گلگت بلتستان: عالمی اور ملکی سیاست کے شطرنج پر ایک حساس خانہ
سنہ 1990 ء میں گاؤں سے میٹرک کرنے کے بعد جب میں کالج کی تعلیم کے لیے گلگت شہر پہنچا، تو 1988 ء کے المناک فرقہ ورانہ تصادم کے گہرے اثرات اب بھی ہر سو نمایاں تھے۔ شہر کے داخلی راستوں پر ناکہ بندیاں تھیں، ہر موڑ پر چیک پوسٹیں قائم تھیں، اور کسی بھی مقام تک پہنچنے کے لیے شہریوں کو متعدد بار سخت تلاشیوں سے گزرنا پڑتا تھا۔ اس کے باوجود شہر پر ایک عجیب سا خوف اور سناٹا طاری رہتا۔ اگر کوئی شخص تیزی سے بھاگتا دکھائی دیتا، تو لوگ دہشت زدہ ہو کر اپنی دکانیں بند کر دیتے اور بازار لمحوں میں سنسان ہو جاتے۔
1988 ء کا یہ سانحہ گلگت بلتستان کی تاریخ کا ایک ایسا سیاہ باب تھا جس نے نہ صرف گلگت شہر بلکہ پورے خطے کی صدیوں پرانی سماجی ساخت کو یکسر بدل کر رکھ دیا۔ وہ معاشرہ جہاں مختلف مکاتبِ فکر کے لوگ امن و آشتی کے ساتھ رہتے آئے تھے، اچانک گہری فرقہ ورانہ تقسیم کا شکار ہو گیا۔ لوگوں کی نگاہوں میں ایک دوسرے کے لیے شک، بداعتمادی اور خوف نے جنم لیا، جس نے سماجی رشتوں کو کمزور کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کی معیشت کو بھی شدید نقصان پہنچایا۔ یہ سوال اہم ہے کہ آخر صدیوں پر محیط رفاقت اور بھائی چارہ چند برسوں میں نفرت کی دیوار میں کیوں بدل گیا؟ اس کا جواب اُس وقت کی عالمی اور پاکستانی سیاست کے وسیع تناظر میں تلاش کیا جا سکتا ہے۔
ستر اور اَسی کی دہائی میں تین بڑے واقعات رونما ہوئے جنہوں نے پورے خطے کی سمت بدل دی۔ پہلا، پاکستان میں جنرل ضیاء الحق کی فوجی حکومت کا قیام تھا، جس نے اپنے اقتدار کو طول دینے کے لیے مذہب کو سیاسی آلہ کے طور پر استعمال کیا۔ دوسرا واقعہ ایران میں اسلامی انقلاب کا برپا ہونا تھا، جس نے نہ صرف مشرقِ وسطیٰ بلکہ پاکستان کے مذہبی اور سیاسی مزاج پر بھی گہرے اثرات ڈالے۔ تیسرا واقعہ افغانستان کی سرزمین پر لڑی گئی سرد جنگ کی آخری بڑی معرکہ آرائی تھا۔
جب سوویت یونین کا اثر و رسوخ افغانستان میں بڑھا تو امریکہ اور یورپی ممالک نے سعودی عرب اور پاکستان کے اشتراک سے اسے جہاد کے نام پر منظم کیا، جس نے نہ صرف افغانستان کو ایک نہ ختم ہونے والی جنگ میں دھکیل دیا، بلکہ پاکستان میں بھی مذہبی انتہا پسندی کے دور کا آغاز کیا۔ ان واقعات نے پورے جنوبی و وسطی ایشیا کی سیاست کو ہلا کر رکھ دیا۔ گلگت بلتستان، جو اپنی جغرافیائی و اسٹریٹجک اہمیت کے باعث ایک حساس خطہ ہے، ان تبدیلیوں کے اثر سے محفوظ نہ رہ سکا۔
