دسمبر کے پورے مہینے میں صرف چھ منٹ کی دھوپ


روس کے ماہرینِ موسمیات کے مطابق سنہ 2017 کا دسمبر دارالحکومت ماسکو کی تاریخ کا وہ دسمبر رہا ہے جب یہاں کم ترین دھوپ نکلی۔

روسی محکمۂ موسمیات کی ویب سائٹ کے مطابق دسمبر کے پورے ماہ کے دوران سورج ایک مرتبہ بھی دکھائی نہیں دیا۔

ماسکو کے موسمیاتی مرکز کا کہنا تھا کہ عموماً ماسکو میں ہر سال دسمبر میں درجنوں گھنٹے ایسے گزرتے ہیں جب دھوپ نکلتی ہے لیکن گذشتہ دسمبر کے دوران صرف ایک مرتبہ سورج دکھائی دیا اور وہ بھی محض چھ منٹ کے لیے۔

’روس یخ بستہ سردیوں کے لیے مشہور ہے، لیکن اس ہفتے ملک کے مشرقی علاقے یکوتیا میں درجہ حرارت منفی 60 ڈگری سینٹی گریڈ (منفی 76 فیرناہائٹ) تک گِر گیا جبکہ ماسکو میں تقریباً منفی سات ریکارڈ کیا گیا۔‘

یکوتیا کا علاقہ، جسے مملکت ساخا بھی کہا جاتا ہے، تاریخی طور پر روس کا سرد ترین علاقہ رہا ہے، لیکن محکمۂ موسمیات کے مطابق اتنا کم درجۂ حرارت اس خطے کے لیے بھی خلاف معمول ہے۔

روسی بچوں کو سردیوں میں عموماً گھروں کے اندر ہی رکھا جاتا ہے اور اگر درجۂ حرارت منفی 50 سے نیچے ہو جائے تو سکول بھی بند کر دیے جاتے ہیں۔

روس کے موسمیاتی مرکز کے سربراہ رومن وِلفاند نے ماسکو میں اس قدر شدید سردی کی وجہ بحرا اوقیانوس سے اٹھنے والی طوفانی ہوائیں بتائی ہے۔

روس میں شدید سردی

دسمبر سے شروع ہو نے والی شدید سردی کی لہر ابھی تک جاری ہے۔

حالیہ دسمبر سے پہلے ماسکو میں سرد ترین دسمبر سنہ 2000 کا تھا جب پورے ماہ کے دوران دھوپ صرف تین گھٹے کے لیے بادلوں کی دبیز تہہ کو توڑنے میں کامیاب ہوئی تھی۔

روسی حکام نے شہریوں کو شدید سردی سے بچاؤ کے لیے جو ہدایات دی ہیں، ان کے مطابق:

  • سپرٹ والی شراب مت پئیں کیونکہ جب آپ نشے میں ہوتے ہیں تو آپ کے جسم کی حرارت نکل جاتی ہے۔
  • ڈھیلے کپڑے پہنیں تاکہ جسم میں خون کی گردش ہوتی رہے۔
  • اگر گھر سے باہر ہیں اور آپ کو فراسٹ بائیٹ یا پالا مار ہو جائے تو فوراً کسی دکان یا کیفے وغیرہ میں چلیں جائیں اور جسم دوبارہ گرم ہونے کا انتظار کریں۔
  • اگر آپ کے پاؤں جم گئے ہیں تو جوتے مت اتارئیے کیونکہ اس طرح آپ کے پاؤں سوج جائیں گے اور آپ دوبارہ جوتے نہیں پہن سکیں گے۔
  • اگر آپ کے ہاتھ منجمد ہو جائیں تو ہاتھ فوراً اپنی بغلوں میں ڈال کر گرم کر لیں۔
  • اگر بچے گھر سے باہر ہیں تو انھیں ہر پندرہ بیس منٹ کے بعد اندر بلوائیے تاکہ وہ ٹھِٹھریں نہیں۔

Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32540 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp