ٹیلی گراف سے الگورتھم تک: ڈیجیٹل امپریل ازم کا تاریخی مطالعہ

جب برطانوی استعمار نے برصغیر پر شکنجہ مضبوط کرنا شروع کیا تو انھیں علم ہوا کہ محض عسکری طاقت، مقامی سہولت کاروں اور گماشتوں کے ذریعے وسیع خطے پر تسلط برقرار رکھنا دشوار ہو گا۔ نوآبادیاتی دورِ ہند میں تین دور رس انقلابات نے جنم لیا : ڈاک خانہ، ٹیلی گراف اور ریلوے۔ محض تین برسوں کے اندر یہ تینوں ادارے متعارف کروا کر برطانوی استعمار نے اپنی گرفت مضبوط کی اور محکوم ہندستان پر اپنی حاکمیت کے ڈھانچے کو منظم و مستحکم بنا لیا۔ یہ سب ترسیل کے مختلف پہلوؤں سے وابستہ تھے، کہیں تجارتی مال و اسباب کی نقل و حمل، تو کہیں پیغام رسانی، نگرانی اور جاسوسی کا جال۔ استعمار نے اپنی طاقت کو مرتکز کرنے کے لیے ایک مرکزیت پیدا کی، مگر یہ مرکزیت داخلی کم اور خارجی زیادہ تھی، جس کی اصل بنیادیں لندن میں پیوست تھیں۔ تجارتی استحصال کے میدان میں ریلوے کا جال برطانوی مفادات کے لیے ایک مضبوط ریڑھ کی ہڈی ثابت ہوا، جو خام مال کو بندرگاہوں تک پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرتا تھا۔ دوسری طرف، ڈاک خانہ اور ٹیلی گراف کا نظام، سرکاری و عسکری معلومات کی برق رفتار ترسیل اور نگرانی کے لیے ایک موثر ہتھیار بن گیا۔ یوں ترسیلات کے یہ تینوں انقلابات ہندستان میں برطانوی اقتدار کے ستون بن گئے۔
اکیسویں صدی کا نوجوان یا جنریشن زی یہ تصور کرتی ہے کہ برقی پیغامات کی ترسیل اس صدی کی انوویشن ہے، حالاں کہ ڈیجیٹل دور کی پہلی انقلابی لہر ڈیڑھ صدی قبل برصغیر میں اُس وقت اٹھی جب ٹیلی گراف جیسی غیر معمولی ٹیکنالوجی منظرِ عام پر آئی۔ یہ محض پیغام رسانی کا ذریعہ نہیں تھی بلکہ لندن کے خودساختہ جمہوریت کے علمبرداروں اور یورپی استعماری کمپنیوں کے ہاتھوں میں ایک ایسا مہلک آلہ بن گئی، جس کے ذریعے وہ ہندستان کی دولت کو بے دریغ لوٹنے، اس پر اپنی گرفت مضبوط کرنے اور سلطنت کے دور دراز کونوں کو ایک مرکز سے جوڑنے کے قابل ہو گئے۔ ٹیلی گراف کے ذریعے سے ہندستان کا وائسرائے اور لندن میں بیٹھا سیکرٹری برصغیر کے کسی دور افتادہ ضلع میں ہونے والی کسی بھی سیاسی تحریک کو کچلنے کا حکم فوراً جاری کر سکتا تھا۔
برصغیر میں ٹیلی گراف کی بنیاد ایسٹ انڈیا کمپنی نے رکھی، 1850 ء میں کلکتہ سے ڈائمنڈ ہاربر، بنگال تک ایک تجرباتی تار کھینچی گئی، مگر یہ صرف ایک مواصلاتی منصوبہ نہ تھا؛ یہ غلامی کی زنجیر کا پہلا کنڈا تھا۔ جب 1857 ء میں جنگِ آزادی کی آگ بھڑکی تو یہی تاریں بغاوت کچلنے کے احکامات کا آہنی راستہ بن گئیں۔ گورے حاکموں نے سیکھ لیا کہ نوآبادیاتی راج صرف توپ و تفنگ سے نہیں، اطلاعات کی برق رفتاری سے قائم رہتا ہے۔ دشمن کی گولی سے پہلے اگر حکم پہنچ جائے، تو بغاوت دم توڑ دیتی ہے۔ ٹیلی گراف نے برطانوی اقتدار کو وہ رفتار دی جس نے ہزاروں میل پھیلے ہندستان کو لندن کی انگلیوں پر نچانا ممکن بنایا۔ یہ نظام صرف پیغام رسانی نہ تھا، بلکہ ایک ایسا خفیہ ہتھیار تھا جس نے حکومت کو ہر بغاوت سے پہلے باخبر اور ہر مزاحمت سے پہلے متحرک کر دیا۔ یہی تاریں تھیں جنہوں نے ہندستان کی زمین پر سامراجی اقتدار کی بنیادیں گہری کیں۔
1858 ء کا سال برطانوی سامراج کے لیے ایک فیصلہ کن موڑ تھا۔ ملکہ وکٹوریا نے ایک فرمان کے ذریعے ایسٹ انڈیا کمپنی کی حکومت ختم کر دی، مگر یہ کوئی رحم کا اعلان نہ تھا، بلکہ اقتدار کی براہِ راست تحویل تھی اور ہندستان اب تاجِ برطانیہ کے زیر تسلط آ گیا تھا۔ ”قیصرۂ ہند“ کا تاج دراصل غلامی کی وہ مہر تھی جس کے بعد ہندستان کی سیاست، معیشت، اور زمین پر حاکمیت کو مکمل طور پر نوآبادیاتی مفادات کے تابع کر دیا گیا۔ اسی تسلط کو موثر بنانے کے لیے برطانیہ نے تلوار کے ساتھ تار کا بھی سہارا لیا۔ 1860 ء تک ٹیلی گراف کی لائنیں گیارہ ہزار کلومیٹر تک برصغیر میں پھیل چکی تھیں، اور صرف ایک دہائی میں یہ برقی تاریں ہندستان کو براہِ راست لندن سے جوڑ چکی تھیں۔ یہ محض مواصلاتی سہولت نہیں تھی یہ برطانوی استعمار کا اعصابی نظام تھا، ایک برقی آمریت جو دور بیٹھے حاکم کو میدانِ جنگ، بازار، دفتر، اور حکومتی دربار تک مکمل اختیار دیتی تھی۔ یہ جال زمین پر ہی نہیں رُکا، برطانیہ نے سمندروں کے اندر بھی تاریں بچھا کر ہندستان کو عالمی سلطنت کے مواصلاتی پنجے میں کس دیا۔ اب ہندستان صرف سیاسی طور پر محکوم نہیں تھا بلکہ معلوماتی طور پر بھی زیرِ تسلط آ چکا تھا۔ اس پورے منصوبے کی معمار وہ کمپنیاں تھیں جو بظاہر نجی تھیں، مگر درحقیقت برطانوی پارلیمان اور ملکہ برطانیہ کی بازو تھیں : ایسٹرن ٹیلی گراف کمپنی، انڈو یورپین ٹیلی گراف کمپنی اور برٹش انڈین سب میرین ٹیلی گراف کمپنی۔ ان کمپنیوں نے نہ صرف تاریں بچھائیں بلکہ ہندستان میں مقامی افرادی قوت کو استعماری مشین کا پرزہ بنا دیا، مزدور ہندستانی، حکم غیر ملکی، فائدہ سامراج کا، یوں برطانوی اقتدار صرف بندوق سے نہیں، بلکہ برقی رفتار، معلوماتی مرکزیت اور مواصلاتی غلامی سے بھی قائم رہا۔
ٹیلی گراف پیغام رسانی کے لیے مورس کوڈ استعمال کیا جاتا تھا جس کے ذریعے پیغام کو برقی اشاروں (نقتوں اور ڈیشوں ) میں بدلا جاتا اور پھر دوسرے مقام پر اسے دوبارہ تحریری شکل دی جاتی۔ حساس معلومات اور سرکاری رازوں کی ترسیل کے لیے خفیہ کوڈز استعمال کیے جاتے جنھیں ڈی کوڈ کرنے کے لیے تربیت یافتہ آپریٹرز کی ضرورت ہوتی تھی۔ ان آپریٹرز کی تربیت کے لیے کلکتہ کے علاقے علی پور میں انڈین ٹیلی گراف ٹریننگ سکول قائم کیا گیا جہاں ہندستانی نوجوانوں کو انگریزی، ریاضی، مورس کوڈ، مشین آپریشن، اور بنیادی انجینئرنگ کی تربیت دی جاتی۔ اعلیٰ سطح کے افسران اور تکنیکی ماہرین کو برطانیہ میں رائل سکول آف سگنلز، جیسے اداروں میں تربیت دے کر ہندستان بھیجا جاتا، تاکہ وہ نہ صرف سسٹم چلائیں بلکہ مقامی اہلکاروں کو بھی تربیت دیں۔ ٹیلی گراف کا یہ نظام نوآبادیاتی بیوروکریسی کی روح میں بس گیا۔
ہر ضلع، ہر ریلوے اسٹیشن اور ہر فوجی چھاؤنی اس نظام سے منسلک تھی تاکہ کوئی اطلاع تاخیر کا شکار نہ ہو۔ یہ نظام محض اطلاعات کا ذریعہ نہ تھا بلکہ اقتدار، نظم، اور نفسیاتی برتری کا ایسا ہتھیار تھا جس کے ذریعے برطانوی حکام نے برصغیر کے لاکھوں افراد کو اپنے برقی پنجے میں جکڑ لیا۔ رفتہ رفتہ ٹیلی گرافی برطانوی استبداد کی علامت بن گئی ایک ایسا نظام جو بظاہر ترقی کی علامت تھا مگر حقیقت میں تابعداری کی زنجیر تھی۔ جرمن مفکر والٹر بنیامین نے بجا طور پر کہا تھا کہ جب ٹیکنالوجی جبر کے سیاق میں استعمال ہو تو وہ آزادی نہیں بلکہ محکومی کی رفتار بن جاتی ہے۔ برصغیر میں برطانوی ٹیلی گراف نظام بھی ایسا ہی ایک سامراجی ہتھیار تھا جو ظاہری طور پر جدت، رفتار اور تنظیم کا علمبردار تھا مگر اندر سے ایک استبدادی و استعماری ڈھانچہ تھا جو آزادی کے ہر امکان کو تاروں میں قید کرتا اور برقی لہروں کے ذریعے غلامی کو تقویت دیتا تھا۔
1857 ء کی جنگِ آزادی جب اپنے خونی باب کے ساتھ ختم ہوئی، تو برطانیہ نے محض کمپنی راج کے پردے کو اتارا۔ اندر سے چہرہ وہی تھا، صرف نقاب بدلا گیا۔ ایسٹ انڈیا کمپنی کی تحلیل کا اعلان ایک تجارتی ادارے کی موت نہیں، بلکہ سامراج کی نئی پیدائش تھی؛ اب براہِ راست تاجِ برطانیہ کی حکمرانی مسلط ہو چکی تھی۔ مگر دلچسپ بات یہ ہے کہ ادارہ بدلا، مگر چہرے وہی رہے۔ کمپنی کے وہی تجربہ کار افسر، جنھوں نے تجارت کے نام پر فریب، اور حکومت کے پردے میں استبداد سیکھا تھا، اب تاج کے ملازم بن گئے۔ کمپنی کے ریٹائرڈ غلام اب ملکہ کے وفادار بن چکے تھے۔ انہی میں ایک نمایاں نام تھا لارڈ ڈلہوزی، وہی شخص جس نے ریلوے، ڈاک اور ٹیلی گراف کے نام پر ترقی کا نقاب اوڑھ کر ہندستان کو تاروں کی غلامی میں جکڑنے کا منصوبہ ترتیب دیا۔ جدیدیت کا یہ مبلغ دراصل مرکزیت، نگرانی اور رفتار کے ذریعے اقتدار کے استحکام کا معمار تھا۔ ٹیلی گراف کے اس منصوبے کو عملی شکل دینے والا اور کوئی نہیں، بلکہ کمپنی کا پرانا افسر میجر پیٹرک اسٹوارٹ تھا، وہی شخص جس نے 1850 ء میں کلکتہ اور ڈائمنڈ ہاربر کے درمیان پہلی تجرباتی لائن کی نگرانی کی اب نوآبادیاتی ہندستان کے انڈین ٹیلی گراف ڈیپارٹمنٹ کا پہلا سپرنٹنڈنٹ جنرل مقرر ہوا۔ یہ کوئی حادثہ نہیں تھا؛ یہ نوآبادیاتی منطق کا عین مظہر تھا ؛ ماہرین، منصوبہ ساز، اور سازشی دماغ وہی، صرف آقا کا تاج بدلا۔ یوں برطانوی حکومت نے ایسٹ انڈیا کمپنی کے استعماری علم و ہنر کو ضائع نہیں ہونے دیا بلکہ اسے باقاعدہ ریاستی طاقت میں ضم کر کے ہندستان کو ایک ایسے سسٹم کے حوالے کیا جس کے ہاتھ میں بندوق بھی تھی، اور تار بھی۔ دونوں کا ہدف ایک ہی تھا: ہندستان کی محکومیت۔
1865 ء تک برطانیہ نے برصغیر کو ایک ایسی برقی زنجیر میں جکڑ دیا تھا جس کی لمبائی 28,000 کلومیٹر تک جا پہنچی۔ 1900 ء تک یہ جال 84,000 کلومیٹر تک پھیل چکا تھا، جو 4,949 شہروں اور قصبوں میں قائم ٹیلی گراف دفاتر کو آپس میں جوڑتا تھا۔ ہر سال لاکھوں پیغامات اس نظام کے ذریعے گردش کرتے اور ان پیغامات کو دور افتادہ دیہات تک پہنچانے کے لیے قاصدوں کی ٹولیاں استعمال ہوتیں، ایک ایسا منظر جس میں رفتار غلامی کی نئی شکل بن گئی تھی۔ 1947 ء میں جب برصغیر سیاسی آزادی کی دہلیز پر کھڑا تھا، تب تک ٹیلی گراف لائنوں کی مجموعی لمبائی 185,000 کلومیٹر ہو چکی تھی یعنی ہر میل پر حکومت کی رسائی، اور ہر قدم پر سامراج کی نظریں۔ سولہ الفاظ پر مشتمل ایک پیغام کی قیمت ایک روپیہ مقرر تھی۔
اسی تسلط کی دوسری شکل 1854 ء کا ڈاک خانہ ایکٹ تھا جو لارڈ ڈلہوزی کے دور میں نافذ ہوا۔ اس قانون نے مقامی اور صوبائی سطح پر چلنے والے بکھرے ہوئے نظامِ ڈاک کو ختم کر کے ایک متحد اور مرکوز برطانوی ڈاک سروس کی بنیاد رکھ دی۔ ابتدا میں خطوط قاصدوں کے ذریعے، دوڑتے قدموں سے، منزلوں تک پہنچتے لیکن جیسے جیسے سلطنت کی بھوک بڑھی، ویسے ہی اس ترسیلی نظام کو نئی رفتار دی گئی۔ قاصدوں کے ساتھ ڈاک گاڑیاں اور کشتیاں شامل کی گئیں، تاکہ اقتدار کے خطوط ہر حال میں، ہر کونے تک پہنچ سکیں۔ 1854 ء میں جہاں صرف 700 ڈاک خانے تھے، وہیں 1900 ء تک یہ تعداد بڑھ کر 12,970 تک جا پہنچی گویا ہر نیا ڈاک خانہ صرف عوام کے لیے سہولت نہ تھا، بلکہ تاجِ برطانیہ کے لیے ایک نیا مورچہ تھا۔
ایسٹ انڈیا کمپنی کے زوال کے بعد برطانوی سرمایہ دار طبقے نے محض اپنا لبادہ بدلا، اور ٹیلی گراف کمپنیوں کی صورت میں ایک نیا کارپوریٹ چہرہ تراشا۔ ٹیلی گراف کمپنیاں درحقیقت انہی استعماری خاندانوں کے مفادات کا تسلسل تھیں، جو پہلے ایسٹ انڈیا کمپنی میں شریکِ جرم تھے۔ یہ کمپنیاں تاجِ برطانیہ کی خدمت کے نام پر برصغیر میں وہی کھیل، کھیل رہی تھیں جو پہلے تجارت اور فریب کے نام پر کھیلا جاتا تھا۔ ان اداروں کے بورڈ آف ڈائریکٹرز میں وہی اشرافیہ شامل تھی، جن کے آبا و اجداد کمپنی کے شریکِ کار رہے تھے۔ مثلاً ٹیلی گراف کنسٹرکشن اینڈ مینٹیننس کمپنی میں لارڈ جان لارنس جیسے سابق گورنر جنرل کے رشتہ دار موجود تھے یعنی وہی خون، وہی ذہن، صرف چہرہ نیا۔ اس نظام کو سرکاری جواز اور مالی پشت پناہی فراہم کرنے والوں میں سر چارلس وڈ بھی شامل تھے، جو پہلے ایسٹ انڈیا کمپنی کے بورڈ آف کنٹرول کے صدر رہے، پھر تاجِ برطانیہ کے تحت ”سیکرٹری آف انڈیا“ مقرر ہوئے اور وہی شخص تھا جس نے ٹیلی گراف نیٹ ورک کی توسیع کے لیے سرکاری خزانے کے دہانے کھولے۔ یوں یہ تمام کمپنیاں اور ادارے مل کر ایک ایسا گٹھ جوڑ بن گئے جس نے معلومات، سرمائے، اور اختیار کے تمام دھارے اپنے قبضے میں رکھے۔ ان کا مقصد صرف رابطہ سازی نہیں تھا بلکہ پورے برصغیر پر برطانوی حاکمیت کو اتنے مضبوط اعصاب عطا کرنا تھا کہ بغاوت صرف ناکام ہی نہ ہو، بلکہ وقت سے پہلے خاموش کر دی جائے۔
ہندستان میں برطانوی سامراجی حکومت کے علاوہ، ٹیلی گراف کیبل کمپنیاں تین اہم طبقوں پر منحصر تھیں : شپنگ کمپنیاں، سرمایہ دار اور خبروں کی ایجنسیز۔ شپنگ اور تجارتی اداروں کے لیے ٹیلی گراف زندگی کی رگ تھی، بادبانی جہازوں کے کپتان ہر بار کسی بندرگاہ پر پہنچ کر فوراً اپنے آفس کو اطلاع دیتے، جبکہ بھاپ سے چلنے والے جہاز اتنے مہنگے اور قیمتی تھے کہ انہیں لگاتار بھرپور استعمال میں لانا لازمی تھا۔ تاجروں کو ہمیشہ تازہ ترین قیمتوں، رسد، اور بازار کی صورتحال کی خبر درکار تھی تاکہ وہ اپنی تجارت کے سودے بازی میں کامیاب رہ سکیں۔ اسی ضرورت نے خبروں کی ایجنسیوں کو جنم دیا، جو نہ صرف تجارتی معلومات بلکہ دنیا بھر کی سیاسی و سماجی خبریں بھی فراہم کرتی تھیں۔ ان میں سب سے زیادہ طاقتور اور موثر رائٹرز تھی۔ 1850 ء میں جب پروشیا میں پہلی ٹیلی گراف لائن شروع ہوئی، جولیئس رائٹر نے آخن میں اپنے دفتر سے برلن میں موجود برنہارڈ وولف کے ساتھ رابطہ قائم کیا۔ ایک سال بعد رائٹرز نے لندن اور پیرس میں دفاتر کھولے تاکہ اپنی گرفت یورپ تک مضبوط کرے۔ 1866 ء میں جب ہندستان کے ساتھ ٹیلی گرافی رابطہ قائم ہوا، تو رائٹرز نے فوراً بمبئی میں دفتر کھولا، اور اگلے چند سالوں میں کلکتہ، کراچی، مدراس کے علاوہ سیلون، سنگاپور، ہانگ کانگ اور آسٹریلیا میں بھی دفاتر قائم کیے۔ بیسویں صدی کے آغاز تک، رائٹرز نے برطانوی سلطنت اور زیادہ تر ایشیا کی خبریں قابو میں کر لی تھیں، جبکہ دنیا کے باقی حصوں کو فرانسیسی، جرمن اور امریکی ایجنسیوں کے سپرد کر دیا گیا تھا۔
ہندستان اس کا سب سے قیمتی بازار تھا، جہاں ہر چار میں سے ایک نمائندہ رائٹرز کے لیے کام کرتا تھا۔ برطانوی اور ہندستانی حکومتوں سے گہرے روابط نے اسے ہندستان کے اندر اور باہر خبر رسانی کا مکمل کنٹرول عطا کیا۔ اس نے لندن میں انڈیا آفس کو خصوصی سبسڈی کے ذریعے خبریں فراہم کیں اور سرکاری پریس ریلیزز کو پھیلایا۔ جب رائٹرز نے ہندستان کی دو آزاد خبروں کی ایجنسیوں کو خرید لیا، تو ملک کے اندرونی خبری بازار پر بھی اس کی گرفت مستحکم ہو گئی۔ یہ تمام نظام صرف خبروں کا تبادلہ نہیں تھا، بلکہ برطانوی سلطنت کو ایک مضبوط مواصلاتی جال میں باندھنے کی سازش تھی، جہاں لندن مرکز تھا اور پورا برصغیر اس کے ماتحت۔ اس جال کے بیچ میں براہ راست رابطہ تقریباً ناممکن تھا۔
یوں کہا جا سکتا ہے کہ ٹیلی گراف کمپنیاں، ان کے انجینئر، سرمایہ کار اور منیجر سب ایسٹ انڈیا کمپنی کی روحانی و انتظامی اولاد تھے۔ وہی ارادے، وہی تسلط، اور وہی استحصال، بس نقاب نیا تھا۔ ٹیلی گراف کی تاریں صرف تانبے کی نہیں تھیں، بلکہ یہ دراصل نوآبادیاتی قبضے کی برقی زنجیر تھے، جو ہندستانی عوام کی آزادی کی ہر ممکن کوشش کو وقت سے پہلے اطلاع دے کر کچلنے کے لیے بنائی گئیں۔ یہ نہ صرف خبروں کا نیٹ ورک تھا، بلکہ نوآبادیاتی ریاست کے دماغ، اعصاب اور آنکھیں بھی۔ برطانوی سامراج نے برصغیر کو تاروں اور کوڈز کے ذریعے محکوم بنایا، اور اس عمل نے ایک ایسا نوآبادیاتی فکری ڈھانچہ قائم کیا جس میں معلومات کی ملکیت، رفتار، اور مرکزیت صرف طاقتور کے ہاتھ میں تھی۔ یہی ڈھانچہ آج ڈیجیٹل عہد میں ڈیٹا کالونیل ازم کی صورت میں ابھرا ہے، جہاں ٹیلی گراف کی جگہ فائبر آپٹک کیبلز نے لے لی ہے اور وائسرائے کی جگہ ملٹی نیشنل ٹیک کمپنیاں براجمان ہیں۔ گوگل، ایمازون، میٹا، اور مائیکروسافٹ جیسے ادارے آج وہی کام کر رہے ہیں جو کلکتہ میں برطانوی جنرل پوسٹ آفس کرتا تھا: اطلاعات کا یک طرفہ بہاؤ، نگرانی کا نظام، اور مواصلاتی اجارہ داری۔
یہ بات نہایت معنی خیز ہے کہ جس طرح برطانوی راج میں مقامی افراد کو صرف پیغام پہنچانے تک محدود رکھا گیا تھا، آج بھی ترقی پذیر اقوام کو صرف ڈیجیٹل مزدوری اور صارف کی سطح تک محدود رکھا جا رہا ہے۔ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، کلاؤڈ سرورز، اور انٹرنیٹ گیٹ ویز آج بھی اسی طرح مغربی ملکوں کے قبضے میں ہیں جس طرح کبھی تارِ برقی کا راستہ صرف لندن سے ہو کر نکلتا تھا۔ اس تاریخی تسلسل کو سمجھنا اس لیے ضروری ہے کیونکہ اگر ٹیلی گراف نے برطانوی راج کو مستحکم کیا تھا تو آج کا ڈیجیٹل نظام نئے استعمار کو تقویت دے رہا ہے، ایک ایسا استعمار جو بندوق سے نہیں، بینڈوڈتھ سے حکم چلاتا ہے، اور جس کا وائسرائے الگورتھم کی صورت میں پوشیدہ ہے۔ برصغیر میں ٹیلی گراف کے ذریعے استبداد کی جو بنیاد رکھی گئی تھی، وہی آج کے ڈیجیٹل استعمار کی خاموش مگر انتہائی طاقتور جڑ بن چکی ہے۔

اچھا کالم تحریر کیا ہے
, the worst use of pen and words to create more shah dolle in society.
rely a negative approach,
ماشاءاللّٰه بہترین تجزیہ ۔اللہ کریم سلامت رکھے