بلاگ

میڈیا منڈی

Ali Abbas Kazmi Chakwal

پاکستان میں میڈیا کو ریاست کا چوتھا ستون کہا جاتا ہے، کیونکہ یہ وہ طاقت ہے جو نہ صرف عوام کو آگاہ کرتی ہے بلکہ حکمرانوں اور اداروں کو جواب دہ بھی بناتی ہے۔ مگر افسوس کہ یہی ستون برسوں سے بوجھ تلے دبا پڑا ہے۔ جہاں سچ بولنے والے صحافی موجود ہیں، وہیں لفافہ برداروں کی ایک ایسی نسل بھی پروان چڑھی ہے جس نے صحافت کو خبر سے زیادہ کاروبار میں تبدیل کر دیا ہے۔ میڈیا کا اصل کام کرپشن کو بے نقاب کرنا، ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا، اور معاشرتی اصلاح میں کردار ادا کرنا تھا، مگر اب صورتحال یہ ہے کہ بہت سے میڈیا ہاؤسز کرپشن کو ”جرم“ کے بجائے ”خبر“ کے طور پر بیچتے ہیں۔ یعنی ایک طرف بدعنوانی قوم کو اندر سے کھا رہی ہے، دوسری طرف میڈیا اسے سنسنی خیز (sensational) انداز میں دکھا کر ناظرین کی ریٹنگ سے اپنے مفاد کا کاروبار چلا رہا ہے۔ ایسے میں ضروری ہے کہ میڈیا اپنا کھویا ہوا کردار دوبارہ سنبھالے، لفافی صحافت کو مسترد کرے، اور قوم کو خبر کے ساتھ شعور بھی دے۔

لفافی صحافت کوئی نئی اصطلاح نہیں، لیکن اس کی جڑیں ہمارے معاشرے میں اتنی گہری ہو چکی ہیں کہ اب اکثر لوگ ہر صحافی کو شک کی نظر سے دیکھتے ہیں۔ لفافہ صرف وہ نہیں جو پیسوں میں خرید لیا جائے، لفافہ وہ بھی ہے جو ذاتی مفاد، تعلقات، پارٹی وابستگی یا دباؤ میں آ کر سچ کو چھپائے اور جھوٹ کو بڑھا چڑھا کر پیش کرے۔ ایسے صحافی یا میڈیا ہاؤس کسی ایک سیاسی جماعت کے ترجمان بن کر رہ جاتے ہیں۔ ان کی اسکرین پر نہ عوام کے مسائل ہوتے ہیں، نہ ملک کی حقیقی مشکلات، بلکہ صرف وہ بیانیہ ہوتا ہے جس کا فائدہ کسی طاقتور طبقے یا ادارے کو پہنچے۔ بدقسمتی سے یہی لفافی کلچر میڈیا کی ساکھ کو تباہ کر رہا ہے، اور عوام کو ایک ایسے دوراہے پر کھڑا چھوڑ گیا ہے جہاں سچ کا چہرہ پہچاننا مشکل ہو گیا ہے۔

میڈیا کا اصل امتحان تب ہوتا ہے جب وہ کرپشن کے سامنے کھڑا ہو۔ کرپشن کسی معاشرے کو تباہ کرنے والا سب سے بڑا ہتھیار ہے، کیونکہ یہ انصاف، برابری، ترقی، شفافیت اور قومی اداروں کو اندر سے کمزور کرتی ہے۔ میڈیا کو چاہیے تھا کہ کرپشن کو ”خبر“ کی طرح نہ دکھاتا بلکہ ”جرم“ کی طرح اٹھاتا۔ بدقسمتی سے ہمارے میڈیا میں کرپشن کی خبریں دو منٹ کے پیکج یا چند ٹِکرز میں نمٹا دی جاتی ہیں۔ وہ کرپشن جس نے ملک کو کھوکھلا کر دیا، وہ چند لمحوں کا مواد بن کر رہ گئی۔ میڈیا اس کو جذباتی میوزک، تیز آوازوں، چیختی ہوئی اسکرینوں اور سنسنی خیز جملوں میں لپیٹ کر صرف نمبرز پوری کرتا ہے۔ عوام کو حقیقت نہیں ملتی صرف ہنگامہ ملتا ہے۔ یوں کرپشن ایک جرم نہیں رہتی، ایک ”روٹین کی خبر“ بن جاتی ہے۔ یہ وہ نقطہ ہے جس نے پورے معاشرے کو بے حس کر دیا ہے۔

میڈیا کا کردار صرف یہ نہیں کہ وہ غلط کو دکھائے، بلکہ یہ بھی کہ وہ اسے غلط ثابت کرے۔ انصاف کی راہ ہموار کرنا میڈیا کی ذمہ داری ہے، مگر جب میڈیا ریٹنگ اور مفاد کے مقابلے میں انصاف کو کم ترجیح دے تو معاشرہ بگڑتا ہے۔ مثال کے طور پر کوئی بڑا اسکینڈل سامنے آتا ہے میڈیا چند دن تک اسے بڑھا چڑھا کر دکھاتا ہے، پھر اچانک خاموش ہو جاتا ہے کیونکہ شاید لفافہ پہنچ جاتا ہے، یا مالکوں کی ہدایات بدل جاتی ہیں، یا سیاسی فضا تبدیل ہو جاتی ہے۔ نتیجہ یہ کہ کرپشن کرنے والے لوگ پکڑے نہیں جاتے، بلکہ مضبوط ہو جاتے ہیں۔ عوام یہ تماشا دیکھتے دیکھتے سچ اور جھوٹ میں فرق کرنا چھوڑ دیتی ہے۔ وہ سمجھتے ہیں کہ ”سب چور ہیں“ اور یہی سوچ معاشرے کو اخلاقی طور پر مفلوج کر دیتی ہے۔

میڈیا کو اگر واقعی مثبت کردار ادا کرنا ہے تو اسے سب سے پہلے حق اور باطل کے درمیان برتری قائم کرنا ہوگی۔ صحافی کو حقائق بتانے چاہئیں، نہ کہ کہانی بنانی چاہیے۔ اسے کسی جماعت، کسی شخصیت یا کسی ادارے کا وفادار نہیں ہونا چاہیے، بلکہ صرف سچ کا وفادار ہونا چاہیے۔ صحافی کا قلم طاقتور کے سامنے ڈھال اور کمزور کے لیے تلوار ہونا چاہیے، لیکن جب قلم ہی بک جائے تو پھر قوم کہاں جائے؟ پاکستان کی تاریخ میں بے شمار ایسے صحافی ہیں جنہوں نے دباؤ، دھمکی، جیل اور تشدد کے باوجود سچ کہا۔ انہی لوگوں نے صحافت کی عزت بچائے رکھی ہے۔ مگر ان عظیم مثالوں کے مقابلے میں آج کے میڈیا کے بہت سے حصے نے آسان راستہ اختیار کر لیا ہے۔ سچ چھپا کر مفاد خرید لینا، اور جھوٹ بیچ کر طاقت کمائی جائے۔

میڈیا میں موجود بگاڑ صرف میڈیا کا مسئلہ نہیں، یہ پوری قوم کا مسئلہ ہے۔ جب عوام غلط کو غلط کہنا چھوڑ دیں، جب سچ کو جانتے ہوئے بھی جھوٹ کو دیکھنا پسند کریں، جب اختلافِ رائے ذاتی جنگ بن جائے، جب صحافت تجارت بن جائے اور عوام تماشائی تب بربادی مقدر بنتی ہے۔ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ وہی چینل دیکھیں جو سچ دکھائے، نہ کہ وہ جو جذبات بھڑکاتے ہوں۔ اگر عوام اپنی توقعات بدل لیں، تو میڈیا کو بھی بدلنا پڑے گا۔

لفافہ صحافت ختم کرنے کے لیے سب سے ضروری قدم یہ ہے کہ میڈیا مالکان، صحافیوں اور ناظرین تینوں اپنی ذمہ داری سمجھیں۔ مالکان یہ فیصلہ کریں کہ وہ ادارہ چلائیں گے یا کاروبار، صحافی یہ طے کریں کہ وہ ضمیر بیچیں گے یا سچ کہیں گے اور عوام یہ سوچیں کہ وہ ریٹنگ کی دوڑ دیکھنا چاہتے ہیں یا اپنے ملک کو درست راستے پر چلتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔ میڈیا جب تک خود کو شفاف نہیں کرے گا، اسے کرپشن کے خلاف آواز بلند کرنے کا اخلاقی حق نہیں ملے گا۔

میڈیا صرف خبر نہیں دیتا، قوم کا مزاج بھی بناتا ہے۔ اگر میڈیا کرپشن کو جرم کی طرح دکھائے اور صحافت کو تجارت نہیں خدمت سمجھے، تو معاشرے میں وہ انقلاب آ سکتا ہے جو کسی سیاسی رہنما یا حکومت سے نہیں آ سکتا۔ میڈیا اگر سچ بول دے تو تبدیلی ناگزیر ہو جاتی ہے۔ ضرورت بس اتنی ہے کہ ہم سب عوام، صحافی، ادارے لفافے سے انکار کر دیں اور سچ کو اس کی اصل طاقت کے ساتھ قبول کر لیں۔ یہی اس ملک کی بقا ہے اور یہی صحافت کا اصل مقصد۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW