ایک فلم کے لیے ناک نہیں کٹوا سکتی؛ ودیا بالن


 ودیا بالن نے انڈین ایکسپریس سے خصوصی بات چیت کے دوران انکشاف کیا کہ انہیں فلمی کیریئر کے آغاز میں دیگر اداکاروں کی طرح کئی بار نظر انداز کیا گیا، جب کہ ایک بار انہیں اپنے ناک کی سرجری کروانے کا مشورہ دیا گیا۔

انڈین ایکسپریس کے ٹاک شو ’ایکسپریسو‘ میں خاتون میزبان پریانکا سنہا جھا سے بات کرتے ہوئے ودیا بالن نے اپنی ذاتی زندگی اور فلمی کیریئر سے متعلق کھل کر بات کی۔

انہوں نے کہا کہ فلمی کیریئر کے آغاز میں جب ان کی فلمیں فلاپ ہوئی تو وہ بہت مایوس ہوئیں، یہاں تک کہ وہ رو پڑیں، لیکن بعد ازاں اہل خانہ کے سمجھانے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ شروعات میں تو امیتابھ بچن اور مادھوری ڈکشٹ جیسی اداکاراؤں کی فلمیں بھی فلاپ ہوئیں۔

اپنے فلمی کیریئر کے ابتدائی دنوں کو یاد کرتے ہوئے ودیا بالن نے بتایا کہ جب انہیں فلم ’پرینیتا‘ میں کام کرنے کا موقع ملا تو انہیں ناک کی سرجری کروانے کے لیے کہا گیا۔

ودیا بالن کے مطابق انہیں اپنے متعلق یہ بات سن کر حیرانی ہوئی، اور وہ کافی دیر تک خاموش رہیں، لیکن بعد میں انہوں نے فلم ڈائریکٹر پردیپ سرکار کو کہا کہ ’وہ اداکارہ بننے کے لیے اپنی ناک نہیں کٹوا سکتیں‘۔

خیال رہے کہ ودیا بالن کی فلم ’پرینیتا‘ 2005 میں ریلیز ہوئی، جس میں انہوں نے مرکزی اداکارہ کا کردار ادا کیا، ان کے ساتھ سیف علی خان رومانس کرتے نظر آئے۔

ودیا بالن نے اس فلم میں ایسی لڑکی کا کردار ادا کیا، جو اپنے چچا کے گھر میں رہتی ہیں، اور انہیں اپنے پڑوسی سیف علی خان سے محبت ہوجاتی ہے۔

پہلی بار ودیا بالن کو ’پرینیتا‘ میں شاندار اداکاری دکھانے پر سراہا گیا، انہیں اسی فلم سے ہی شہرت ملی۔

ودیا بالن کی مشہور ترین فلموں میں ’پرینیتا، بھول بھلیاں، پا، عشقیہ، نو ون کلڈ جسیکا، دی ڈرٹی پکچر، کہانی، لگے رہو منا بھائی، بے بی، تمہاری سلو اور ادھوری کہانی شامل ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).