لفظ کا باطن۔ انسان کے لاشعور کی لسانی تعبیر

انسان جب بولتا ہے تو وہ صرف الفاظ نہیں برتتا بلکہ اپنے وجود کی گہرائیوں میں اترے ہوئے احساسات، تجربات اور لاشعوری محرکات کو ایک صورتِ زبان عطا کرتا ہے۔ الفاظ محض اظہار کا وسیلہ نہیں بلکہ ذہن و باطن کی تصویری زبان ہیں۔ انسان کی گفتگو اس کے شعور کی حدود سے کہیں آگے اس کے لاشعور کی خاموش صداؤں تک پھیلی ہوتی ہے۔ یہی سبب ہے کہ لسانی اظہار دراصل نفسیاتی انکشاف بھی ہے۔
زبان انسان کی نفسیاتی تاریخ کی دستاویز ہے۔ وہ جو بولتا ہے، جس طرح بولتا ہے اور جو لفظ چنتا ہے وہ سب اس کے ذہنی اور جذباتی پس منظر کے خفیہ نقشوں کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ماہرینِ لسانیات اور ماہرینِ نفسیات کے نزدیک لفظ انسانی شخصیت کا آئینہ ہے۔ ایک شخص کے لبوں سے ادا ہونے والا ہر لفظ اس کے باطن کی ترجمانی کرتا ہے۔ گفتگو میں دہرائے جانے والے جملے، مخصوص الفاظ کا انتخاب یا کسی خاص ترکیب کا بار بار استعمال۔ سب لاشعوری رجحانات کا اظہار ہیں۔
کسی شخص کا ”میں“ پر اصرار دراصل اس کے وجودی شعور یا احساسِ مرکزیت کا مظہر ہوتا ہے۔ وہ اپنے آپ کو محورِ کائنات کے طور پر دیکھنے کا عادی ہوتا ہے۔ اس کے برعکس جو فرد ہمیشہ ”ہم“ کہہ کر خود کو اجتماعی قالب میں ڈھالتا ہے، وہ یا تو تنہائی کے خوف سے گزر رہا ہوتا ہے یا اپنے وجود کی کمزوری کو اجتماعی شناخت میں چھپانا چاہتا ہے۔ زبان کا یہ معمولی سا فرق دراصل نفسیاتی کیفیت کا گہرا اظہار ہے۔
لفظ دراصل احساس کا جسم ہیں۔ ہر لفظ ایک جذباتی درجہِ حرارت رکھتا ہے۔ ”محبت“ ، ”عشق“ اور ”پیار“ تینوں ایک ہی جذبے کے اشارے ہیں مگر ہر ایک کے پیچھے ایک الگ نفسیاتی لَے، ایک مخصوص جذباتی درجہ اور ایک جدا باطنی کیفیت موجود ہے۔ ”عشق“ میں شدت اور فنا کا تاثر ہے۔ ”محبت“ میں توازن اور شعور کا، جبکہ ”پیار“ میں نرمی اور قربت کی مٹھاس۔ لسانیات کا یہ باطنی تنوع انسانی نفسیات کی رنگارنگی کو ظاہر کرتا ہے۔
جب انسان کسی کو اس کے اصل نام کی بجائے علامتی نام سے پکارتا ہے تو یہ اس کے لاشعور میں چھپی خواہشات، احساسات یا کمزوریوں کا مظہر بن جاتا ہے۔ کوئی شخص اگر اپنے دوست کو ”شیر“ کہتا ہے تو وہ اس میں اپنی قوت کا عکس دیکھتا ہے یا شاید اپنے اندر چھپی کمزوری کو اس علامت کے پردے میں چھپانا چاہتا ہے۔ کوئی کسی کو ”بادشاہ“ کہتا ہے تو شاید وہ اقتدار کی خواہش کو مزاحیہ لبادے میں ظاہر کر رہا ہوتا ہے۔ اس طرح ہر علامتی نام ایک لسانی رمز بھی ہے اور ایک نفسیاتی استعارہ بھی۔
زبان کے یہ لاشعوری رویے ہماری روزمرہ گفتگو میں مسلسل کارفرما رہتے ہیں۔ ایک شخص کے لہجے کا اتار چڑھاؤ، اس کے بولنے کی رفتار، الفاظ کی ترتیب اور تکرار۔ سب اس کے ذہنی انتشار یا سکون کی سطح کو ظاہر کرتے ہیں۔ جو شخص اپنے جملوں میں کثرت سے ”کاش“ یا ”شاید“ جیسے الفاظ لاتا ہے، وہ اپنے اندر حسرت یا غیر یقینی کیفیت کا بوجھ لیے ہوئے ہوتا ہے۔ جو شخص ہمیشہ ”دراصل“ یا ”یعنی“ کے سہارا لیتا ہے، وہ اپنی بات کو ذہنی سطح پر واضح کرنے یا اپنے باطن کو مطمئن کرنے کی کوشش کر رہا ہوتا ہے۔
لسانیات اور نفسیات کا یہ باہمی رشتہ محض نظری نہیں بلکہ تجربی بنیادوں پر قائم ہے۔ جدید نفسیاتی لسانیات کے مطابق، زبان انسان کے ذہنی ڈھانچے کی سب سے نمایاں علامت ہے۔ بچپن سے بڑھاپے تک انسان کی زبان ارتقا کے مراحل سے گزرتی ہے اور ہر مرحلے پر اس کے الفاظ اس کی ذہنی بلوغت، جذباتی وسعت اور تجرباتی شعور کی نمائندگی کرتے ہیں۔ بچہ سادہ لفظ بولتا ہے کیونکہ اس کی دنیا سادہ ہوتی ہے، جوانی میں زبان جوش سے لبریز ہو جاتی ہے اور بڑھاپے میں وہی زبان توقف، احتیاط اور حکمت سے آراستہ ہو جاتی ہے۔
تحریر میں بھی یہی نفسیاتی لَے جاری رہتی ہے۔ مصنف کے الفاظ اس کے باطن کے عکاس ہوتے ہیں۔ کوئی ادیب اگر مسلسل اداسی، تنہائی اور گریز کے الفاظ استعمال کرتا ہے تو وہ دراصل اپنے اندر کے خلا کو تحریر میں ڈھال رہا ہوتا ہے۔ اسی طرح جو مصنف روشنی، امید اور تازگی کے استعارے برتتا ہے، وہ اپنے شعور کے توازن اور داخلی ہم آہنگی کا اظہار کر رہا ہوتا ہے۔ تحریر دراصل ذہن کی ایک نفسیاتی خودکلامی ہے جو قاری تک شعور کے تسلسل کے ساتھ منتقل ہوتی ہے۔
زبان صرف فرد کی نفسیات کی ترجمان نہیں بلکہ قوموں کے اجتماعی شعور اور لاشعور کی بھی نمائندہ ہے۔ جس معاشرے کی تاریخ شکست، محرومی یا جبر سے عبارت ہو، وہاں کی زبان میں تلخی، طنز اور مایوسی کی لہریں زیادہ نمایاں ہوتی ہیں۔ اس کے برعکس جن قوموں نے آزادی، خود اعتمادی اور تخلیقی قوت کا ذائقہ چکھا ہو، ان کے محاورے، روزمرہ اور شعری لہجے میں اُمید اور وسعت کا رنگ جھلکتا ہے۔ زبان کسی قوم کی نفسیاتی فضا کا آئینہ ہوتی ہے۔
انسان کے بولنے اور خاموش رہنے دونوں میں نفسیاتی معنویت پنہاں ہے۔ بعض اوقات خاموشی سب سے گہرا جملہ بن جاتی ہے اور بعض اوقات ایک لفظ برسوں کی کیفیت بیان کر دیتا ہے۔ زبان کا یہ جادو صرف ابلاغ نہیں بلکہ انکشاف ہے۔ انسان اپنے لفظوں سے دوسروں تک پہنچنے سے پہلے خود تک پہنچتا ہے۔
لفظ محض صوتی علامت نہیں بلکہ روحانی اور نفسیاتی توانائی رکھتے ہیں۔ ان کے ذریعے انسان اپنے اندر کے طوفان کو نظم دیتا ہے، اپنے خوف کو آواز دیتا ہے، اپنی محبت کو شکل دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ زبان کبھی مرہم بن جاتی ہے اور کبھی زخم۔ ایک نرم لفظ رشتے جوڑ دیتا ہے، ایک تلخ جملہ انہیں ہمیشہ کے لیے توڑ دیتا ہے۔
عصرِ حاضر میں جب مشینی گفتگو اور ڈیجیٹل اظہار نے انسان کے باطنی رابطے کو کمزور کر دیا ہے، زبان کی نفسیاتی گہرائی مزید دبنے لگی ہے۔ اب الفاظ احساس کے بجائے تاثر کے تابع ہیں۔ گفتگو اب فہم سے زیادہ مظاہرہ بن چکی ہے۔ یہی لسانی انحطاط دراصل روحانی اور نفسیاتی انحطاط کی علامت ہے۔ جب زبان احساس سے خالی ہو جائے تو انسان بھی اپنے اندر سے خالی ہونے لگتا ہے۔
لفظ اور انسان کا رشتہ قدیم اور فطری ہے۔ ہر لفظ اپنے اندر ایک دنیا سموئے ہوتا ہے۔ ایک کہانی، ایک تجربہ، ایک جذبہ۔ انسان کی شناخت صرف اس کے اعمال سے نہیں بلکہ اس کے الفاظ سے بھی ہوتی ہے۔ اعمال کبھی چھپ سکتے ہیں مگر زبان نہیں، کیونکہ زبان کا سرچشمہ لاشعور ہے۔ لہٰذا انسان کو سمجھنے کے لیے اس کے بولے ہوئے لفظ کافی ہیں۔
زبان کی تہہ میں اترنا دراصل انسان کی تہہ میں اترنا ہے۔ ہر لفظ ایک دروازہ ہے جو کسی نفسیاتی گوشے تک کھلتا ہے۔ گفتگو محض رابطہ نہیں، خود شناسی کا وسیلہ ہے۔ جو اپنے لفظوں کے باطن کو پہچان لے، وہ اپنے وجود کے اسرار تک رسائی پا لیتا ہے۔
لفظ کا باطن دراصل انسانی روح کا آئینہ ہے۔ ایک ایسا آئینہ جو نہ صرف شعور کو دکھاتا ہے بلکہ لاشعور کے دھندلکوں میں چھپے رنگ بھی نمایاں کر دیتا ہے۔ یہی لسانیات کا وہ جمالیاتی اور نفسیاتی راز ہے جس کے بغیر انسان کی مکمل تفہیم ممکن نہیں۔
