ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے اشتعال انگیز ویڈیوز ری ٹویٹ


ڈونلڈ ٹرمپ

ٹرمپ نے کئی اسلامی ملکوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے امریکہ میں داخلے پر پابندی لگا دی تھی

انتہائی دائیں بازو کی ایک برطانوی تنظیم کی طرف سے مسلمانوں کے بارے میں جاری کردہ تین اشتعال انگیز ویڈیوز کو امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے ری ٹویٹ کیا گیا ہے۔

ان ویڈیوز میں مبینہ طور پر مسلمان افراد کو تشدد کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔

پہلی ٹویٹ ‘بریٹن فرسٹ’ یا برطانیہ پہلے نامی گروہ کے نائب رہنما جیڈا فرینسن کی طرف سے ٹویٹ کیا گیا تھا۔ اس ویڈیو میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس میں ایک مسلمان تارک وطن کو بیساکھیوں کے سہارے چلنے والے ایک شخص پر حملہ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

اس کے بعد فرینسن نے مزید دو ویڈیوز جاری کئیں جن میں دکھائے گئے افراد کے بارے میں بھی دعویٰ کیا گیا کہ وہ مسلمان ہیں۔

برٹن فرسٹ کو انتہائی دائیں بازو کی جماعت برٹش نیشنل پارٹی کے ایک سابق رکن نے سنہ 2011 میں بنایا تھا۔

اس گروپ نے مسلمانوں کے خلاف سوشل میڈیا پر پیغامات سے بہت جلد لوگوں کی توجہ اپنی طرف مبذول کرا لی۔ ان کے خیال میں برطانیہ کو ’اسلامی‘ بنایا جا رہا ہے۔

اس گروپ نے عام انتخابات میں امیگریشن اور اسقاط حمل کے خلاف پالیسی کی بنیاد پر اپنے امیدوار کھڑے کیے تھے لیکن اب تک اس کا ایک بھی امیدوار برطانوی دارالعوام کا رکن منتخب ہونے میں کامیاب نہیں ہو سکا۔

فرینسن کے ٹوئٹر پر باون ہزار سے زیادہ فالورز ہیں۔

انھوں نے صدر ٹرمپ کی طرف سے ان ویڈیو کو ری ٹویٹ کیے جانے پر مسرت کا اظہار کیا۔

انھوں نے اپنے ایک اور پیغام میں لکھا کہ صدر ٹرمپ نے ان کی ویڈیوز کو شیئر کیا ہے جن کی ٹویٹ کو چار کروڑ چالیس لاکھ افراد دیکھتے اور پڑھتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ‘خدا کی ٹرمپ پر رحمت ہو اور امریکہ پر بھی‘۔

اصل میں یہ ویڈیوز ایک امریکی تجزیہ کار این کولٹر نے ٹوئٹر پر شیئر کی تھیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ انھیں ٹوئٹر پر فالو کرتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32502 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp