کیچ: سکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملہ، پانچ اہلکار ہلاک


پنگور

بلوچستان میں اس سال کئی واقعات میں سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے ضلع کیچ میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر نامعلوم افراد کے حملے میں کم سے کم پانچ اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہو گئے ہیں۔

کیچ میں انتظامیہ کے ایک اہلکار نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ شاپک کے علاقے میں پیش آیا۔

اہلکار کے مطابق اس علاقے سے سکیورٹی فورسز کا قافلہ گزررہا تھا جس پر نامعلوم مسلح افراد نے حملہ کیا۔

اس بارے میں یہ بھی پڑھیے

’کوئٹہ میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی پر بم حملے میں 15 افراد ہلاک‘

بلوچستان: سکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکتوں میں اضافہ

واشک:عسکری قافلے پر حملہ، لیفٹیننٹ کرنل سمیت تین ہلاک

اہلکار نے بتایا کہ اس حملے میں سکیورٹی فورسز کی ایک گاڑی الٹ گئی جس کے نتیجے میں پانچ اہلکار ہلاک اور چھ زخمی ہوگئے۔

سکیورٹی فورسز پر ہونے والے اس حملے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچستان لبریشن فرنٹ نے قبول کی ہے۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے شاپک میں عسکریت پسندوں کے حملے کو بزدلانہ کارروائی قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے۔

ضلع کیچ بلوچستان کا ایران سے متصل ضلع ہے۔

اس ضلع کا شمار بلوچستان کے ان علاقوں میں ہوتا ہے جو کہ شورش سے متاثر ہیں۔

اس ضلع میں پہلے بھی سکیورٹی فورسز پر حملوں کے علاوہ بد امنی کے دیگر واقعات پیش آتے رہے ہیں۔

دوسری جانب ڈیرہ مراد جمالی کے علاقے میں ریلوے ٹریک کو دھماکہ خیز مواد سے نقصان پہنچانے کی ذمہ داری کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ ریپبلیکن آرمی نے قبول کی ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32558 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp