ڈیزائنر کھڈے

بہت سال پہلے کراچی سے نیشنل ہائی وے پر ڈرائیو کرنے کے لئے صبح سویرے کا وقت منتخب کیا تھا کہ ٹریفک کم ہو گا۔ گلشن سے نکل کر راشد منہاس روڈ والے فلائی اوور پر مزے سے گزر رہی تھی کہ ایسے لگا ہوئی ہوائی جہاز قریب سے گزرا ہے، پھر ایسا دو تین بار ہوا، دو تین گاڑیاں زناٹے سے گزریں جیسے کوئی میراتھن مقابلہ ہو۔ اتنی اسپیڈ کا کراچی کی سڑکوں پر کبھی سوچا نہ تھا۔ پھر دماغ کے کسی کونے سے آواز آئی کہ یاد نہیں فلاں فلاں ایکسیڈنٹ صبح سویرے ہوئے تھے، شہر میں، ہائی وے پر، اس طرح کے واقعات یاد آئے۔ ہیوی ٹریفک تو بڑی نعمت ہے بھائی۔
ایک دوست کا گھر جو بڑے اچھے پوش علاقے میں تھا اور گھر کے آگے اتنے بڑے کھڈے تھے کہ جی میں آیا میں یہاں رہتی ہوتی تو خود ہی بھروا لیتی انہیں۔ کیا پتہ یہ لوگ خود ہی نہ ٹھیک کرواتے ہوں تاکہ چور ایسے راستے پر آ بھی پھٹکے تو واپس نہ جا سکے، پھر اپنے ہی خیال پر ہنسی بھی آئی کہ یوں تو پولیس بھی نہیں آ سکے گی لیکن وہ تو ایسے بھی نہیں آتی۔
خیر ہم کو کئی کھڈوں کو دیکھ کر ایسا لگا ہے کہ جیسے جان بوجھ کہ چھوڑے گئے ہوں کہ اگر وہاں وہ نہ ہوں تو ٹریفک ایسے چلے جیسے صبح سویرے چلتی ہے۔
اسپتال جاتے ہوئے ایک انوکھا سا کھڈا ہے سالوں سے ویسا ہی ہے۔ اس راستے پر جاتے ہوئے پہلے تو آپ کے پیچھے والی گاڑیاں جی بھر کہ ڈپر اور ہارن دیتی ہیں جیسے کہ آگے والی گاڑی بوقت ضرورت اڑنے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ پھر بائیکرز ناک کے نتھنوں سے بھی چھوٹے سوراخوں سے نکل آتے ہیں۔ کھڈے سے آگے دوسری جانب کی سڑک کے بیرئیر کو توڑ کر ایک ایسا ہی سوراخ نما راستہ بنایا گیا ہے۔ کھڈے کے دوسری طرف ٹھیلے والوں کا قبضہ ہے اور ایک گلی گھروں کی طرف جاتی ہے جہاں سے رکشہ کا نہ ختم ہونے والا سلسلہ ہے۔ ایسے میں یہ کھڈا نہ ہو تو سوچیں ذرا کہ کیا ہو۔ اب آپ کو لگ رہا ہو گا کہ ہم آپ کے علاقے کی بات کر رہے ہوں گے۔ ارے نہیں یہ تو پر دوسرے علاقے کی کہانی ہے۔ اس طرح کے گڑھے، کھڈے، ٹوٹی سڑکیں یہ سب حکومت نے آپ کی حفاظت کے لئے بنوائی ہیں آپ ایسے ہی ان کے پیار محبت پر شک کرتے رہتے ہیں۔ یہ کھڈا نہ ہو تو 14 سالہ بغیر لائسنس بائیک والا بچہ جو یقیناً کسی بڑی ایمرجنسی میں شارٹس پہن کر مین روڈ تک آ گیا ہے اور بڑی تیزی سے گرد و نواح کی ٹریفک نظر انداز کر کے بیچ میں گھس آیا ہے، ابھی بڑی گاڑی کے نیچے ہی آ جاتا لیکن کھڈّے کی بروقت مداخلت نے اسے بچا لیا۔ اب جو جوان الٹی سڑک سے آتے ان گڑھوں کو بھی خاطر میں نہ لائے تو اب اس کی ذمہ داری تو نہیں لی جا سکتی۔ بائیکرز کے پاس تو قدرتی 360 ڈگری میں ڈرائیونگ کا پیدائشی لائسنس ہوتا ہے۔
اب جو ٹینکر آپ کی گاڑی کے آگے جا رہا ہے آپ کو اس سے اتنی محبت ہو گئی ہے کہ جانتے ہوئے بھی کہ آگے ایک کھڈا ہے آپ اس کی آغوش میں جانے کے لئے بے چین ہیں تو پھر وہ بے چارہ کیا کرے کہ اس کو تو لائن میں ڈرائیو کرنے کا سبق کبھی ملا ہی نہیں۔ اس نے تو پانی پہنچانا ہے، وہ نہ پہنچائے تو کل کو لوگ دھرنا ڈال دیں گے کہ ٹینکر کو عزت میرا مطلب کہ راستہ دو۔ بڑی گاڑیاں اپنے مجاہدین ڈرائیورز اور مضبوط ٹائرز کے غرور کے باوجود یہاں آ کر کچھ بے بس محسوس کرتی ہیں اور اس کا غصہ چھوٹی گاڑی کو دن کی روشنی میں بتی مار کر نکالتی ہیں کیونکہ ان کے خیال میں سڑک تو ان کے ابا کی ہے باقی سب تو فالتو ہیں۔ ان کو چیلنج رکشہ والے کرتے ہیں کھڈے سے دو ملی میٹر پہلے ایسا ٹرن کاٹتے ہیں کہ لگتا ہے ابھی الٹے لیکن پھر بھی سیدھے ہو جاتے ہیں اور اس کرتب میں کسی بھی دوسری گاڑی سے ٹکرانے کہ بالکل قریب ہوتے ہیں کہ سائیڈ والا چھوٹا اسسٹنٹ کھڈا آگے آ جاتا ہے اور بچت ہو جاتی ہے۔
چھوٹی گاڑیوں والوں کے معاملے میں ہم کچھ بائیسڈ ہیں وجہ تو آپ سمجھ ہی گئے ہوں گے۔ یہ وہ گاڑیاں جن کو بڑی گاڑی والے رکشہ سمجھتے ہیں اور رکشہ والے خاطر میں نہیں لاتے۔ چھوٹی گاڑیاں خاص طور پر جاپان کے نازک لوگوں اور پختہ سڑکوں کے لئے بنائی گئی گاڑیاں جب کراچی کہ سڑکوں پر چلتی ہیں تو کھڈے کے قریب سانس بھی لے لیں تو سر چھت سے جا کر لگتا ہے اس لئے یہ کھڈوں کے آگے سب سے بے بس سواری ہے۔ ہاں اس کے اندر بیٹھی ہوئی ڈرائیور نامی مخلوق اس کو بھی ریس کورس کا گھوڑا بنا دیتی ہے اگر سڑک صاف ہو۔ صبح صبح کام پر جاتے ہوئے آپ کے آگے آٹھ دس گاڑیوں کا قافلہ غلط جانب سے آ جاتا ہے ایمرجنسی لائیٹ جلا کہ، سب کو ایک ساتھ ہی نہ جانے کون سی ایمرجنسی آ جاتی ہے، ابھی آپ ان کو سبق سکھانے کا سوچتے ہی ہیں کہ کھڈا آڑے آ کر ان غریبوں کی ایمرجنسی میں مدد کر دیتا ہے۔
اب دیکھیں سڑک پر گدھا گاڑی نے بھی چلنا ہے ورنہ سبزی کیسے پہنچے گی۔ اب اس بے چارے کے پاس بریک تو ہے نہیں وہ تو آپ نے ہی لگانی ہے اب اگر آپ نہیں لگائیں گے تو آپ کو روکنے کے لئے آپ سے دل و جان سے محبت کرنے والی ایڈمنسٹریشن سڑک توڑ دے گی، کھڈا بنا دے گی تاکہ آپ کے اور گدھے کی جان بچ سکے، گدھا گاڑی والے کی تو خیر ہے وہ غیر مقامی ہے۔
الغرض یہ گڑھے کھڈے آپ کے فائدے کے لئے خاص طور پر ڈیزائن کیے گئے ہیں۔ اسپیڈ بریکر کبھی ان کا نعم البدل نہیں ہو سکتے کیونکہ ان پر رکنا تو اصول کا حصہ ہے اور وہ ہم کر نہیں سکتے۔ جہاں زیبرا کراسنگ ہو اور اس پر ایک بندہ کھڑا ہو اور اس کے ہاتھ میں ایک بورڈ ہو جس پر سٹاپ لکھا ہو اور وہ سڑک کے بیچ کسی عمر رسیدہ خاتون کے ساتھ کھڑا ہو پھر بھی آپ اس کو بائی پاس کر جائیں یا اپنے سے آگے والی گاڑی جس پر بیٹھی انوکھی مخلوق اصول کے عین مطابق کھڑی ہو گئی ہو اس کا ہارن سے جینا حرام کریں ایسے میں اسپیڈ بریکر کی کیا مجال ایسے میں ڈیزائنر کھڈا ہی وہ کام کر سکتا ہے جو آپ کے ہارمونز کو ٹھنڈا کرے۔
ڈارون انکل تو آدمی بننے تک کا ارتقاء پڑھا گئے۔ اللہ کے ہاں اس سے آگے کی ایک اسٹیج بھی ہے اور وہ ہے انسان بننا، بقول شاعر آدمی کو بھی میسّر نہیں انساں ہونا۔ تو انسان بننے کی محنت خود کرنا ہوتی ہے کوئی نیچرل ارتقائی عمل آپ کو انسان نہیں بناتا۔
میں اپنے اسپتال میں اپنے ان مریضوں کی جو روڈ ٹریفک ایکسیڈنٹ کی وجہ سے آئے ہوں الگ سے کونسلنگ کرتی ہوں خاص طور پر بائیکرز کی اور ان کے والدین کی اور رکشہ والوں کی، شاید کوئی ایک ہی عمل کر لے۔
میری دوست ش ق کا خیال ہے کہ دو سال تک یونیورسٹی روڈ پر گاڑی چلا کر میری کمر کے ساتھ میرے دماغ کی بھی کوئی رگ ہل گئی ہے اس لئے میں ایسی باتیں کر رہی ہوں، لیکن یقین جانیں میں بہت سنجیدگی سے کہہ رہی ہوں۔ جن لوگوں نے اتوار کے روز ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ والے دن ڈاؤ اور یونیورسٹی روڈ پر سفر کیا ہے وہ گواہی دیں گے کہ سٹوپڈٹی یعنی حماقتیں کھڈوں سے بڑا عذاب ہیں۔ آپ ٹریفک کے اصولوں کی پابندی کر کے تو دیکھیں۔ گھر سے تھوڑا جلدی نکلیں، اپنی سمت پر چلیں، آبادی والے راستے پر سپیڈ لمٹ رکھیں، لائسنس کے بغیر بچوں کو گاڑی نہ دیں، ہیلمٹ پہنیں، دوسری گاڑیوں سے مناسب فاصلہ رکھیں، تمیز کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں، وقت ملے تو دوست احباب کی، ٹیکسی، رکشہ اور بائیک والوں کی کونسلنگ کریں، اگلا نہیں رک رہا تو آپ رک جائیں۔ راستہ دینا سیکھیں۔ یہ کھڈے آپ کو اتنے بُرے نہیں لگیں گے۔

Very nice. 👍🏼