امریکا میں مسلم طالبہ پر بدترین تشدد


فلوریڈا: امریکا میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے کا ایک اور واقعہ سامنے آگیا، ریاست فلوریڈا میں 14 سالہ مسلم طالبہ کو اس کی ہم جماعت لڑکیوں نے تعصب کا مظاہرہ کرتے ہوئے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیو دنیا بھر میں وائرل ہوگئی۔

امریکی ریاست فلوریڈا میں واقع ویسٹ بوکا ہائی اسکول کی نویں جماعت کی طالبہ منال پر اس کے اسکول کی ہم جماعت طالبات کے گروہ نے بدترین تشدد کیا۔ لڑکی کے والد شکیل منشی کو واقعے کی ویڈیو مل گئی جو انہوں نے سوشل میڈیا پراپ لوڈ کردی اور بتایا کہ ان کی بیٹی کے ساتھ ظلم ہوا ہے، بعد ازاں دنیا بھر میں یہ فوٹیج وائرل ہوگئی اور لوگوں نے تشدد کرنے والی لڑکیوں کی ہر سطح پر مذمت کرتے ہوئے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

شکیل منشی کے مطابق دو طالبات ان کی بیٹی کو مسلمان ہونے پر ہراساں کرتی آرہی تھیں اور اسے دہشت گرد بھی کہتی تھیں، 21 دسمبرکو ان کی بیٹی نے ان طالبات سے بات چیت کرنے کی کوشش کی لیکن جواب میں لڑکیوں کے ایک گروہ نے منال پرحملہ کردیا اور اسے بری طرح مارا پیٹا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ لڑکیاں منال کومار رہی ہیں، گھسیٹ رہی ہیں اور ساتھ ساتھ سخت الفاظ بھی کہہ رہی ہیں اس دوران باقی طلبہ بڑی بے حسی کے ساتھ اس واقعے کی ویڈیو بناتے رہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقا ت کررہی ہے تاہم پولیس واقعے کو حملے کی بجائے محض ایک ذاتی لڑائی کے طور پر دیکھ رہی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).