’اسٹیشلبمنٹ سے لڑنے چلے ہو، پروٹوکول میں گاڑیاں ساری حکومت کی استعمال کرتے ہو‘


آصف زرداری

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کو متنبہ کیا ہے کہ وہ انھیں دھمکی آمیز پیغامات نہ بھیجیں کیونکہ وہ انھیں نہ ڈرا سکتے ہیں اور نہ ہی بھگا سکتے ہیں۔

سندھ کے شہر میرپورخاص میں جمعہ کے روز پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی یوم پیدائش کے حوالے سے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے میاں نواز شریف سے مخاطب ہوکر کہا کہ وزیر اعظم، وزیر داخلہ اور وزیر خارجہ سب آپ کے اور تمام ادارے بھی آپ کے ماتحت ہیں پھر کس چیز کی راز داری ہے۔

’ہمیں مت بھیجیں ایسے پیغام جس سے آپ سمجھیں کہ ہم ڈر جائیں گے نہ آپ ہمیں ڈرا سکتے ہیں اور نہ بھگا سکتے ہیں۔آپ خود ڈرسکتے ہیں اور لکھ کر دے سکتے ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی میں یہ روایت نہیں ہے۔ ہمارے لیڈر اور نہ ہی ورکر لکھ کر دیتے ہیں۔‘

’ماڈل ٹاؤن انکوائری کا پتہ ہاتھ لگ گیا‘

سیاست میں امی ابو وغیرہ کا کردار

نامہ نگار ریاض سہیل نے بتایا کہ میرپورخاص کے اس جلسے میں عمرکوٹ اور تھرپارکر سمیت آس پاس کے اضلاع کے کارکنوں نے بھی شرکت کی۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا اور اور ٹی وی کی وجہ سے اب کوئی بات چھپ نہیں سکتی، جو بھی غیر ملکی سفیر ہیں وہ سب یہ باتیں نوٹ کر رہے ہیں۔

’آپ اپنی اسٹیشلبمنٹ سے لڑنے چلے ہو۔ آپ اپنی حکومت کے خلاف جلوس نکالنے چلے ہو جبکہ پروٹوکول میں گاڑیاں ساری حکومت کی استعمال کرتے ہو۔‘

پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اپنی تقریر میں میثاق جمہوریت کا بھی حوالہ دیا۔ انھوں نے میاں نواز شریف کو مخاطب ہوکر کہا کہ بینظیر بھٹو نے آپ کے ساتھ جو معاہدہ کیا تھا اس میں ٹرتھ ایڈ ری کنسیلیشن کمیشن کا قیام بھی تھا۔

’سچ بتائیں آپ نے جنرل ضیاالحق کے دور حکومت سے کیا کیا نہیں کیا۔ ہم بھی بتائیں گے کہ آپ نے کیا کیا۔ ہم نہیں کہتے کہ ہم آپ کو پھانسی لگا دیں گے لیکن ہم کہتے ہیں کہ عوام کی تاریخ میں یہ بات بتائی تو جائے۔‘

آصف علی زرداری نے میاں نواز شریف کی گزشتہ پریس کانفرس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ کہتے ہیں میں پیچھے کے راز بتا دوں گا بھائی پیچھے کے راز تو ہمیں بھی پتہ ہیں۔

’آپ خود راز ہو۔ جو ایک یونین کونسل کا الیکشن نہیں جیت سکتا ہے اس نے ایک لاکھ ووٹ لے لیے اس کا راز آپ بتاؤ۔ آپ نے جب انتخابات کی ٹکٹیں دیں تو لوگوں نے کہا کہ ہم جیت نہیں سکتے تو آپ نے کہا کہ ہم جیتاوائیں گے۔ اس طرح آدمی حکومتیں بنا تو لیتا ہے لیکن چلا نہیں سکتا۔‘


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32288 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp