انجلینا سے شادی حماقت تھی


نامورہالی ووڈ اداکار بریڈ پٹ کا کہنا ہے کہ انجیلینا جولی کے لیے سابقہ اہلیہ جینیفر آنسٹن کو چھوڑنا ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی۔

ایک وقت تھا جب اداکار بریڈ پٹ اور انجیلینا جولی کا شمار ہالی ووڈ کی مشہور جوڑیوں میں ہوتا تھا، دونوں اپنے بچوں کے ساتھ ایک خوشگوار زندگی گزاررہے تھے اور دنیا بھر میں موجود ان کے کروڑوں مداح اپنے پسندیدہ اداکاروں کو ایک ساتھ دیکھ کر بہت خوش تھے پھر اچانک ان خوشیوں کو اس وقت نظر لگ گئی جب انجلینا جولی نے بریڈ پٹ سے علیحدگی کااعلان کیا اور موقف اختیار کیا کہ بریڈ پٹ کا رویہ ان کے بچوں کے ساتھ نہایت نازیبا ہے وہ نہ صرف بچوں پر چلاتے ہیں بلکہ ان کے ساتھ مارپیٹ بھی کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ وہ ان سے علیحدگی اختیار کررہی ہیں۔

یہ خبر بریڈ پٹ کے ساتھ دونوں اداکاروں کے مداحوں پر بھی بجلی بن کر گری تاہم جولی کافیصلہ ا ٹل تھا۔ بریڈ پٹ نے جولی کے اس فیصلے کو بدلنے کے لیے کئی بار ان سے معافی مانگی اور کہا کہ وہ دوبارہ ایسا کچھ نہیں کریں گے جس سے جولی اور ان کے بچوں کو تکلیف پہنچے تاہم جولی نے واپس بریڈ پٹ کی زندگی میں آنے سے منع کردیا۔ جولی سے علیحدگی کے بعد بریڈ پٹ کو اپنی سابقہ اہلیہ جینیفر آنسٹن کی یاد پھر سے ستانے لگی۔

بریڈپٹ کے دوستوں کے مطابق بریڈ پٹ کو جینیفر سے علیحدگی کے 12 سال بعد احساس ہوگیا ہے کہ وہ اپنی سابقہ بیوی سے کتنی محبت کرتے ہیں اورانجلینا جولی کے لیے جینیفر سے علیحدگی ان کی زندگی کی سب سے بڑی غلطی تھی، جس کا واضح مطلب یہ ہوا کہ بریڈ پٹ انجلینا جولی سے شادی کو زندگی کی سب سے بڑی غلطی قرار دے رہے ہیں تاہم انہیں اپنی غلطی کا احساس کافی دیرسے ہوا ہے کیونکہ  جینیفردوسال قبل ہالی ووڈ اداکار جسٹن تھروکس کے ساتھ شادی کرکے زندگی میں آگے بڑھ چکی ہیں۔

واضح رہے کہ انجلینا جولی سے قبل ہالی ووڈ اداکارہ جینیفرآنسٹن اور بریڈ پٹ رشتہ ازدواج میں منسلک تھے اور یہ رشتہ 5 سال تک برقرار رہا تاہم 2005 میں فلم’مسٹر اینڈ مسز جان اسمتھ‘ کی شوٹنگ کے دوران بریڈ پٹ اورانجلینا جولی ایک دوسرے کے کافی قریب آگئے اور بریڈ پٹ جینیفرکو طلاق دینے کے بعد جولی کے ساتھ رہنے لگے بعد ازاں دونوں 2014 میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے تاہم یہ شادی صرف 2 سال ہی قائم رہ سکی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).