میرے مطابق

برانڈنگ، اصول اور انسان

dr ali shazif

میں کچھ وقفے کے بعد یہ تحریر لکھ رہا ہوں۔ اس کی وجہ یہ ہے کہ کوئی مجھ سے اس کا تقاضا نہیں کرتا۔ خود سے کچھ لکھنے کا تقاضا بھی مجھے ہی کرنا پڑتا ہے۔ وجہ یہ ہے کہ میرے لکھنے میں کسی کا مالی مفاد نہیں ہے، نہ میرا اور نہ ہی ان تحریروں کو شائع کرنے والوں کا۔ یہ ویب سائٹس میرے بغیر ہی بہت کما لیتی ہیں۔ اگر میں انہیں خاطر خواہ قارئین فراہم کرتا تو شاید وہ مجھ سے تقاضا بھی کرتیں اور میرا ریٹ بھی لگاتیں، جیسے میرے ہسپتال نے میرا ریٹ لگایا ہے۔

البتہ ہسپتال مجھ سے مریضوں کی تعداد بڑھانے کا تقاضا کرتا ہے، جو میرے اختیار میں نہیں۔ میں ہسپتال کا ملازم ہوں، کوئی بزنس مین نہیں کہ ہسپتال کے لیے کاروبار لا سکوں۔ لیکن چونکہ یہ ایک عمومی رجحان بن چکا ہے، اس لیے مجھ سے بھی یہی توقع وابستہ کی جاتی ہے۔ یہ امید باندھنے سے پہلے میرا پس منظر نہیں دیکھا جاتا بلکہ یہ فرض کر لیا جاتا ہے کہ میں بھی ان پیشہ ور افراد جیسا ہوں گا جنہیں پوسٹ گریجویٹ تربیت میں یہ سبق پڑھایا جاتا ہے کہ خود کو کیسے بیچا جائے۔ گویا ہم عمومی طور پر ایک قابلِ فروخت شے ہیں۔

جیسے آج کل لیگ کرکٹ میں کھلاڑیوں کو خریدا جاتا ہے اور پھر ان سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی قیمت وصول کروا دیں گے۔ اسے کمرشلائزیشن یا برانڈنگ کہا جاتا ہے۔ یعنی کامیابی کا معیار یہ ہے کہ ہم کتنے بڑے برانڈ ہیں۔ آج کل مولویوں، سیاست دانوں، استادوں، تخلیق کاروں، شاعروں، حتیٰ کہ کمیونسٹ تنظیموں کی بھی برانڈنگ ہوتی ہے۔ ہم خود کو میڈیا پر رنگ برنگی پوسٹوں کے ذریعے پیش کرتے ہیں تاکہ ہماری قیمت بڑھے۔ یہ سب معمول کی بات سمجھی جاتی ہے، حالانکہ اخلاقی طور پر شاید یہ درست نہ ہو۔

سرمایہ داری ہمارے سماجی تعلقات کا تعین کرتی ہے۔ بلکہ اس کی جگہ کوئی بھی معاشی نظام ہوتا تو وہی ہمارے رشتوں کا معیار قائم کرتا۔ یہ مارکسی نقطۂ نظر ہے۔ مذہبی اور دوسرے افراد سمجھتے ہیں کہ اخلاقیات براہِ راست تبلیغ کے ذریعے قائم کی جا سکتی ہیں۔ یعنی مذہب کے مطابق ہم ماں باپ، اساتذہ اور ریاست کے طور پر اپنے بچوں کی جیسی تربیت کریں گے، وہ ویسے ہی بن جائیں گے اور اس کا سماج کی معاشی صورتحال سے براہِ راست کوئی تعلق نہیں ہو گا۔

اس کے ثبوت میں یہ کہا جاتا ہے کہ عام طور پر غریبوں کے بچے با ادب اور خوشحال گھرانوں کے بچے بگڑے ہوئے ہوتے ہیں۔ حالانکہ صورتِ حال یہ ہوتی ہے کہ غریب بچے سوال نہیں کرتے اور من و عن بات ماننے میں اپنی عافیت سمجھتے ہیں، جبکہ خوشحال بچے ہر بات پر سوال اٹھاتے ہیں۔ یہی بچے جنریشن زی (Gen Z) کہلاتے ہیں اور آج کل دنیا بھر میں ان کا بہت چرچا ہے۔

حال ہی میں بھارت میں ”کاکروچ جنتا پارٹی“ کی برانڈنگ کی گئی تاکہ تعلیمی مسائل کو اجاگر کیا جا سکے۔ اس برانڈنگ میں جس کا جتنا ہاتھ پڑ رہا ہے، وہ اتنا ہی کما رہا ہے۔ پارٹی کی مقبولیت چند ہی دنوں میں کئی عشروں سے قائم بی جے پی اور سو سال سے بھی زیادہ پرانی انڈین نیشنل کانگریس کے اعداد و شمار سے تجاوز کر چکی ہے۔ اسے اس کی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ یہی کامیابی کا معیار بن چکا ہے۔ یہاں کسی کی جدوجہد، تپسیا، سیاسی مشق اور تجربہ، کم از کم عارضی طور پر، اپنی وقعت کھو بیٹھتے ہیں اور اس کی ساکھ بھی متاثر ہوتی ہے۔

میرے دوست ڈاکٹر علی رضا نقوی نے میری کتاب پڑھ کر مجھے بتایا کہ کتاب مختصر مگر جامع ہے۔ ان کے خیال میں اس پر محنت کی گئی ہے اور اس میں کوئی بات اضافی نہیں۔ یعنی ہر مضمون نپا تلا ہے اور اسے غیر ضروری طور پر طول نہیں دیا گیا۔ میں ان کا ممنون ہوں، لیکن میں نے اس کی کوئی شعوری کوشش نہیں کی۔

میں کتاب کی برانڈنگ کرنے کی کوشش ضرور کر رہا ہوں، لیکن محتاط بھی ہوں کہ کہیں اسے اس کے استحقاق سے زیادہ پذیرائی نہ مل جائے۔ مگر صرف جائز پذیرائی سے برانڈنگ حاصل نہیں کی جا سکتی۔ بزنس اکثر اس اصول پر چلتا ہے کہ جو تم نہیں ہو، وہ بن کر دکھاؤ۔ لوگوں کی آنکھیں چندھیا دو کیونکہ لوگ بھی چندھیائی ہوئی آنکھوں سے دیکھنا پسند کرتے ہیں۔ سب کو چمک چاہیے۔

میرے ذہن و دل میں کبھی پیسے کمانے کی ہوس پیدا نہیں ہوئی۔ یہ میری خوبی نہیں بلکہ بعض اوقات میری کمزوری بن گئی۔ لوگوں نے مجھے دونوں ہاتھوں سے نوچا، مگر پھر بھی ان کی ہوس ختم نہ ہوئی۔ مجھ پر یہ تہمت بھی لگائی گئی کہ میں اپنوں کا مالی حق غصب کیے بیٹھا ہوں۔

میں اپنی خود احتسابی کرتا رہتا ہوں۔ اگر مقروض نہ ہوتا تو سب کے گلے شکوے فوراً دور کر دیتا، لیکن اس میں کچھ وقت لگے گا۔ اس لیے میرے پیارے کچھ انتظار کریں۔ اسی دوران مجھ پر بہتان زنی بھی جاری رکھیں تاکہ مجھے یاد رہے، ورنہ میں ہمیشہ کی طرح انجانے میں کسی کا حق کھا بیٹھوں گا۔

میں نے رشتوں کے جدید معیارات کا مطالعہ کر کے یہ سبق سیکھا ہے کہ ہمیں اپنی بنیادی اخلاقیات کو مضبوط رکھنا چاہیے۔ لوگ ہمیشہ ہماری اصول پسندی اور اشتراکی نظریات سے خائف رہیں گے، لیکن ہم پر چیخنے چلانے، بڑوں کی بے ادبی کرنے یا دوسرے الزامات لگا کر اصل بحث کا رخ موڑ دیا جائے گا۔ ہمارے اصول اور نظریات پس منظر میں چلے جائیں گے۔ ہمارا سماجی بائیکاٹ کیا جا سکتا ہے اور ہمیں تنہا کر دیا جا سکتا ہے۔

دورِ جدید میں ہماری شخصیت سازی ہمیشہ ہم خود نہیں کرتے۔ برانڈنگ کی طرح میڈیا بھی ہماری شخصیت کو مسخ کر کے پیش کر سکتا ہے۔ مثال کے طور پر، مجھے ایک خاتون سے محبت ہوئی تو میری ایک دوست نے مجھ سے کہا: ”آپ پیچھے ہٹ جائیں، ورنہ آپ پر ہراسانی کا الزام لگا کر آپ کے خلاف میڈیا مہم چلا دی جائے گی۔“

ہمارے خلاف چلنے والی میڈیا مہم صرف دوسروں پر ہی اثر انداز نہیں ہوتی بلکہ خود ہم پر بھی اثر ڈالتی ہے۔ ہم خود کو بھی وہی سمجھنے لگتے ہیں جو دنیا ہمیں سمجھتی ہے۔ ہم الجھن کا شکار ہو سکتے ہیں۔ کبھی ہم تردید یا تسلیم، دونوں میں سے کسی پوزیشن میں نہیں رہتے۔ ہمارا خود پر اعتماد متزلزل ہو سکتا ہے۔ ہم خود سے ہی سوال کرنے لگتے ہیں۔

کبھی کبھی ہمیں اپنے بارے میں درست جواب حاصل کرنے میں ایک طویل عرصہ لگ جاتا ہے، اور کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ ہم زندگی بھر اپنے بارے میں درست جواب حاصل نہیں کر پاتے اور زندگی ختم ہو جاتی ہے۔

شاید یہ انسانی احساسات نسبتاً نئے ہوں۔ شاید یہ پہلے اس شدت سے موجود نہ تھے۔ لیکن دنیا پہلے سے کہیں زیادہ تیزی سے بدل رہی ہے، اور نت نئے احساسات جنم لے رہے ہیں، نئے تجربات وقوع پذیر ہو رہے ہیں۔ ایسے میں جدید انسان کا سب سے بڑا چیلنج اپنی دیانتِ نفس (integrity) کو برقرار رکھنا اور زندگی میں توازن قائم رکھنا ہے۔

Subscribe
Notify of
guest
1 Comment
DR ZeeShan
DR ZeeShan
5 months ago

💯👍👍👍

Related Articles

Back to top button
✕
HumSub

FREE
VIEW