2017ء بالی وُڈ کے لیے برا سال


Kangna

بالی وُڈ کے لیے 2017ء کا سال کچھ اچھا نہیں رہا۔ بڑے بجٹ کی وہ فلمیں جن سے کمائی کی بہت اُمیدیں تھیں، ان میں سے اکثر ناکام ٹھیریں۔ ذیل میں 2017ء میں ریلیز ہونے والی چند فلموں کا مختصر احوال بیان کیا جاتا ہے۔

رنگون

24 فروری 2017ء کو ریلیز ہونے والی وشال بھردواج کی فلم ”رنگون“ ڈیڈ فلاپ رہی۔ ساٹھ کروڑ کی لاگت سے بننے والی اس فلم نے بیس کروڑ سے کچھ اوپر کا بزنس کیا۔ فلم کی کاسٹ میں کنگنا رناوٹ، سیف علی خان، اور اکشے کھنا نمایاں تھے۔ ناقدین کی رائے میں اس کا اسکرپٹ کم زور تھا۔

رابطہ

8 جون 2017ء کو ریلیز ہونے والی فلم ”رابطہ“ پچاس کروڑ کی لاگت سے بنائی گئی تھی اور اس نے پچیس کروڑ سے کچھ اوپر کا بزنس کیا۔ فلم میں دیپیکا پڈیکون کی اسپیشل اپیئرینس بھی کچھ کام نہ آئی۔

بیگم جان

یوں تو ودیا بالن کا کون مداح نہیں، لیکن 14 اپریل 2017ء میں ریلیز ہونے والی ان کی فلم ”بیگم جان“ بھی ناکام فلموں کی فہرست میں شمار کی گئی۔ جب کہ جس بنگالی فلم ”راج کہینی“ کا یہ ہندی ورژن تھا، اس فلم نے زبردست بزنس کیا تھا۔ ”بیگم جان“ نے صرف اکیس کروڑ کے قریب بزنس کیا۔

جگا جاسوس

انوراگ باسو بالی وُڈ کے ذہین ہدایت کاروں میں سے ایک ہیں۔ کترینہ کیف اور رنبیر کپور کو لے کر ایک سو تیس کروڑ کے بجٹ کی فلم ”جگا جاسوس“ بنائی، جس نے محض چون کروڑ کا بزنس کیا۔ یہ فلم 7 اپریل 2017ء میں ریلیز ہوئی۔

ٹیوب لائٹ

سلمان خان کی ہوم پروڈکشن ”ٹیوب لائٹ“ سے جتنی امیدیں تھیں، وہ سب کی سب دھری رہ گئیں۔ ایک سو پینتیس کروڑ بجٹ کی یہ فلم ایک سو انیس کروڑ سمیٹ پائی۔ اس سے پہلے سلمان خان کی ہوم پروڈکشن نے لگاتار پانچ فلمیں ایسی دی تھیں، جو سوپر ڈوپر ہٹ رہیں۔ ”ٹیوب لائٹ“ سے بھی ایسی ہی توقعات تھیں جو پوری نہ ہوسکیں۔ یہ فلم عید الفطر پہ ریلیز ہوئی تھی۔

جب ہیری میٹ سجل

امتیاز علی خان کی ہدایات میں بننے والی فلم ”جب ہیری میٹ سجل“ شاہ رُخ خان اور انوشکا کو لے کر بنائی گئی۔ فلم امتیاز علی کے اسی روایتی انداز میں تھی کہ پوری فلم ایک سفر کے مانند دکھائی دے۔ اس بار ناظرین نے اس انداز کو ناپسند کیا۔ فلم ریلیز کے دوسرے دن ہی فلاپ قرار دے دی گئی۔ ایک سو پندرہ کروڑ کی لاگت سے بننے والی یہ فلم چونسٹھ کروڑ ہی واپس لاسکی۔

بھومی

سنجے دت کی اس فلم سے واپسی ہوئی لیکن ناظرین نے فلم ”بھومی“ کو رد کردیا۔ تیس کروڑ کے بجٹ والی یہ فلم صرف دس کروڑ کا بزنس کرپائی۔

سمرن

یہ سال کنگنا کے لیے بھی کچھ اچھا نہ رہا۔ ”کوئن“ اور ”تنو ویڈز منو“ جیسی فلموں سے اپنا لوہا منوانے والی کنگنا رناوٹ کی اس سال کی دوسری فلم تھی جو فلاپ ہوگئی۔ اس فلم کا نام ہے ”سمرن“۔ ساتھی اداکار ہرتیک روشن اور فلم کی خوب پبلسٹی کچھ کام نہ آئی۔

شیف

سیف علی خان کا اسکور بھی کنگنا کی طرح کا رہا۔ ان کی اس سال کی پہلی فلم ”رنگون“ کے بعد دوسری فلم ”شیف“ بھی بری طرح ناکام رہی۔ ”شیف“ نے سوا چھہ کروڑ کے قریب بزنس کیا۔

حسینہ پارکر

شاردھا کپور اس سال کی بدقست اداکاراوں میں رہیں۔ ”حسینہ پارکر“ داود ابراہیم کی بہن حسین کی زندگی پر بنائی گئی تھی، لیکن فلم بینوں کو اس فلم میں کوئی دل کشی نہ دکھائی دی۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).