’انڈیا اور پاکستان کے مابین کرکٹ سیریز کا کوئی امکان نہیں‘


کرکٹر

پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ میچ اکثر سیاست کی نظر ہوجاتا ہے

انڈیا کی حکومت نے پاکستان کے ساتھ کرکٹ روابط کی بحالی کا امکان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سرحد پار فائرنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات کی وجہ سے دونوں ممالک کے درمیان کرکٹ سیریز کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔

انڈین ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ بات وزیرِ خارجہ سشما سوراج نے ایک مشاورتی اجلاس میں کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ سرحدی کشیدگی کی وجہ سے دونوں ممالک میں ’کرکٹ ڈپلومیسی‘ کے لیے حالات سازگار نہیں۔

یہ بھی پڑھیے

’کیا پاک بھارت کرکٹ نہ ہونے سے دہشت گردی ختم ہو گئی؟‘

’انڈیا نہیں کھیلنا چاہتا تو آئی سی سی کیا کرے؟‘

کیا پاکستان انڈیا کرکٹ سے امن بڑھ سکتا ہے؟

دوطرفہ سیریز کا معاملہ، پی سی بی کا آئی سی سی کو خط

دونوں ممالک میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کرکٹ سیریز کے انعقاد سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ انسانیت کے ناطے خواتین اور معمر قیدیوں کی رہائی کا خیال تو زیرِ غور ہے لیکن سرحد پر پاکستان کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی وجہ سے کرکٹ سیریز کا انعقاد ممکن نہیں۔

سشما سوراج

سشما سوراج نے واضح کیا کہ سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایسی فضا قائم نہیں ہو سکتی جس میں کھیل جیسی سرگرمیوں کا تبادلہ ہو

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف پاکستان یا انڈیا میں تو کیا کسی تیسرے مقام پر بھی بھی کرکٹ سیریز نہیں ہو سکتی۔

سشما سوراج کا یہ بھی کہنا تھا کہ گذشتہ ایک سال کے دوران پاکستان کی جانب سے سرحد پر فائرنگ کے 800 سے زیادہ واقعات ریکارڈ کیے گئے ہیں۔

انھوں نے واضح کیا کہ سرحد پر بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران ایسی فضا قائم نہیں ہو سکتی ہے، جس میں کھیل جیسی سرگرمیوں کا تبادلہ ہو۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ انڈین حکومت نے اپنی ٹیم کو پاکستان کے خلاف کھیلنے کی اجازت دینے سے منع کیا ہو۔

کرکٹ

عام رائے یہی ہے کہ دونوں ملکوں کے عوام بھی ان ٹیموں کو کھیلتے دیکھنا چاہتے ہیں

گذشتہ برس مارچ میں بھی بورڈ آف کرکٹ کنٹرول انڈیا نے ایک خط کے ذریعے حکومت سے پاکستان کے خلاف سیریز کھیلنے کی اجازت مانگی تھی تاہم انڈین وزارتِ داخلہ نے قومی کرکٹ ٹیم کو پاکستان کے خلاف دبئی میں کرکٹ سیریز کھیلنے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا تھا۔

یاد رہے کہ انڈیا کی جانب سے یہ بیان ایک ایسے وقت پر آیا ہے جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاری کیے گئے نئے فیوچر ٹور پروگرام کلینڈر میں انڈیا اور پاکستان کے مابین کوئی کرکٹ سیریز شیڈول نہیں ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی پالیسی ہے کہ پاکستان انڈیا کے ساتھ انڈیا میں اس وقت تک نہیں کھیل سکتا جب تک انڈیا 2014 کی مفاہمت کی یادداشت کے تحت پاکستان میں یا کسی تیسرے ملک میں نہیں کھیل لیتا اور اس بات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp