کیپ ٹاؤن: ’انڈین کرکٹرز دو منٹ سے زیادہ نہ نہائیں‘


شاور

جنوبی افریقہ کے دورے پر آئی انڈین کرکٹ ٹیم سے کہا گیا ہے کہ کیپ ٹاؤن میں پانی کی شدید قلت کے باعث وہ دو منٹ سے زیادہ نہ نہائیں۔

اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق پانی سے متعلق یہ نئی پابندی یکم جنوری کو نافذ کی گئی تھی جبکہ انڈیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ جمعے کو شروع ہوا ہے۔

کیپ ٹاؤن میں جمعے کو شام کے وقت درجۂ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ تھا اور انڈین کرکٹرز جب ہوٹل پہنچے تو انھیں باضابطہ طور پر پانی کی قلت سے متعلق یہ درخواست کئی پیغامات کے ساتھ ملی۔

وراٹ کوہلی آئی پی ایل کے مہنگے ترین کھلاڑی

انڈین ایکسپریس کے مطابق مہمان ٹیم انڈیا کے ایسے علاقوں سے تعلق رکھتی ہے جہاں پانی کی کمی کا مسئلہ رہتا ہے اور وہ اس درخواست کو سمجھ سکتے ہیں لیکن نہانے سے متعلق وقت کی پابندی ان کے لیے نئی ہے۔

حالیہ پابندی کے بعد کیپ ٹاون کے رہائشی پانی کی مخصوص مقدار استعمال کرنے کے پابند ہیں، یعنی 10,500 لیٹر فی گھرانہ ماہانہ یا 87 لیٹر فی شخص روزانہ۔

میئر

میئر پیٹریکا ڈی لیلی نے عندیہ دیا ہے کہ اگر زائد پانی کا استعمال نہ روکا گیا تو پانی کے استعمال کی حد مزید کم کی جا سکتی ہے

شہر میں پانی کی اتنی قلت ہے کہ شہر کی میئر پیٹریکا ڈی لیلی ‘ڈے زیرو’ کی بات کر رہی ہیں جب نلکے بالکل خشک ہو جائیں گے۔ حالیہ کھپت کو مدنظر رکھتے ہوئے اس صورت حال کی اپریل یا مئی تک پیشن گوئی کی گئی ہے۔

ریڈیو فرانس انٹرنیشنل کا کہنا ہے کہ تین سالہ خشک سالی کا مطلب ہے کہ ڈیموں میں تین چوتھائی سے بھی کم حصے میں پانی ہے۔ ‘ڈے زیرو’ سے مراد ہے جب ان میں پانی کا ذخیرہ 14 فیصد رہ جائے گا جس کے باعث عوام شہر میں 200 مقررہ جگہوں سے پانی حاصل کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔

آئی وٹنس نیوز کے مطابق پابندی کے باوجود شہری انتظامیہ کا کہنا ہے دو لاکھ سے زیادہ گھرانے 10,500 لیٹر کی حد سے زیادہ پانی استعمال کر رہے ہیں۔ اگر وہ اسی طرح قانون شکنی کرتے رہے تو ان پر 800 امریکی ڈالر کا جرمانہ ہوسکتا ہے۔

کرکم

زیرزمین پانی کی سطح کم ہونے کا مطلب ہے کہ کم نمی اور خشک پچ، جس کے انڈین کرکٹرز عادی ہیں

پیٹریکا ڈی لیلی بھی حکومتی بدانتظامی پر تنقید کا شکار ہیں اور انھوں نے عندیہ دیا ہے کہ اگر زائد پانی کا استعمال نہ روکا گیا تو پانی کے استعمال کی حد مزید کم کی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب انڈین ایکسپریس کا کہنا ہے کہ جنوبی افریقی شہریوں کی ان تمام تر مشکلات کے باوجود کچھ اچھی خبر بھی ہے۔

اخبار کے مطابق زیر زمین پانی کی سطح کم ہونے کا مطلب ہے کہ کم نمی اور خشک پچ، جس کے انڈین کرکٹرز عادی ہیں اور یہ انڈین کرکٹرز کے لیے یہ ایک خوش آئند امر ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32295 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp