میرے مطابق

ریڈنگ روم فیسٹیول جس نے کراچی کی روح کو جگا دیا

siraj bhaagat

کراچی جیسے بڑے اور متنوع شہر میں کبھی کبھار کچھ ایسی تقریبات ہوتی ہیں جو نہ صرف اس شہر کے ثقافتی ورثے کا جشن مناتی ہیں بلکہ شہریوں کے دلوں کو بھی ایک خوبصورت رشتے میں جوڑ دیتی ہیں۔ 30 نومبر 2025 کو تاریخی غلام حسین خالق ڈینا ہال میں منعقد ہونے والا ریڈنگ روم فیسٹیول بھی ایسے ہی سماں کا منظر پیش کر رہا تھا۔ ایک پورا دن جس نے مجھے ذاتی طور پر یہ احساس دلایا کہ کراچی صرف ایک شہر نہیں، ایک زندہ، سانس لیتا، تخلیقی روح رکھنے و الا عظیم ثقافتی منظرنامہ ہے۔

شام چار بجے جب میں خالق ڈینا ہال پہنچا تو اس کے بیرونی حصے میں خوشبوؤں، رنگوں اور گہماگہمی کا ایک حسین امتزاج تھا۔ بن کباب کی مہک، چاٹ کے مصالحے، موموز کے بھاپ اڑاتے سٹیمرز اور مٹکا چائے کے کپ۔ ایسا محسوس ہو رہا تھا جیسے کراچی کا اسٹریٹ فوڈ کلچر ایک چھوٹی سی دنیا بن کر یہاں آباد ہو گیا ہو۔ لوگ ہنستے، باتیں کرتے، تصویریں بناتے، اور کھانے کا لطف اٹھاتے ہوئے اس تاریخی جگہ کو ایک بے مثال توانائی سے معمور کر رہے تھے۔

لائبریری کے اندر داخل ہوا تو منظر بالکل مختلف اور اُتنا ہی دلکش تھا۔ یہاں روایتی ہنر کے رنگ بکھرے ہوئے تھے۔ ٹرک آرٹ کے ورکشاپ میں بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں کو یکساں جوش کے ساتھ رنگ بھرتے دیکھ کر اندازہ ہوا کہ تخلیقی اظہار عمر سے نہیں، جذبے سے طے ہوتا ہے۔ پرانی کتابوں کے درمیان بیٹھ کر یہ فن سیکھنا ایک عجیب خوشگوار احساس سموئے ہوئے تھا، جیسے کراچی کی پرانی روح اور آج کا نوجوان تخلیقی ذہن ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہو رہے ہوں۔

فیسٹیول کا دل خالق ڈینا ہال کا مرکزی اور تاریخی اسٹیج تھا، جہاں دن بھر ایک سے بڑھ کر ایک پروگرام جاری رہا۔ جس میں تھیٹر ”ان فٹ بال ہے دنیا میرے آگے“ جو گرپس تھیٹر گروپ نے انتہائی کمال سے پیش کیا۔ اس کے ساتھ ”ریڈنگ دی سٹی“ کے عنوان سے پینل ڈسکشن میں کراچی کا شاندار ماضی، ثقافتی ورثہ اور تاریخی مقامات کے بارے میں تاریخ دان افضل زیدی، فلمساز مہر جعفری اور نصرت خواجہ نے شرکاء کو ساٹھ اور ستر کی دہائی کے کراچی کی سیر کروا دی، جبکہ اس سیشن کو صائمہ زیدی نے ماڈریٹ کیا اور خالق ڈینا ہال کی کہانی سنائی۔

اس دوراں کراچی کے پرانے لوگ جنہوں نے ستر کی دہائی میں کراچی کی رونقوں کو اپنے آنکھوں سے دیکھا ہوا ہے انہوں نے بھی اپنا حصہ ڈالا اور حاضرین کو اپنی طرف متوجہ کیے رکھا۔ اس گفتگو سے مجھے یہ اندازہ ہوا کہ ہمارا شہر صرف عمارتوں سے نہیں بلکہ کہانیوں سے بھی بھرپور ہے۔

اس سیشن کے بعد اگلا پروگرام اور سب سے زیادہ دل کو چھو لینے والا لمحہ داستان گوئی ”طلسمِ ہوش رُبا حویلی“ تھا۔ اندھیرا، خاموشی اور پھر داستان گو کی آوازیں یوں لگا جیسے وقت تھم گیا ہو۔

رات ہوتے ہوتے، جب غیور معیز قوال اینڈ برادرز اسٹیج پر آئے تو محفل اپنے عروج پر پہنچ چکی تھی۔ لوگ بے اختیار جھوم رہے تھے، کچھ ان لمحات کو کیمرہ کی آنکھ میں قید کر رہے تھے تو کچھ کے چہروں پر سکون۔ وہ لمحہ شاید فیسٹیول کی اصل روح تھی اور ایک اجتماعی تجربہ جو دلوں کو چھو جائے۔

اس فیسٹیول سے مجھے یہ احساس ہوا کہ شہر تب ہی سانس لیتے ہیں جب ان کے لوگ ان کے ورثے کو اپنائیں، اس سے جڑیں اور اسے نئی نسل تک منتقل کریں۔ ریڈنگ روم فیسٹیول اسی سفر کا اہم سنگِ میل ہے۔

نمائش کراچی اور کراچی میٹرو پولیٹن کارپوریشن کی مشترکہ کاوشوں سے نہ صرف ایک تاریخی عمارت کو زندگی دی ہے بلکہ کراچی کے لوگوں کو وہ جگہ فراہم کی ہے جہاں وہ بنا کسی رنگ، نسل، ذات اور مذہبی تفریق سے کھل کر سیکھ سکیں، تخلیق کر سکیں، اور جڑ سکیں۔

مجھے یہ فیسٹیول صرف ایک تقریب نہیں لگا، بلکہ یہ کراچی کی روح کا جشن تھا، جیسے مایوسی کے عالم میں ایک امید کا چراغ۔ اگر یہ فیسٹیول ہر سال اسی جذبے کے ساتھ منعقد ہوتا رہا تو یقیناً خالق ڈینا ہال پھر سے کراچی کا ایک زندہ، روشن، اور فعال ثقافتی دل بن سکتا ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW