کوئٹہ: چرچ پر دہشت گردوں کا حملہ، 5 افراد جاں بحق


کوئٹہ میں زرغون روڈ پر چرچ پر دہشت گرد حملے اور فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عینی شاہدین کے مطابق چرچ کے قریب زور دار دھماکا ہوا جس کے بعد چرچ کے قریب واقع عمارت میں دو دہشت گرد فائرنگ کرتے ہوئے داخل ہوئے۔

وزیر داخلہ بلوچستان سرفراز بگٹی نے حملے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرغون روڈ پر چرچ پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔

وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نےجیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ چرچ پر حملہ کرنے والے دو خودکش حملہ آوروں سے سے ایک نے خود کو اڑایا اور دوسرا مارا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ایک دہشت گرد مرکزی دروازے پر اور دوسرا دہشت گرد چرچ کے احاطے میں مارا گیا۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لےلیا جبکہ متعدد ایمبولینسیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔

ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت چرچ میں دعائیہ تقریب جاری تھی۔ مرد، خواتین اور بچوں کو چرچ سے باہر نکال لیا گیا۔

آئی جی بلوچستان معظم انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک حملہ آور نے چرچ کے دروازے پر خود کو اڑایا۔

آئی جی بلوچستان کا کہنا تھا کہ حملے کے وقت چرچ میں 400 افراد موجود تھے اگر دہشت گرد عمارت میں داخل ہوجاتے تو بہت زیادہ جانی نقصان ہوتا۔

معظم انصاری نے بتایا کہ چرچ کی عمارت کو کلیئر کردیا گیا ہے جبکہ اطراف کے علاقوں میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔ حملے کے بعد ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بھی چرچ کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دہشت گرد مارے گئے۔

دھماکے کے بعد کوئٹہ اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی جبکہ قانون نافذکرنے والے اہلکاروں نے زرغون روڈ کو ٹریفک کی آمد و رفت کے لئے بند کردیا اور چرچ میں موجود افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).