ستر اور اَسی کی دہائیوں کے دوران گلگت بلتستان کے نوجوان جب روزگار اور تعلیم کے سلسلے میں پاکستان کے بڑے شہروں کا رخ کرنے لگے، تو انہی شہروں میں ان پر عالمی و ملکی سیاست کے زیرِ اثر تشکیل پانے والے فرقہ ورانہ بیانیے اثرانداز ہوئے۔ افغانستان میں جہاد کے نام پر جنم لینے والی فکری تقسیم، پشاور، کوئٹہ اور کراچی سے ہوتی ہوئی جلد ہی گلگت بلتستان کی وادیوں تک جا پہنچی۔ انہی بیانیوں کی آندھی نے بالآخر اٹھاسی کے فرقہ ورانہ طوفان کی صورت اختیار کی، جس نے صدیوں پرانی ہم آہنگی کو چکناچور کر دیا اور خطے کو طویل عرصے تک کشیدگی کے بھنور میں جکڑ لیا۔ اس کی بھاری قیمت یہاں کے باسیوں نے اپنی جانوں اور امن کی صورت میں ادا کی۔
ایک اور المیہ یہ ہے کہ جب بھی گلگت بلتستان کے عوام اپنے بنیادی آئینی و سیاسی حقوق کے لیے متحد ہونے کی کوشش کرتے ہیں، کوئی نہ کوئی سانحہ ان کے اتحاد کو پارہ پارہ کر دیتا ہے۔ مثال کے طور پر 2005 ء میں جب مقامی لوگ آپس میں مل کر حقوق کی تحریک کو عروج پر لے جانے لگے، تو علامہ آغا سید ضیاء الدین رضوی جیسے با اثر رہنما کی شہادت نے عوامی جدوجہد کو برسوں کے لیے مفلوج کر دیا۔ اور اب، جب ایک بار پھر آئینی اور بنیادی حقوق کے لیے اجتماعی آواز بلند ہو رہی ہے، تو امیرِ اہلِ سنت جناب قاضی نثار احمد پر قاتلانہ حملے کے ذریعے اس ابھرتے ہوئے اتحاد کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
گلگت بلتستان اپنی جغرافیائی اہمیت کے باعث ہمیشہ عالمی اور علاقائی طاقتوں کی توجہ کا مرکز رہا ہے۔ یہ خطہ کشمیر تنازع کا حصہ ہونے کی وجہ سے اپنے بنیادی آئینی حقوق سے محروم رکھا گیا ہے۔ جب یہاں کے عوام اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہونے کی کوشش کرتے ہیں، تو فرقہ ورانہ عوامل کے ذریعے ان کوششوں کو سبوتاژ کیا جاتا ہے۔ افسوس کی بات یہ نہیں کہ عالمی اور ملکی سیاست اپنے مفادات کے لیے اس خطے کو استعمال کرتی ہے، بلکہ اصل دکھ یہ ہے کہ اس خطے کے باسی اب تک ان حقائق کا مکمل ادراک کر کے ایک منظم اجتماعی حکمتِ عملی تشکیل دینے میں ناکام رہے ہیں۔
اب وقت آ چکا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام بیرونی سازشوں کو سمجھیں، داخلی اختلافات کو پسِ پشت ڈالیں اور اتحاد و یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔ یہاں کے پہاڑ، وادیاں، دریا سب ایک ہیں، اور سب سے بڑھ کر، اس خطے کے آئینی و سیاسی مسائل بھی ایک ہیں۔ وقت کا تقاضا ہے کہ علاقائی و مسلکی تعصبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اپنے مشترکہ حقوق کے حصول کے لیے ایک منظم، پرامن اور متحدہ جدوجہد کی جائے، کیونکہ حقیقی کامیابی کا راستہ صرف اجتماعی شعور، باہمی اعتماد اور مضبوط اتحاد سے ہو کر گزرتا ہے۔

