محمد سمیع اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش


فاسٹ بالرمحمد سمیع جمعہ کے روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ کے سامنے پیش ہوئے ۔دوسری جانب سپاٹ فکسنگ سکینڈل میں مبینہ طور پر ملوث بیٹسمین ناصر جمشید کے بارے میں فیصلہ پیر کے روز سنایا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے جنرل منیجر لیگل ، سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن یونٹ نے محمد سمیع کو طلب کیا تھا جنھوں نے کیے گئے سوالات کے جوابات دینے کے علاوہ کچھ معلومات بھی فراہم کیں۔

سلمان نصیر نے محمد سمیع کی طلبی کی خاص وجہ بتانے سے گریز کرتے ہوئے اسے اینٹی کرپشن یونٹ کی معمول کی کارروائی قرار دیا اور کہا کہ اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ کرنل ( ریٹائرڈ ) اعظم اس بات کا جائزہ لے رہے ہیں کہ محمد سمیع کی فراہم کردہ معلومات کی روشنی میں مزید تحقیقات کی ضرورت ہے یا نہیں ؟

یہ بھی پڑھیے

پاکستان سپر لیگ سکینڈل، ناصر جمشید بھی معطل

سپاٹ فکسنگ: ’فیصلہ آنے تک کھیلنے کی اجازت دی جائے‘

اینٹی کرپشن کوڈ کی خلاف ورزی پر نواز ایک ماہ کے لیے معطل

بتایا جاتا ہے کہ محمد سمیع کی طلبی کا تعلق پاکستان سپر لیگ سے ہے جس میں وہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرتے ہیں۔ اسی ٹیم کے دو کھلاڑیوں شرجیل خان اور خالد لطیف پر سپاٹ فکسنگ اسکینڈل میں ملوث ہونے پر پانچ سال کےلیے پابندی عائد ہوچکی ہے جبکہ تیسرے کھلاڑی فاسٹ بالر محمد عرفان کو بھی ایک سال کے لیے معطل کیا گیا تھا۔

دوسری جانب کرکٹر ناصر جمشید کے بارے میں پاکستان کرکٹ بورڈ کا ٹریبونل پیر کے روز فیصلہ سنائے گا۔

ناصر جمشید

پاکستان کرکٹ بورڈ کے قانونی مشیرتفضل رضوی نے بی بی سی کو بتایا کہ ناصرجمشید پر فی الحال ٹریبونل سے عدم تعاون کی شق عائد ہے کیونکہ انھیں جتنے بھی نوٹسز جاری کیے گئے وہ ٹریبونل کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔ ان سے کہا گیا تھا کہ وہ لاہور آئیں لیکن وہ نہیں آئے جس کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انھیں یہ پیشکش بھی کی تھی کہ ان کا انٹرویو لندن میں بھی کیا جاسکتا ہے تاہم انھوں نے اس کا بھی کوئی جواب نہیں دیا۔

تفضل رضوی کا کہنا ہے کہ ناصرجمشید کی دیگرکھلاڑیوں کے ساتھ گفتگو کا ریکارڈ دیکھ کر ظاہر ہوتا ہے کہ سپاٹ فکسنگ کے معاملے میں ان کا بھی کردار رہا ہے لہذا ٹریبونل کے پاس یہ اختیار موجود ہے کہ وہ ناصرجمشید پر مزید شقیں بھی عائد کرے۔

دریں اثنا فاسٹ بولر محمد عرفان پیر کے روز شاہ زیب حسن کیس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے گواہ کے طور پر پیش ہونگے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32299 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp