کر سکتا ہے‘۔

جمعرات کو یہ رپورٹ لے کر وزارت دفاع اور آئی بی کے حکام عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیے

بالآخر فوج نے دھرنے پر خاموشی توڑ دی

دھرنا ہٹانے کے لیے فوج کی مدد طلب کرنے کی تجویز

دھرنا: مذہبی جماعتوں کا عدالتی حکم ماننے سے انکار

اس دو رکنی بینچ میں موجود جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کا کہنا تھا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ سب کچھ شرارت کے لیے کیا جا رہا ہے تاکہ مظاہرین پر گولیاں برسائی جائیں اور ملک میں امن وامان کے حالات خراب کیے جائیں۔

سپریم کورٹ نے وزارت دفاع کے حکام کو کہا کہ وہ ان سوالات کو سامنے رکھتے ہوئے رپورٹ دیں کہ دھرنے والوں کے پیچھے کون ہے؟ انھیں کون لے کر آیا اور اس کا فائدہ کس کو مل رہا ہے؟

عدالت کا کہنا تھا کہ چند سو افراد نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں کے لوگوں کا جینا مشکل کر رکھا ہے۔

جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ’اگر کوئی سکون میں ہے تو وہ لوگ جو گذشتہ دو ہفتوں سے دھرنا دیے بیٹھے ہیں‘۔

اُنھوں نے کہا کہ فیض آباد کے قریبی علاقوں میں فرد واحد کی رٹ قائم ہے جبکہ وہاں پر ریاست کی عمل داری نظر نہیں آرہی۔

خادم حسین رضوی

خادم حسین رضوی کو آج بھی پنجاب حکومت نے فورتھ شیڈول میں رکھا ہوا ہے

عدالت کا کہنا تھا کہ جس جگہ پر مظاہرین دھرنا دیے ہوئے ہیں وہاں سے کچھ فاصلے پر حساس تنصیبات بھی ہیں۔ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے وزارت دفاع کے حکام سے استفسار کیا کہ فوج کا ہیڈ کوراٹر بھی کچھ فاصلے پر واقع ہے لیکن اُنھیں اُٹھانے کے لیے اقدامات کیوں نہیں کیے جارہے۔

عدالت نے وزارت دفاع کے حکام سے کہا کہ جو رپورٹ میں کہا گیا ہے وہ پہلے ہی میڈیا میں چھپ چکا ہے۔ بینچ کے سربراہ جسٹس مشیر عالم نے وزارت دفاع کے حکام سے استفسار کیا کہ کیا اُنھیں معلوم نہیں تھا کہ یہ لوگ کون ہیں اور کہاں سے آئے ہیں؟

عدالت نے آئندہ سماعت کو حساس اداروں کے افسران کو پیش ہونے اور جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

اسلام آباد

بینچ میں موجود جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیتے ہوئے حیرانی کا اظہار کیا کہ دھرنا دینے والی جماعت لبیک یا رسول اللہ نے انتخابات میں حصہ لیا اور یہ جماعت اسی نام سے کیسے رجسٹر ہو گئی۔

عدالت نے اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا حکومت نے دھرنا دینے والے افراد کے بینک اکاونٹس بند کیے ہیں اور کیا ان کی سپلائی لائن کو کاٹا گیا ہے؟ جس پر اٹارنی جنرل کا کہنا تھا کہ بینک اکاونٹس کے بارے میں تفصیلات اکھٹی کی جارہی ہیں۔

اسلام آباد کے ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مظاہرین کے خلاف 18 مقدمات درج کیے گئے ہیں جبکہ 169 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32287 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp