بنگلہ دیش: بجلی گرنے سے دولہا زخمی، 17 باراتی ہلاک


بنگلہ دیش میں حکام کے مطابق ایک بارات میں شامل مہمانوں پر بجلی گرنے سے کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔

اس واقعہ میں دولہے سمیت 14 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب بارات دلہن کے گھر جا رہی تھی۔ باراتی ندی کنارے واقع قصبے شیب گنج میں ایک کشتی سے اتر رہے تھے جب وہ طوفان میں پھنس گئے۔

مقامی لوگوں نے بتایا ہے کہ بجلی کے کئی بولٹ بارات پر گرے۔

جنوبی ایشیا میں ہر سال سینکڑوں افراد آسمانی بجلی سے ہلاک ہو جاتے ہیں۔

2016 میں بنگلہ دیش نے آسمانی بجلی کو ایک قدرتی آفت قرار دیا تھا۔ اس برس صرف مئی کے مہینے میں 200 سے زیادہ افراد بجلی گرنے سے ہلاک ہوئے تھے جس میں ایک ہی دن 82 اموات ہوئئ تھیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلات کی کٹائی ایسے واقعات کی تعداد میں اضافے کی ایک بڑی وجہ ہے کیونکہ بہت سے لمبے درخت غائب ہو گئے ہیں جن سے لوگ بجلی کی زد میں آنے سے بچ جاتے تھے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).

بی بی سی

بی بی سی اور 'ہم سب' کے درمیان باہمی اشتراک کے معاہدے کے تحت بی بی سی کے مضامین 'ہم سب' پر شائع کیے جاتے ہیں۔

british-broadcasting-corp has 32292 posts and counting.See all posts by british-broadcasting-corp