بلاگ

دل کی بیماری کی کولیسٹرول سے بہتر پیش گوئی کرنے والی پروٹین: ایک سائنسی مقالہ کی تلخیص

Dr Khalid Mehmood Sadiq

دل کی بیماری ریاستہائے متحدہ امریکہ میں موت کی سب سے بڑی وجہ ہے۔ 1950 کی دہائی میں غذا، کولیسٹرول اور دل کی بیماری کے درمیان تعلق کا پہلی بار پتہ چلنے سے لے کر اب تک دل کی بیماری کے خطرے کا اندازہ جزوی طور پر مریض کے کولیسٹرول کی سطح کی بنیاد پر ہی لگایا جاتا ہے۔ تاہم، پچھلی دو دہائیوں میں جمع ہونے والے سائنسی شواہد یہ ظاہر کرتے ہیں کہ C۔ reactive پروٹین نامی حیاتیاتی پیش گو جو جسم میں سوزش کی موجودگی کا اشارہ کرتا ہے۔ کولیسٹرول کے مقابلے میں دل کی بیماری کے خطرے کی بہتر پیش گوئی کر سکتا ہے۔ اس لیے ستمبر 2025 میں امریکن کالج آف کارڈیالوجی نے کولیسٹرول کی سطح کی پیمائش کے ساتھ ساتھ، دل کے ممکنہ تمام مریضوں میں C۔ reactive پروٹین کی سطح کی عمومی جانچ کے لیے نئی سفارشات شائع کی ہیں۔

سی۔ ری ایکٹو پروٹین کیا ہے؟

سی۔ ری ایکٹیو پروٹین انفیکشنز، بافتوں کو پہنچنے والے نقصانات، خود مدافعتی بیماریوں، دائمی سوزش والی حالتوں اور موٹاپا اور ذیابیطس جیسے میٹابولک خلل کے ردعمل کے نتیجے میں جگر میں پیدا ہوتا ہے۔ بنیادی طور پر یہ پروٹین سوزش کا پیش گو ہے جس کی خون میں مقررہ مقدار سے زیادہ سطح جسم میں مدافعتی نظام کے فعال ہونے کی نشانی ہے۔

سی۔ ری ایکٹو پروٹین ڈاکٹر کے دفتر میں خون کے ٹیسٹ کے ذریعے آسانی سے معلوم کیا جا سکتا ہے۔ سی۔ ری ایکٹیو پروٹین کی 1 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر سے کم مقدار میں جسم میں موجودگی کم سے کم سوزش کی نشاندہی کرتی ہے، جو دل کی بیماری سے محفوظ رہنے کی نشانی ہے۔ جبکہ 3 ملی گرام فی ڈیسی لیٹر سے زیادہ بلند سی۔ ری ایکٹیو پروٹین کی سطح،بڑھتی ہوئی سوزش کی نشاندہی کرتی ہے اور اس طرح دل کی بیماری کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔ تقریباً 52 فیصد امریکیوں کے خون میں سی۔ ری ایکٹیو پروٹین کی سطح بلند ہوتی ہے۔

تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ سی۔ ری ایکٹیو پروٹین اور جینیاتی طور پر وراثت میں ملنے والا ایک بائیو مارکر لیپوپروٹین (a) ”خراب“ یا LDL کولیسٹرول کے مقابلے میں دل کے دورے اور فالج کے لیے بہتر پیش گوئی کرنے والے پیش گو ہیں۔ ایک تحقیق یہ بھی ظاہر کرتی ہے کہ C۔ reactive پروٹین دل کی بیماری کی پیشین گوئی کرنے میں بلڈ پریشر ماپنے جیسا ہی کارآمد ہو سکتا ہے۔

دل کی بیماری میں سوزش کیوں اہم ہے؟

شریانوں میں چربی کی تہوں کی نشوونما اور تعمیر میں ہر مرحلے پر سوزش ایک اہم کردار ادا کرتی ہے، جو ایتھروسکلروسیس نامی حالت کا سبب بنتی ہے جس کے نتیجے میں دل کا دورہ اور فالج ہو سکتا ہے۔ جس لمحے سے خون کی نالی کو نقصان پہنچتا ہے، چاہے وہ خون میں شکر کی زیادتی سے ہو یا سگریٹ کے دھوئیں سے، مدافعتی خلیے فوراً اس جگہ پہنچ جاتے ہیں۔ یہی مدافعتی خلیے بعد میں کولیسٹرول کے ذرات جو عام طور پر خون کے بہاؤ میں تیرتے رہتے ہیں کو گھیر کر خون کی نالی کی دیوار میں ایک چربی والی تہہ بناتے ہیں۔ یہ عمل کئی دہائیوں تک جاری رہتا ہے یہاں تک کہ بالآخر، ایک دن، مدافعتی نظام اس ٹوپی کو پھاڑ دیتا ہے جو تختی کو گھیرتی ہے۔ اس کے نتیجے میں خون جمنے کا نظام متحرک ہو کر خون کے بہاؤ کو روکتا ہے اور ارد گرد کی بافتوں کو آکسیجن کی رسائی میں رکاوٹ پیدا کر کے بالآخر دل کا دورہ پڑنے یا فالج کا سبب بنتا ہے۔

لہذا، کولیسٹرول کہانی کا صرف ایک حصہ ہے۔ درحقیقت یہ مدافعتی نظام ہے جو دل کی بیماری کو جنم دینے والے عمل میں ہر قدم پر سہولت فراہم کرتا ہے۔

کیا خوراک C۔ reactive پروٹین کی سطح کو متاثر کر سکتی ہے؟

طرز زندگی جگر میں سی۔ ری ایکٹو پروٹین کے بننے کو نمایاں طور پر متاثر کر سکتا ہے۔ متعدد غذائیں اور غذائی اجزاء سی۔ ری ایکٹیو پروٹین کی سطح کو کم کرتے ہیں، جن میں پھلیاں، سبزیاں، گری دار میوے اور بیریاں، زیتون کا تیل، سبز چائے، اور چیا اور فلیکس سیڈز جیسے بیج اور غذائی ریشہ جات شامل ہیں۔ وزن میں کمی اور ورزش بھی سی۔ ری ایکٹیو پروٹین کی سطح کو کم کر سکتی ہے۔

کیا کولیسٹرول اب بھی دل کی بیماری کے خطرے کے لیے اہمیت رکھتا ہے؟

اگرچہ کولیسٹرول دل کی بیماری کے خطرے کا سب سے اہم پیش گو نہیں ہے، لیکن یہ اس سارے عمل میں انتہائی متعلقہ ہے۔ تاہم، یہ صرف کولیسٹرول کی مقدار نہیں ہے۔ یا خاص طور پر خراب، یا LDL، کولیسٹرول کی مقدار جو کہ اہمیت رکھتی ہے۔ ضروری نہیں کہ ایک ہی کولیسٹرول کی سطح والے دو افراد کو دل کی بیماری کا ایک جیسا خطرہ ہو۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ دونوں میں خطرے کا تعین ان ذرات کی تعداد سے کیا جاتا ہے جن میں خراب کولیسٹرول پیک کیا جاتا ہے نا کہ خراب کولیسٹرول کی کل مقدار جو ارد گرد تیر رہی ہے۔ زیادہ ذرات کا مطلب زیادہ خطرہ ہے۔

اسی لیے خون کا ایک ٹیسٹ جسے ایپولیپو پروٹین بی کہا جاتا ہے، جو کولیسٹرول کے ذرات کی تعداد کی پیمائش کرتا ہے، خراب کولیسٹرول کی کل مقدار کی پیمائش کے مقابلے میں دل کی بیماری کے خطرے کا بہتر پیش گو ہے۔

کولیسٹرول اور C۔ reactive پروٹین کی طرح، apolipoprotein B بھی طرز زندگی کے عوامل جیسے ورزش، وزن میں کمی اور خوراک سے متاثر ہوتا ہے۔ فائبر، گری دار میوے اور اومیگا 3 فیٹی ایسڈ جیسے غذائی اجزاء کولیسٹرول کے ذرات کو کم کرتے ہیں، جب کہ خون میں شکر کی مقدار میں اضافہ کولیسٹرول کے ذرات کی بڑی تعداد سے منسلک ہوتا ہے۔

مزید برآں، lipoprotein (a) ، ایک پروٹین جو کولیسٹرول کے ذرات کے گرد دیوار میں رہتا ہے، ایک اور پیش گو ہے جو کولیسٹرول کی سطح سے زیادہ درست طریقے سے دل کی بیماری کی پیش گوئی کر سکتا ہے۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ لیپوپروٹین (a) کی موجودگی کولیسٹرول کے ذرات کو چپچپا بنا دیتی ہے، اور اس طرح ایتھروسکلروٹک پلاک میں پھنس جانے کا زیادہ امکان ہوتا ہے۔ تاہم، دیگر خطرے والے عوامل کے برعکس، لیپوپروٹین (a) کی سطح خالصتاً جینیاتی ہوتی ہے، اور طرز زندگی سے متاثر نہیں ہوتی۔ اس لیے زندگی میں صرف ایک بار اس کی پیمائش کی ضرورت ہوتی ہے۔

دل کی بیماری سے بچنے کا بہترین طریقہ کیا ہے؟

دل کی بیماری بہت سے خطرے والے عوامل اور زندگی بھر ان کے تعامل کی وجہ سے ہوتی ہے۔ لہذا اسے روک سکنا محض کولیسٹرول سے پاک غذا کھانے سے کہیں زیادہ پیچیدہ ہے، جیسا کہ کبھی سوچا گیا تھا۔ سی۔ ری ایکٹو پروٹین کے ساتھ ساتھ خون میں LDL کولیسٹرول، apolipoprotein B اور lipoprotein (a) کی مقدار کا صحیح اندازہ خطرے کی ایک جامع تصویر پیش کرتا ہے جو دل کی بیماری سے بچاؤ کے بنیادی اصولوں کی طویل مدتی پیش بندی میں مدد کر سکتا ہے جن میں اچھا کھانا، مسلسل ورزش، مناسب نیند، تناؤ میں کمی، صحت مند وزن کو برقرار رکھنا اور سگریٹ نوشی چھوڑنا شامل ہیں۔

نوٹ: اصل سائنسی مقالہ یہاں پڑھا جا سکتا ہے۔
https://doi.org/10.64628/AAI.jdtjkj36v

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW