میرے مطابق

خطرناک انسانی سفر

marya haleema

انسانی اسمگلنگ ایک سنگین عالمی جرم ہے جو ایشیا، افریقہ، یورپ اور امریکہ سمیت تقریباً ہر خطے میں پھیلا ہوا ہے۔ یہ جرم مختلف شکلوں میں سامنے آتا ہے، جن میں جنسی استحصال، جبری مشقت، گھریلو غلامی، بچوں سے بھیک منگوانا اور انسانی اعضا کی غیر قانونی خرید و فروخت شامل ہیں۔ عالمی سطح پر ممالک کو تین زمروں میں تقسیم کیا جاتا ہے : متاثرین فراہم کرنے والے ممالک، ٹرانزٹ ممالک اور منزل بننے والے ممالک۔

غربت، جنگ، سیاسی عدم استحکام اور بے روزگاری سے متاثرہ ممالک جیسے پاکستان، افغانستان، بنگلہ دیش اور نائجیریا اکثر متاثرین فراہم کرنے والے ممالک شمار ہوتے ہیں۔ ایران، ترکی اور لیبیا جیسے ممالک اسمگلنگ کے راستوں کے طور پر استعمال ہوتے ہیں، جبکہ یورپی ممالک، خلیجی ریاستیں اور شمالی امریکہ انسانی اسمگلنگ کے بڑے مراکزِ منزل سمجھے جاتے ہیں۔

پاکستان بدقسمتی سے انسانی اسمگلنگ کے اس عالمی نیٹ ورک میں تینوں کردار ادا کرتا ہے
(Source) ، (Transit) (Destination) ۔

بطور ذریعہ، پاکستان سے مرد، خواتین اور بچے جعلی ایجنٹس کے جھانسے میں آ کر بیرونِ ملک اسمگل کیے جاتے ہیں۔ مردوں کو بہتر ملازمتوں کے خواب دکھا کر جبری مشقت میں دھکیل دیا جاتا ہے، جبکہ خواتین اور بچیوں کو گھریلو ملازمت یا شادی کے نام پر جنسی استحصال کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ بچوں کو بھیک، اینٹوں کے بھٹوں، گھریلو کام اور غیر رسمی مزدوری میں استعمال کیا جاتا ہے۔

بطور ٹرانزٹ، پاکستان کے سرحدی علاقے خصوصاً بلوچستان اور خیبر پختونخوا، افغان مہاجرین اور دیگر علاقائی متاثرین کو ایران، ترکی اور آگے یورپ لے جانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں۔ کمزور بارڈر کنٹرول، بدعنوانی اور غیر موثر نگرانی اسمگلنگ نیٹ ورکس کو تقویت دیتی ہے۔

بطور منزل، پاکستان کے اندر بھی انسانی اسمگلنگ ایک سنگین مگر کم رپورٹ ہونے والا مسئلہ ہے۔ ملک کے مختلف حصوں میں خواتین اور بچے گھریلو غلامی، جنسی استحصال، زراعت، فیکٹریوں اور غیر رسمی معیشت میں جبری مشقت پر مجبور کیے جاتے ہیں۔

انسانی سمگلنگ پاکستان میں ایک سنجیدہ اور بڑھتا ہوا مسئلہ ہے جو غربت، بے روزگاری، غیر قانونی ہجرت کی خواہش اور کمزور نظامِ نگرانی کے باعث مسلسل پھیل رہا ہے۔ یہ جرم صرف انفرادی نہیں بلکہ منظم نیٹ ورکس کے ذریعے انجام دیا جاتا ہے، جن کی جڑیں ملک کے مختلف حصوں میں پھیلی ہوئی ہیں۔

