پاکستان پر 4 بی موومنٹ کے اثرات
یورپ اور جنوبی کوریا میں گزشتہ چند سالوں کے دوران خواتین کے حقوق، شادی، خاندانی نظام، مرد و عورت کے تعلقات اور بچوں کی پیدائش کے حوالے سے ایک نئی بحث نے جنم لیا ہے۔ اس بحث کو 4 B موومنٹ کا نام دیا گیا ہے۔ یہ محض ایک سیاسی اور ذاتی نعرہ نہیں بلکہ ایک ایسا سماجی اور نظریاتی رجحان ہے جو کچھ خواتین نے مردوں کے ساتھ تعلقات، شادی، جنسی تعلقات اور بچوں کی پیدائش سے مکمل طور پر انکار کا فیصلہ کیا ہے۔ اس تحریک نے جنوبی کوریا سے ہوتے ہوئے امریکہ اور دیگر مغربی معاشروں میں سوشل میڈیا کے ذریعے توجہ حاصل کی ہے۔
4 بی تحریک جنوبی کوریا میں شروع ہوئی۔ اس کا نام چار کوریائی اصطلاحات سے اخذ کیا گیا ہے۔ بی کے معنی ”نہ“ کے ہیں
چار بنیادی اصول یہ ہیں
Bihon (بی ہون) مردوں سے شادی نہ کرنا۔
Bichulsan (بی چُل سان) بچوں کو جنم نہ دینا۔
Biyeonae (بی یون اے ) مردوں کے ساتھ رومانوی تعلقات قائم نہ کرنا۔
Bisekseu (بی سیکس) مردوں کے ساتھ جنسی تعلقات نہ کرنا
خواتین کا بنیادی موقف ہے کہ وہ ایسے معاشرتی نظام کا حصہ نہیں بننا چاہتیں جس میں خواتین کی شادی، بچوں کی برتھ، گھر کی ذمہ داریوں کی توقع کی جاتی ہیں۔ ان کے خیال میں مردوں اور عورتوں کے درمیان مساوی ذمہ داریاں اور حقوق موجود نہیں ہیں۔ جنوبی کوریا میں اس تحریک کے آغاز کے پیچھے متعدد سماجی اور معاشی عوامل تھے۔
خواتین اور مردوں کے درمیان آمدنی اور ملازمت کے مواقع میں عدم مساوات۔
خواتین کے خلاف جنسی جرائم اور خفیہ کیمروں سے ویڈیوز بنانے کے واقعات کا عام ہونا۔
شادی کے بعد گھریلو اور بچوں کی پرورش کی زیادہ ذمہ داریاں۔
خاندانی زندگی میں توازن قائم کرنے کی مشکلات۔
خاص طور پر جنوبی کوریا میں ڈیجیٹل جنسی جرائم اور خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات نے خواتین کو فور بی کی جانب راغب کیا۔
اس تحریک سے وابستہ خواتین کا کہنا ہے کہ جب تک معاشرے میں صنفی مساوات اور خواتین کے احترام کو یقینی نہیں بنایا جاتا۔ وہ شادی اور تعلقات کے نظام سے دور رہنے کا حق رکھتی ہیں۔ مگر یہ تحریک جنوبی کوریا میں اہمیت حاصل نہ کر سکی بہت ساری خواتین نے اس تحریک کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔
2024 کے امریکی صدارتی انتخابات کے بعد 4 B تحریک عالمی سطح پر زیادہ زیر بحث آئی۔ خاص طور پر امریکہ میں بعض خواتین نے سوشل میڈیا پر اس تحریک کے اصولوں کو اجاگر کیا
برطانیہ، جرمنی اور دوسرے یورپی ممالک میں بھی اس کے بارے میں سوشل میڈیا پر گفتگو بھی ہوئی۔ تاہم یورپ میں خواتین کے حقوق کی تحریکیں اور شادی سے دور رہنے کا رجحان پہلے سے ہی موجود ہیں۔ اس لیے 4 B تحریک یورپ میں عام نہیں ہوئی۔
اگر اس جیسے نظریات زیادہ خواتین میں مقبول ہوتے ہیں تو ان کے متعدد اثرات سامنے آ سکتے ہیں۔
شادیوں کی تعداد میں کمی سے خاندانی نظام تبدیل ہو سکتا ہے۔
شرح پیدائش میں مزید کمی ہونے سے مین پاور کی کمی ہو سکتی ہے جس سے معاشی پیداوار متاثر ہو سکتی ہے۔
بزرگ آبادی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔
خواتین کی معاشی خودمختاری، ملازمت اور اپنی لائف کو زیادہ ٹائم دے سکتے ہیں۔
پاکستان میں اس قسم کا رجحان ابھی تک نہیں ہے اس کی ایک خاص بات مذہب اور خاندانی نظام ہے جو کہ اس 4 B موومنٹ کی مکمل نفی کرتا ہے۔ مگر پاکستان میں سوشل میڈیا کے بڑھتے ہوئے اثرات خواتین کی معاشی خودمختاری اور شادی کے بارے میں بدلتے ہوئے تصورات کو متاثر کر سکتے ہیں۔
سوشل میڈیا کے ذریعے یہ نظریہ نوجوان خواتین میں پھیل سکتا ہے کہ شادی اور بچوں کی پرورش کے بجائے ذاتی آزادی اور کیریئر کو ترجیح دی جائے۔ خواتین کی معاشی خودمختاری اور ملازمت کے بڑھتے ہوئے مواقع شادی کو زندگی کی لازمی ضرورت سمجھنے کے تصور کو تبدیل کر سکتے ہیں۔ اس رجحان کے نتیجے میں بعض خواتین شادی میں تاخیر یا شادی نہ کرنے کا فیصلہ کر سکتی ہیں جبکہ بعض ازدواجی تعلقات سے بھی کنارہ کشی اختیار کر سکتی ہیں۔
تاہم پاکستان میں طلاق کی شرح میں اضافے سے خواتین میں خودمختاری کا تصور پیدا ہو سکتا ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق 35 سے 39 سال کی خواتین میں 93.17 فیصد شادی شدہ اور 4.08 فیصد غیر شادی شدہ تھیں۔ اگر خواتین کو آزادی، تعلیم، روزگار اور فیصلہ سازی کے مواقع ملے تو یہ رجحان عام ہو سکتا ہے۔


