سوانح ( 8 )
اب انھیں ڈھونڈ چراغ رُخ زیبا لے کر
اکیڈمی میں زندگی بہت تیز رفتاری سے گزرتی ہے۔ صبح کا آغاز پی ٹی (جسمانی مشق) یا ڈرل (پریڈ کی مشق) سے ہوتا ہے۔ اس کے بعد ناشتہ اور پھر رسمی تعلیم۔ کلاسز کے بعد لنچ اور شام کو کھیل اور پھر ڈیڑھ گھنٹہ ذاتی پڑھائی کے بعد رات کا کھانا اور رات ساڑھے 9 بجے لائٹ آف کر دی جاتی تھی۔ ہفتے اور اتوار کو ویسے تو چھٹی ہوتی تھی۔ مگر نظم و ضبط کی کوئی خلاف ورزی کرنے پر ایکسٹرا رول کال کی سزا ملنے کی صورت میں ان کیڈٹس کے لیے چھٹی ختم کر دی جاتی تھی اور وہ پوری فوجی کِٹ کے ساتھ ہر وقت تیار بیٹھے رہتے تھے۔ بگل بجنے پر، جس کا کوئی وقت مقرر نہیں ہوتا تھا وردی یا ڈانگری میں اپنے پوری جنگی ساز و سامان کے ساتھ ایک مقررہ جگہ پر پہنچ جاتے تھے جہاں پر حاضری لگتی تھی۔ ہر ٹرم میں ایک دو دفعہ یہ شرف اس ناچیز کو بھی حاصل ہوا۔
ہفتہ اتوار چھٹی کے اوقات میں کیڈٹس کو ملنے کے لیے آنے والے ان سے کیفے ٹیریا میں ملاقات کر سکتے تھے۔ کیفے ٹیریا کے سموسے، گلاب جامن، برگر اور شامی کبابوں کا ذائقہ اب بھی زبان پر محسوس ہوتا ہے۔ کیفے ٹیریا کے بازو میں ٹیلر شاپ واقع تھی جہاں پر کیڈٹ کے سب لباس بشمول : وردی، ڈانگری، شیروانی اور واسکٹ وغیرہ تیار کیے جاتے تھے۔ وہاں پر موجود سپروائزر محمد خان اپنی اعلیٰ ترین یادداشت کی وجہ سے ’کمپیوٹر‘ کہلاتے تھے۔ آنکھوں میں چمک اور ہر دم مصروف محمد خان قیامت کی یادداشت رکھتے تھے۔ یہ بات ہماری عقل کو عاجز کر دینے کے لیے کافی تھی کہ وہ ہمیں دیکھتے ہی ہماری وردی یا لباس پیش کر دیتے تھے۔ پاس آؤٹ ہونے کے دس سال بعد جب میں میجر تھا تو میری پوسٹنگ دوبارہ کاکول اکیڈمی میں ہو گئی۔ میرے پاس ویسے تو سارے لباس موجود تھے مگر پاکستانی لباس کی ایک واسکٹ کم تھی۔ میں واسکٹ کا ماپ دینے جب ٹیلر شاپ گیا تو محمد خان صاحب مجھے بڑے تپاک سے ملے۔ جب میں نے اپنا ماپ دینا چاہا تو محمد خان بولے : ”سر آپ کا نام نعیم اشرف ہے اور جی سی نمبر 19716 تھا۔ آپ فرسٹ ٹرم میں صلاح الدین پلاٹون کے ایس جے سی، تھے۔ آپ فکر نہ کریں آپ کے جسم میں کوئی خاص تبدیلی نہیں آئی، دس دن بعد واسکٹ آپ کو مل جائے گی۔ میں دل ہی دل میں محمد خان کی یادداشت کی داد دینے لگا۔ پھر محمد خان مجھے کیفے ٹیریا لے گئے اور چائے پلائی اور سموسے کھلائے۔ اس دوران وہ مجھے سینئر افسران کے دلچسپ واقعات سناتے رہے۔ ان میں سے اکثر سابق آرمی چیف تھے۔ محمد خان ایسے لوگ کسی بھی ادارے کے اندر ایک ادارہ ہوتے ہیں۔ وہ اب اس دنیا میں نہیں ہیں مگر اکیڈمی کی یادداشتیں ان کا ذکر کیے بغیر نامکمل رہتیں۔
سیکنڈ ٹرم شروع ہوئی تو پاکستان ٹیلی ویژن کا عملہ آئی ایس پی آر کے عملے کے ہمراہ PMA پر ایک دستاویزی فلم بنانے کے لیے کاکول پہنچ گیا۔ دستاویزی فلم کے لیے ہمارے کورس کا انتخاب ہوا۔ پھر کیا تھا کہ یار لوگوں کام بڑھ کر دُگنا ہو گیا۔ ہمارے لیے نئی وردیاں، نئی ڈانگریاں، نئی شیروانیاں اور نئے ٹریک سُوٹ مہیا ہونے لگے۔ کبھی ہم پی ٹی کر رہے ہیں، کبھی اسالٹ کورس اور کبھی پریڈ۔ کبھی ہم جنگی مشقوں کے لیے پہنچ رہے ہیں اور کبھی فوجی بینڈ کی دُھن پر پاس آؤٹ ہو رہے ہیں۔ کبھی کلاس روم میں بیٹھے ہیں اور کبھی ٹیکسلا میوزیم یا ہیوی انڈسٹریز میں پہنچے ہوئے ہیں۔ گویا ہمیں ایک ماڈل کورس کے طور پر پیش کیا جا رہا تھا۔ اس دوران میں ہمارے پلاٹون کمانڈر میجر میر حیدر علی تھے۔ میجر حیدر کا تعلق فرنٹیئر فورس رجمنٹ سے تھا۔ وہ ایک دیانت دار، اعلیٰ کردار کے حامل اور لائق فوجی افسر ہونے کے ساتھ ساتھ ذہین پھرتیلے اور کمال کے بذلہ سنج بھی تھے۔ انہوں نے ہمارے کورس کو ”ٹی وی ماڈل کورس“ کا نام دے رکھا تھا۔ جب ہم کوئی دیر سویر کرتے تو زور سے کہتے YOU BLOODY TV MODEL COURSE، BETTER PULL UP YOUR SOCKS۔ (ٹی وی ماڈل کورس کے احمقان! تم لوگ اپنے طور اطوار درست کر لو) ۔
بارہ سال بعد بطور میجر جب میں جی ایچ کیو میں تعینات تھا تو میر حیدر علی میجر جنرل بن کر راولپنڈی میں ہی تعینات ہوئے۔ جب مجھے یہ معلوم ہوا تو میں نے ان کے ADC کے ذریعے ان سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی۔ جواب میں اُنھوں نے مجھے خود کال کر دی اور تُرت بولے ”نعیم اشرف، صلاح الدین ٹی وی ماڈل کورس، کیسے ہو؟ میں دفتر میں بہت مصروف ہوتا ہوں مُلاقات کا مزہ نہیں آئے گا بہتر ہے کہ شام کو میرے گھر آ جاؤ۔ دل کی باتیں ہوں گی۔“ جن فوجی افسروں نے میری یادداشت پر دیرپا نقش چھوڑے ان میں سے ایک جنرل میر حیدر علی ہیں۔
پی ایم اے کا پہلا سال تعلیمی و تدریسی ہوتا ہے۔ ہمیں انگریزی کا مضمون ایجوکیشن کور کے کرنل اشفاق علی پڑھاتے تھے۔ وہ بہت دھیمے مزاج کے اور نرم خُو انسان تھے۔ وہ آگے چل کر برگیڈئیر بنے۔ برگیڈئیر اشفاق علی نے دو کتب بھی لکھ رکھی ہیں۔ سیاچن گلیشیئر کے محاذ کے حوالے سے : PANGS OF ICE اور پنجاب کے صوفیائے کرام پر : SAINTS OF PUNJAB
انگریزی کے نصاب میں شامل ’برنارڈ شاہ کا کھیل آرمز اینڈ دی مین ARMS AND THE MAN کو ہمارے ڈرامہ کلب نے ڈرامائی تشکیل دے کر پیش کیا جس سے ہم بہت لُطف اندوز ہوئے۔ مجھے اب بھی یاد ہے کہ ڈرامے میں ”رائنا“ کا کردار جی سی وقار احمد نے ادا کیا۔ ڈرامہ کلب نے جو اردو کھیل پیش کیا اس کا نام ”کیڈٹ فیکٹری“ تھا۔ یہ کھیل مُلک بھر میں قائم ان پرائیویٹ اداروں سے متعلق تھا جو لڑکوں کو آئی ایس ایس بی کی تیاری کروانے کے لیے بھاری فیسیں لیتے ہیں مگر ان کے تیار کردہ لڑکے اکثر فوج کے لیے منتخب نہیں ہو پاتے۔ کیڈٹ فیکٹری میں ایک پٹھان لڑکے کا مزاحیہ کردار کیڈٹ جاوید اقبال عُرف ”جیدی“ نے ادا کیا تھا مجھے ابھی تک پشتو لہجے میں ادا کیا گیا اس کا ایک فقرہ یاد ہے : اوہ تم توپیں چلانے والوں کو کیا پتہ محبت کیا ہوتی ہے۔ ”اس ڈرامے میں ایک خوبصورت لڑکی کا کردار نعیم بٹ نے ادا کیا تھا۔ لاہور کا رہائشی نعیم بٹ بھی چونکہ ہماری صلاح الدین پلاٹون میں تھا اس لیے دونوں میں فرق رکھنے کے لیے مجھے شروع دن سے ہی نعیم اشرف اور اس کو نعیم بٹ پکارا جانے لگا۔ نعیم بٹ ایک بہترین سپورٹس مین اور بہت اچھا فٹ بالر تھا۔ وہ کرنل بن کر ریٹائر ہوا اور آج کل لاہور میں رہتا ہے۔ جیدی نے بلوچ رجمنٹ میں شمولیت اختیار کی اور کرنل بن کر ریٹائر ہوا۔ میں اور جیدی کورس میٹ ہونے کے ساتھ ساتھ گزشتہ 25 سال سے دوست بھی ہیں۔ جیدی نے بھی بحریہ ٹاؤن میں ہمارے گھر کے پاس گھر بنا رکھا ہے۔
تیسری اور چوتھی ٹرم خالصتاً فوجی تربیت کی تھیں۔ اس آخری سال میں فیلڈ ’فائرنگ اور‘ قیادت ’جیسی مشکل فوجی مشقوں کے ساتھ ساتھ مختلف رجمنٹل سنٹرز اور پاکستان کی سرحدوں پر تعینات یونٹوں کے دورے بھی شامل تھے۔ چوتھی ٹرم کے آغاز میں ہی ہم سے یونٹوں کی چوائس مانگی جانے لگیں۔ آپ نے آرمی کی کس یونٹ میں جانا ہے۔ اس کا 60 فی صد فیصلہ آپ کر سکتے ہیں۔ البتہ انتظامی وجوہات کی بنا پر آخری اختیار فوج اپنے پاس رکھتی ہے۔ آپ اپنی مرضی کی تین ترجیحات لکھتے ہیں۔ جن میں سے ایک یونٹ اکثر آپ کو مل جاتی ہے۔ ہاں البتہ اگر آپ کے والد بھی فوج میں تھے اور آپ ان کی یونٹ میں جانا چاہتے ہیں تو اس بات کا نوے فی صد امکان ہے کہ آپ کو ان کی یونٹ مل جائے۔ اس کو کلیم CLAIM کہا جاتا ہے۔ میں نے والد صاحب کے فوج میں ہونے کی وجہ سے پہلی ترجیح الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرز کور لکھی اور مجھے پہلی ترجیح کے طور پر وہی مل گئی۔ عقیل احمد کو بھی ای ایم ای ملی کیونکہ اس کا بھی کلیم تھا۔ شیر انور کو توپ خانہ ملا اور نجف احمد لودھی کو آزاد کشمیر رجمنٹ ملی۔
70 پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ 5 ستمبر 1984 ء کو منعقد ہوئی۔ اکیڈمی میں اعلیٰ ترین کارکردگی دکھانے پر دو انعامات دیے جاتے ہیں : اعزازی شمشیر SWORD OF HONOUR اور صدارتی طلائی تمغہ PRESIDENT ’S GOLD MEDAL۔ اعزازی شمشیر جاوید اختر کو ملی۔ جبکہ دوسرا بڑا انعام صدارتی طلائی تمغۂ خان طاہر جاوید خان کو ملا۔ خان طاہر جاوید توپ خانے میں شامل ہو کر جنرل کے عہدے تک پہنچا۔ جبکہ اعزازی شمشیر حاصل کر کے بلوچ رجمنٹ میں شامل ہونے والا سیکنڈ لیفٹیننٹ جاوید اختر سیاچن گلیشیئر کے ایک برف زار میں زندہ دفن ہو گیا اور ابھی تک وہیں ہے۔
1980 کی دہائی کے دوران پاک و ہند کی افواج کے درمیان سیاچن گلیشیئر پر جنگ اپنے عروج پر تھی۔ جاوید اختر ایک پوسٹ پر جاتے ہوئے اپنے ایک ساتھی لیفٹیننٹ جیلانی کے ساتھ ایک برفانی تودے AVALAUNCHE کے نیچے آ گیا۔ ایک سال کی جان لیوا محنت کے باوجود دونوں جان بازوں کو بازیاب نہیں کیا جا سکا تھا۔ پھر مزید جانیں گنوانے کی بجائے تلاش ترک کرنی پڑی کیونکہ برفانی تودے نے اس جگہ کا نقشہ ہی بدل دیا تھا اور جاوید اختر اور جیلانی کسی برفانی کنویں CREVESSE میں پھنس چکے تھے۔ جاوید اختر کے لنگوٹیے یار کیپٹن علی عباس (بعد میں میجر جنرل ریٹائرڈ) نے آرمی سے اجازت لے کر ایک سرچ پارٹی بنائی اور جاوید اختر اور جیلانی کو تلاش کرتے رہے مگر یہ کوشش بھی ثمر بار نہ ہو سکی۔
ہمارا ایک اور ہم جماعت لیفٹیننٹ ظفر عباسی کو قائد نامی پوسٹ پر ہیلی کاپٹر کے ذریعے اتارا گیا۔ عباسی نے نہایت بہادری سے دشمن کی طرف سے اس اہم پوسٹ پر قبضہ کرنے کی کوشش ناکام بنا دی۔ مگر چند دن کے بعد موسم شدید ہو گیا اور ہر قسم کا مواصلاتی رابطہ کٹ گیا۔ عباسی اپنے آپ کو زندہ رکھنے کی کوشش کرتا رہا۔ بالآخر جب اس کو ائر لفٹ کر کے راولپنڈی کے ملٹری ہسپتال لایا گیا تو وہ بے ہوش تھا۔ عباسی کو فراسٹ بائٹ FROSTBITE ہو چکی تھی اور گینگرین پھیل رہی تھی۔ ہوش آنے پر اس کی جان بچانے کے لیے دو ٹانگیں اور ایک بازو کاٹنا پڑا۔ اس کو الگ کمرے میں رکھا گیا تھا کیونکہ وہ نیند میں زور زور سے چلاتا تھا:
”الفا فار براوو کین یو ہیئر می؟“ کین یو ہیئر می؟ ”ALPHA FOR BRAVO، CAN YOU HEAR ME؟ CAN YOU HEAR ME؟ جب وہ جاگتا تو پسینے میں شرابور ہوتا۔ یہ سلسلہ کئی مہینے چلا۔ فوج نے عباسی کو ریٹائر کرنے کی بجائے ڈیسک جاب دے دی اور وہ کرنل بن کر ریٹائر ہوا۔ 1998 میں پاکستان ٹیلی ویژن پر پیش کیے گئے شعیب منصور کے ڈرامے الفا، براوو، چارلی میں (براوو ) یعنی کاشف کا کردار دراصل ظفر عباسی کی سچی کہانی تھی۔ 70 پی ایم اے لانگ کورس میں شجاعت کی ایک سے ایک داستان موجود ہے۔
”اب انھیں ڈھونڈ چراغ ِرُخ زیبا لے کر“


My dream life
Interesting
Very detailed but interesting. Sad to read how some people left this world, in strange circumstances and even some of them are still under the snow somewhere.
How beautifully written. I remember the ptv drama Alfa bravo Charlie and that character. It was so sad.
I wonder if the other characters were also based on real characters.
The best is to put all life experiences together.