فلم “ورنہ” کیوں بنائی؟ شعیب منصور کی وضاحت


ریپ کا شکار بننے والی ایک عورت کی کہانی پر مبنی فلم ’’ورنہ‘‘کی نمائش سینما گھروں میں جاری ہے اس فلم کے ڈائریکٹر و پروڈیوسر شعیب منصور نے ایک غیرملکی ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ فلم ’’ سارا ‘‘نامی ایک عورت کے بارے میں ہے جو اپنے شوہر کیساتھ کسی مقام پر گھومنے جاتی ہے جہاں کچھ افراد اسے اغوا کر لیتے ہیں اور زیادتی کا نشانہ بناتے ہیں،یہ ایک ایسا واقعہ ہے جس نے میرے اس خیال کو مزید تقویت دی کہ میں پاکستان میں طاقت کے کھیل کے موضوع پر فلم بناؤں۔ کراچی میں 2012 میں ایک بڑے جاگیردار کے بیٹے شاہ رخ جتوئی نے ایک لڑکے شاہ زیب کا اس لئے قتل کر دیا تھا کیونکہ اس نے اپنی بہن کو چھیڑنے پر مزاحمت کی تھی ظاہری طور پر میری فلم کی کہانی اور ا س کہانی میں کچھ بھی مشترک نہیں ہے لیکن اس واقعہ کی وجہ سے میں اس فلم میں یہ دکھا سکا کہ پاکستان میں عام لوگوں کیخلاف کس طرح طاقت کا ناجائز استعمال کیا جاتا ہے ۔شاہ زیب کے قتل نے ہی مجھے ورنہ بنانے پرمجبور کیا ۔ انہوں نے کہا میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانی اور بھارتی فلم انڈسٹری کو بھی مختلف اقسام کو ایک ہی فلم میں سمونے کی عادت کو چھوڑنا ہوگا۔ مغرب میں ایک فلم ایک ہی انداز اور ایک قسم کی بنائی جاتی ہے لیکن برصغیر میں لوگوں کو ایک ہی فلم میں کامیڈی، ایکشن اور محبت سب کچھ دیکھنے کی عادت ہو گئی ہے اب اسے تبدیل کرنے کی ضرورت ہے میں بھی یہی کرنے کی کوشش کرر ہا ہوں ۔

بشکریہ دنیا نیوز


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).