بلوچستان انسانی سمگلنگ کے حوالے سے ایک اہم راستہ سمجھا جاتا ہے کیونکہ ایران اور افغانستان کے ساتھ اس کی طویل اور غیر محفوظ سرحدیں اسمگلرز کے لیے آسان گزرگاہیں فراہم کرتی ہیں۔ ان راستوں سے افراد کو ایران، پھر ترکی اور بعد ازاں یورپ پہنچایا جاتا ہے، جبکہ افغان مہاجرین بھی اکثر انہی راستوں سے غیر قانونی طور پر منتقل کیے جاتے ہیں۔ خیبر پختونخوا اور اس کے قبائلی اضلاع بھی افغانستان سے قربت کے باعث انسانی سمگلنگ کے بڑے راستوں میں شامل ہیں، جہاں سے نوجوانوں کو بہتر مستقبل کے خواب دکھا کر غیر قانونی ہجرت پر مجبور کیا جاتا ہے۔

پنجاب میں خاص طور پر گوجرانوالہ، گجرات، منڈی بہاؤالدین اور فیصل آباد جیسے علاقے انسانی سمگلنگ کے بڑے مراکز سمجھے جاتے ہیں۔ یہاں بیرونِ ملک جانے کی خواہش بہت زیادہ پائی جاتی ہے، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جعلی ٹریول ایجنٹس لوگوں کو یورپ اور خلیجی ممالک میں ملازمت کے جھوٹے وعدوں پر خطرناک راستوں پر ڈال دیتے ہیں۔ سندھ میں کراچی ایک اہم شہری اور ساحلی مرکز ہونے کے باعث انسانی سمگلنگ میں بطور راستہ اور بطور منزل دونوں کردار ادا کرتا ہے، جبکہ اندرونِ سندھ سے بچوں اور خواتین کو گھریلو ملازمت، جبری مشقت اور دیگر استحصالی کاموں کے لیے بڑے شہروں میں لایا جاتا ہے۔ اسلام آباد، لاہور اور راولپنڈی جیسے بڑے شہروں میں بھی اسمگلنگ نیٹ ورکس کے دفاتر اور جعلی ویزا یا ٹریول کمپنیاں سرگرم پائی جاتی ہیں، جہاں سے پورے نیٹ ورک کو منظم کیا جاتا ہے۔

اس سنگین مسئلے کی روک تھام میں معاشرے کا کردار انتہائی اہم ہے۔ سماجی سطح پر سب سے موثر قدم آگاہی ہے، جس کے ذریعے لوگوں کو انسانی سمگلنگ کے خطرات، جعلی ایجنٹس کی پہچان اور قانونی ہجرت کے درست طریقوں سے آگاہ کیا جا سکتا ہے۔ مساجد، اسکول، کالجز، میڈیا اور سماجی تنظیمیں اس حوالے سے اہم کردار ادا کر سکتی ہیں، خاص طور پر دیہی اور پسماندہ علاقوں میں۔ مقامی کمیونٹیز کو چاہیے کہ وہ مشتبہ سرگرمیوں پر نظر رکھیں اور بغیر خوف کے متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔

متاثرین کے لیے سماجی قبولیت بھی نہایت ضروری ہے، کیونکہ بدنامی اور شرمندگی کے خوف سے اکثر لوگ خاموش رہتے ہیں، جس سے اسمگلرز مزید مضبوط ہو جاتے ہیں۔ اگر معاشرہ متاثرین کو مجرم کے بجائے مظلوم سمجھے اور ان کی مدد کرے تو بہت سے کیسز سامنے آ سکتے ہیں۔ والدین، اساتذہ اور کمیونٹی لیڈرز بچوں اور خواتین کی نقل و حرکت پر خاص توجہ دے سکتے ہیں، خصوصاً جب کوئی مشکوک شخص بیرونِ ملک نوکری یا بہتر زندگی کا لالچ دے۔

سول سوسائٹی، و کلاء اور میڈیا متاثرین کو قانونی رہنمائی فراہم کر کے اور ریاستی اداروں سے رابطہ قائم کر کے انسانی سمگلنگ کے خلاف ایک مضبوط اجتماعی محاذ تشکیل دے سکتے ہیں۔ جب سماج اور ریاست مل کر اس مسئلے کو انسانی وقار اور حقوق کے تناظر میں دیکھیں گے، تب ہی انسانی سمگلنگ کے اس مکروہ کاروبار کو موثر طور پر روکا جا سکے گا۔

Facebook Comments Box

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments
Facebook Comments

Related Articles

Back to top button
HumSub

FREE
VIEW