انٹرویو میں کامیابی حاصل کرنے کے طریقے


انٹرویو کو آپ زبانی امتحان بھی کہہ سکتے ہیں۔ اس پر بہت کچھ لکھا گیا ہے۔ اس امتحان میں کیسے کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے؟ کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ انٹرویو آپ کے علم کا امتحان نہیں بلکہ اس میں آپ کے اعتماد اور بولنے کی صلاحیت کو پرکھا اور جانچا جاتا ہے۔ لیکن ہمارے خیال میں اعتماد کا تعلق آپ کے علم سے ہے، اس لیے آپ علم کو اس امتحان سے نکال نہیں سکتے کیونکہ دیکھنے میں آیا ہے کہ خالی اعتماد ایسا ہی ہے جیسے ”تھوتھا چنا باجے گھنا“ کہ کچھ دیر میں اصلیت ظاہر ہو جاتی ہے۔

بولنے کی صلاحیت سے یہاں مراد ہے کہ آپ اپنا مدعا اچھے طریقے سے دوسرے بندے تک پہنچا سکیں اور آپ کی گفتگو دلائل کے ساتھ تجزیہ لیے ہوئے ہو لیکن ہمارے ہاں بولنے کی صلاحیت کو انگلش بولنے سے تعبیر کر لیا جاتا ہے۔ خاص طور پر وہ لوگ جو برطانوی لہجے میں انگریزی کی کمر توڑتے ہیں وہ آپ کی بولنے کی صلاحیت کو صرف انگریزی بولنے سے ہی تعبیر کرتے ہیں۔ اس لیے اکثر طالب علم انگریزی پر عبور حاصل کرنے کے چکر میں اپنے خیالات میں پختگی نہیں لا سکتے اور انٹرویو والے دن صرف انگریزی میں ”یس“ ، ”نو“ کرتے نظر آتے ہیں۔ ویسے تو اس موضوع پر بہت کچھ لکھا گیا ہے لیکن چند ایک ہم نے ایسے آزمودہ طریقے دیکھے ہیں کہ ان کی مدد سے آپ بالکل سو فی صد کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔

1۔ اگر آپ انٹرویو دینے والے واحد امیدوار ہوں تو آپ کا مقابلہ صرف آپ سے ہو گا۔ اس لیے اس میں فتح بھی آپ کی ہوگی، شکست بھی آپ کی ہو گی، کیونکہ ’کوئی مقابل نہیں دور تک بلکہ بہت دور تک‘ ۔ کوشش کریں انٹرویو وہاں دینے جائیں جہاں آپ اکیلے امیدوار ہوں تاکہ آپ ہی آپ ہوں۔

2۔ دوسرا طریقہ یہ ہے کہ آپ کو انٹرویو کے تمام سوالات معلوم ہوں اس طرح آپ انٹرویو میں کامیاب ہو سکتے ہیں بشرطیکہ آپ کی ٹیپ اپنے تعارف پر پھنس نہ جائے۔

3۔ انٹرویو میں کامیابی کا تیسرا طریقہ یہ ہے کہ انٹرویو لینے والا آپ کا سگا ہو یعنی ’چاچا‘ ، ’ماما‘ ، ’پھوپھا‘ اور اگر ’سسر‘ ہو تو کیا ہی بات ہے اور ہونے والا سسر تو آپ کے لیے اپنی جان بھی پیش کر سکتا ہے۔

4۔ انٹرویو میں کامیابی کا چوتھا اہم طریقہ یہ ہے کہ انٹرویو رکھا ہی آپ کو رکھنے کے لیے ہو باقی میلہ تو دکھاوا ہو۔ لیکن اس کے لیے آپ کو اچھی خاصی بڑی تگڑی سفارش کی ضرورت ہو گی۔ پہلے اس کا بندوبست کریں اور پھر انٹرویو میں شریک ہوں۔

ان چار آزمودہ طریقوں کے علاوہ ہم کو تو آج تک انٹرویو میں سو فی صد کامیابی کا طریقہ نہیں ملا۔ اگر ایسے چار لوگ انٹرویو میں نہ آئے ہوئے ہوں تو پھر آپ اپنے علم، اعتماد اور بولنے کی صلاحیت پر امتحان پاس کر سکتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

Subscribe
Notify of
guest
0 Comments (Email address is not required)
Inline Feedbacks
View all comments