بلاگگوشہ ادب

تنہا: (56) 

سابق مشرقی پاکستان پر لکھا گیا اثر انگیز ناول

salma awan

سر دھڑ کی بازی لگا کر وہ سیاست کے میدان میں کود پڑی۔ پڑھنا لکھنا، باقاعدگی سے کلاسیں اٹینڈ کرنا، سب ختم ہو گیا تھا۔ شلواریں، قمیصیں، پاجامے، بیل باٹم اور فلیپر سوٹ اس نے لاکر (Locker) میں سنبھال دیے تھے۔ صبح سویرے وہ ابرق لگی اَکڑی اَکڑی سوتی ساڑھی پہنتی، بالوں کو کس کر گوندھتی، ساڑھی کے آنچل سے شانے اچھی طرح لپیٹتی۔ چائے کی تھرموس، ابلے انڈے بیگ میں ڈالتی اور کنونسنگ کے محاذ پر نکل کھڑی ہوتی۔ میڈیکل کالج، انجینئرنگ کالج، لا کالج، ایڈن گرلز کالج اور ڈھاکا کے کالج میں اپنے ساتھی لڑکوں اور لڑکیوں کے ساتھ گھومتی، پمفلٹ بانٹتی، پارٹی کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالتی۔ کچھ لوگ سنجیدگی سے سنتے، کچھ مذاق اڑاتے اور پھبتیاں کستے۔ کبھی کبھی اس کی زبان لکنت کھا جاتی، بنگلہ غلط بول جاتی۔ یوں بھی وہ بہت خوبصورت لڑکی تھی۔ کوئی بولتا بہاری ہے، کوئی پنجابی اور کوئی پٹھان۔ اور وہ یہ سب سنتی اور اطمینان سے کہتی۔

”نہ بنگالی، نہ بہاری، امی پاکستانی۔“
تب کچھ لوگ ہنستے آگے بڑھ جاتے اور کچھ کھڑے ہو جاتے۔

یہ ایک نظریاتی پارٹی تھی۔ مشنری سپرٹ خاصی زوروں پر تھی۔ پارٹی کے سبھی لوگ محنتی اور مخلص تھے۔ رقیہ ہال میں کافی لڑکیاں اس میں شامل ہو گئی تھیں۔ تعداد روز بروز بڑھ رہی تھی۔ کام کی رفتار تسلی بخش تھی اور اسے بھی سکون مل رہا تھا۔

اس دن جب وہ نیو مارکیٹ سے کینوس اور ڈھیر سارے کاغذ لے کر باہر نکلی تو ایک عجیب منظر اس کے دیکھنے میں آیا۔ پندرہ بیس ننگ دھڑنگ لڑکے جسم پر رنگ ملے، گلوں میں نیلے پیلے رومال باندھے، ریڑھیوں پر بیٹھے تالیاں بجا رہے تھے۔ چہرے ہرے لال رنگوں سے تھپے پڑے تھے۔

”ارے بھئی یہ کیا؟“ اس نے ارسلان سے پوچھا۔
”آج لا کالج کا ریک ڈے ہے۔“ اس نے جواب دیا۔

ریک ڈے کی تفصیلات بلاشبہ دلچسپ تھیں پر یہ بھوتوں کا سا حلیہ بنا کر گلی گلی، بازار بازار گھومنا اسے تو قطعی پسند نہ آیا۔

اب تو روز ہی ایسا منظر دیکھنے میں آتا۔ آج میڈیکل کالج ریک ڈے منا رہا ہے تو کل انجینئرنگ کالج۔ اسے غصہ آتا۔ ارے! ان لوگوں کے دماغ خراب ہو گئے ہیں؟ مانا کہ سال آخر کے یہ طلبا ایک دن اپنی مرضی سے گزارنا چاہتے ہیں۔ پر کیا ضروری ہے کہ اسے اس طرح گزارا جائے کہ اچھے بھلے انسان بھوت پریت نظر آئیں۔

باہر دھوپ چنبیلی ہال کی دیواروں پر بہت تیزی سے پھیل گئی تھی اور اندر وہ کمرے میں روشن اور مینا کو نئے پوسٹر دے رہی تھی۔ جب ایک نازک سی لڑکی نے کمرے میں آ کر کہا۔

اگر آپ سال آخر کی طالبہ ہیں تو ریک ڈے منانے کے لئے پانچ روپے دیں۔

” کیا بات ہے! پانچ روپے بھی دوں اور بھوت بن کر ریڑھیوں پر تالیاں پیٹتی بھی پھروں۔ میرا کیا دماغ خراب ہے؟“

لڑکی خاصی دلچسپ تھی۔ محبوبانہ انداز میں سر کو ہلاتے ہوئی بولی۔

” ہم آپ کو ہرگز بھوت نہیں بنائیں گے بلکہ سرخ ساڑھی پہنا کر چینگوا میں لنچ اور بلاکہ میں فلم دکھائیں گے۔“

روشن ہنستے ہوئے بولی۔
” سپنا! یہ سال رواں کی لڑکی ہے۔“
”تو شور کاہے کو اتنا مچا رہی ہے؟“ وہ کچھ غصے سے بولی۔
”تجربہ نہیں، نئی ہوں۔“
”پالیٹکس میں تو بہت تیز ہو۔“
”شامل ہوتی ہو پارٹی میں۔“
”دھن وباد۔“ لڑکی نے ہاتھ جوڑے۔
” گھر کی بڑی بیٹی ہوں۔ فارغ ہو کر چھوٹے بہن بھائیوں کو پڑھانا ہے۔ آزاد نہیں جو سیاست کرتی پھروں۔“
”اور اپنی ان بہنوں کے بارے میں کیا کہتی ہو جن کا کھانا پینا اور اوڑھنا بچھونا سبھی سیاست ہے۔“
”اپنا اپنا نقطہ نظر ہے۔“ کہتی ہوئی وہ باہر نکل گئی۔

اس شام ان کے لیڈر کا بنگلہ اکیڈمی میں ایڈریس تھا۔ اسے اٹینڈ کرنے کے بعد جب وہ واپس آر ہی تھی۔ اسے خیال آیا کہ ماں سے ملے خاصے دن ہو گئے ہیں۔ کیا سوچتی ہوں گی؟ وہ آمنہ کو ہال چھوڑتی ہوئی خود عظیم پور سٹیٹ کی طرف بڑھ گئی۔

ہوا میں ابھی تک ٹھنڈک ہے۔ وہ سیڑھیاں چڑھتے ہوئے سوچ رہی تھی تبھی ٹھٹکی جب کوئی عین اس کے سامنے رکا تھا، پاؤں پر نظر پڑتے ہی اس کا دل دھڑکا۔ آنکھیں اوپر اٹھائیں، اس کے ہونٹوں پر مسکراہٹ تھی۔

”کیسی طبیعت ہے؟“ بھاری آواز میں پوچھا گیا۔
”خدا کا شکر ہے۔“ اس نے خود پر قابو پا لیا۔
”پارٹی پروگریس؟“ اس نے دیکھا اس کی آنکھوں میں چمک تھی۔
وہ کچھ آگے بڑھی۔ دو تین سیڑھیاں چڑھی اور پھر ایک ادا سے رخ پھیرتے ہوئے بولی۔
”ایکسیلنٹ۔“
”خوب!“ کہتا ہوا وہ نیچے اتر گیا۔

”تو گویا یہ سب جان گیا ہے۔ وہ زیر لب مسکرائی تھی۔ ٹھیک تو ہے، جاننا ہی تھا نا، یہ کوئی ایسی بات تھی جسے چھپایا جاتا اور یہ بھی ایک طرح اچھا ہوا، کیا سمجھتا ہے وہ، اس حصے کے لوگ ابھی ملک کے وفادار ہیں۔“

یوں اسے کچھ عجیب سا احساس ہو رہا تھا۔ اس کے دیکھنے کا انداز کچھ بدلا ہوا تھا، وہ مسکرا بھی رہا تھا، اس کی باتوں میں بھی نرمی تھی۔

”ویسے ہے یہ آئیڈیل شخصیت کا مالک۔ جسے ٹوٹ کر چاہا جا سکتا ہے۔“
اس نے آخری زینے تک پہنچتے پہنچتے یہ سب سوچ ڈالا تھا۔

اور ماں نے ملتے ہی ناراضگی کا اظہار کیا کہ اتنے دنوں کے بعد وہ آج آئی ہے، انہیں تو اس پر بھی بہت غصہ تھا کہ اسے کیا مصیبت پڑی تھی کہ وہ پارٹی بازی میں ٹانگ اڑا بیٹھی ہے۔ وہ شاکی لہجے میں کہہ رہی تھیں۔

” تم پردیس میں ہو اور تمہیں اپنی جان کی حفاظت کرنی چاہیے۔“
”ماں! آپ کو میرے متعلق یہ کس نے بتایا ہے؟“ اس نے جانتے ہوئے بھی پوچھا۔
”تمہارا کیا خیال ہے میں گھر میں بیٹھی ہوں اس لئے مجھے کسی بات کا علم نہیں؟“
”ایسی بات تو میں نے کبھی نہیں سوچی ماں! پر آپ کو اس بارے میں شلپی نے بتایا ہے نا۔“
”ہاں! وہ ایک دن ہنستے ہوئے طنز سے کہہ رہا تھا۔ ماں! تمہاری بیٹی تو سیاستدان بن گئی ہے۔“
بینو اور بلبل بھی بتا رہے تھے۔
دیکھو بیٹے! وہ بہت فکرمندی سے بولیں۔

”یہاں کے حالات تم اچھی طرح جان گئی ہو۔ تم پڑھنے کے لئے آئی ہو، اس جھمیلے میں پڑنے کی کوئی ضرورت نہیں۔ تم جانتی ہو شلپی کی چکر بازی میرے لئے کتنی تکلیف دہ ہے اور اب تم بھی اسی راستے پر چل پڑی ہو۔ چلو وہ تو پھر لڑکا ہے، خدانخواستہ! کل بنگالی بہاری کا جھگڑا کھڑا ہو گیا تو مخالف پارٹیاں تمہارے خون کی پیاسی ہو جائیں گی۔ یہ قوم بہت تنگ نظر اور ہٹ دھرم ہو گئی ہے۔“

”ماں! اسی تعصب کو کم کرنے کے لئے ہی تو میری پارٹی کام کر رہی ہے۔“ اس نے کہا۔ اس سمے فخر اور بینو آ گئے۔ آتے ہی انہوں نے اسے مبارک باد دی اور اس کے نام کے نعرے لگائے۔

”یہ کیا بے ہودہ پن ہے بینو!“ وہ چیخی۔
”ارے سومی آپا!“ وہ بولا۔

” یہ تو بہت ضروری چیز ہے۔ لوگ تو پیسے دے کر نعرے لگواتے ہیں اور میں مفت لگا رہا ہوں تو بھی آپ غصہ ہو رہی ہیں۔ لگتا ہے ابھی آپ سیاست کے گروں سے واقف نہیں ہوئیں۔“

جاری ہے۔
٭٭٭

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW