5 جولائی 1977ء سے 25 جولائی 2018ء تک


غیر واضح قومی مفاد اور نظریہ پاکستان جیسی اصطلاحات، ان کے بارے میں بعض طاقتور اداروں کی رائے اور اس رائے کو مسلط کرنے کا چلن بھی دراصل ضیا الحق ہی کی دین ہے۔ عوام کی اس حق تلفی اور قومی مفاد پر حاصل کی گئی اجارہ داری کے خلاف ملک کے عام لوگوں میں ایک مضبوط رائے موجود ہے اور اس میں مسلسل اضافہ بھی ہو رہا ہے لیکن سیاسی پارٹیاں اور ان کے لیڈر عوامی سوچ میں اس تبدیلی کو اہمیت دینے اور اس کی بنیاد پر حکمت عملی استوار کرنے کی بجائے ’طاقت کے مراکز‘ سے رجوع کرکے اقتدار تک پہنچنے کا آسان راستہ تلاش کر نا ہی سہل سمجھتے ہیں۔

حیرت انگیز طور پر اسٹیٹس کو کے خلاف عوام کی ناپسندیدگی کو نہ تو ’نیا پاکستان‘ بنانے والے لیڈر سمجھنے کے قابل ہوئے ہیں اور نہ ہی نواز شریف نے اس تفہیم کا مکمل اظہار کیا ہے حالانکہ وہ اسٹبلشمنٹ کی من مانی کے خلاف کھڑے ہونے اور عوامی حکمرانی کا خواب پورا کرنے کی بات کر رہے ہیں۔ فعال جمہوری نظام کے لئے عوام کی خواہش اور سیاسی معاملات میں اداروں کی مداخلت کو مسترد کرنے کے عوامی رویہ کو سمجھنے کے لئے زیادہ دور نہ بھی جائیں تو بھی 9 مارچ 2007 کو افتخار چوہدری کے استعفیٰ دینے سے انکار کے بعد شروع ہونے والی عدلیہ بحالی تحریک اس بات کا بین ثبوت ہے کہ ملک کے عوام سیاست میں اسٹبلشمنٹ کی مداخلت کو نہ صرف سمجھتے ہیں بلکہ اسے ناپسند بھی کرتے ہیں۔

اس تحریک کے جو پس پردہ عوامل بعد میں منظر عام پر آئے اس وقت ان سے بحث مطلوب نہیں ہے بلکہ یہ نکتہ سامنے لانا ضروری ہے کہ عوام فوجی آمریت یا عدالتی حکمرانی کو قبول کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ تاہم ملک کے سیاست دان اقتدار کے لئے اپنے خوابوں کی تکمیل کے منصوبہ پر عمل کرتے ہوئے عسکری اداروں یا عدالتی نظام سے ساز باز کرنے سے نہیں چوکتے۔ وہ کسی گرنے والی سیاسی شخصیت کو دست تعاون فراہم کرنے کی بجائے اسے دھکہ دینے میں ان خفیہ ہاتھوں کا آلہ کار بنتے ہیں جو جمہوریت کو صرف نعرہ کے طور پر استعمال کرتے ہوئے بہرصورت امور مملکت کو اپنی دسترس میں رکھنا چاہتے ہیں۔

افسوس کی بات یہ بھی ہے کہ نواز شریف نے اگرچہ اس طرز حکومت کو بدلنے اور پارلیمنٹ کو بااختیار بنانے کے نعرے کی بنیاد پر انتخاب میں حصہ لینے کا اعلان کیا ہے لیکن ایک طرف وہ شہباز شریف کے ذریعے مفاہمت اور ’فیصلو ں میں تمام اسٹیک ہولڈرز کی شرکت‘ کے اصول کی تائید کررہے ہیں تو دوسری طرف انہی الیکٹ ایبلز کے ذریعے یہ نظام تبدیل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جو دراصل اس نظام کو مستحکم کرنے اور اس کے تسلسل کا باعث ہیں۔ اگر عمران خان الیکٹ ایبلز کی کاغذی فوج کے ذریعے ’نیا پاکستان‘ نہیں بنا سکتے تو نواز شریف، شہباز شریف جیسے پارٹی صدر اور بچے کھچے الیکٹ ایبلز کے ذریعے ملکی سیاست پر ہیئت مقتدرہ کا قبضہ و اختیار کیسے ختم کروا سکتے ہیں۔ نواز شریف کو اگر اسٹبلشمنٹ کے ہتھکنڈوں کے خلاف عوام کی رائے پر بھروسہ ہوتا تو وہ الیکٹ ایبلز کو تلاش کرنے اور رجھانے کی کوشش کرنے کی بجائے ان پارٹی کارکنوں کو امید وار بناتے جو ’ووٹ کو عزت دو‘ کے ایک نکاتی ایجنڈے پر عوام سے ووٹ مانگتے۔ ہو سکتا ہے کہ نواز شریف کو اس مقصد میں ناکامی ہوتی اور وہ بہت کم انتخابی کامیابی سمیٹ سکتے لیکن وہ تاریخ میں ایک ایسے سیاسی لیڈر کا مقام و مرتبہ ضرور حاصل کرسکتے تھے جس نے عوام کے جمہوری اختیار کے لئے آواز بلند کی اور اس اصول پر سمجھوتہ کرنے سے انکار کردیا۔

پارٹی ٹکٹ بانٹنے میں جو پالیسی اختیار کی گئی،اس کی ناکامی جنوبی پنجاب میں مسلم لیگ (ن) کے امید واروں کی آخری لمحوں میں ’بغاوت‘ سے ہی واضح ہے۔ جو بچے کھچے الیکٹ ایبلز اب بھی نواز شریف کا پاپولر ووٹ کیش کروانے کے لئے ان کے ساتھ جمع ہیں، کون کہہ سکتا ہے کہ انتخاب مکمل ہونے کے بعد ان کا ضمیر بھی انگڑائی لے کر بیدار نہیں ہو جائے گا۔ نواز شریف کے پاس اس المیہ سے نجات پانے کا ایک ہی راستہ ہے کہ وہ ملک واپس آئیں۔ جمہوریت کے لئے اپنا مؤقف صاف لفظوں میں عوام کے سامنے پیش کریں اور اسی ایجنڈے پر 25 جولائی کا سامنا کریں جس کا اعلان انہوں نے وزارت عظمیٰ سے محروم ہونے کے بعد کیا تھا۔

دو روز بعد احتساب عدالت ایون فیلڈ ریفرنس میں فیصلہ سنانے والی ہے۔ ہو سکتا ہے اس مقدمہ میں انہیں سزا سنا دی جائے۔ اگر نواز شریف نے جیل جانے کے خوف سے پاکستان آنے سے گریز کیا تو جمہوریت کے لئے جنگ کا اعلان جھوٹا ثابت ہو گا۔ ضیا الحق کا بھوت خوشی سے محو رقص ہوگا۔ انتخاب سے 19 دن پہلے نواز شریف کے خلاف مقدمہ کے فیصلہ کا اعلان اس بات کا بھی اشارہ ہے کہ اسٹبلشمنٹ اس موقع پر نواز شریف کی ملک واپسی سے خوفزدہ ہے اور کسی بھی قیمت پر انہیں عوام سے دور رکھ کر انتخاب کا یہ مرحلہ گزارنا چاہتی ہے۔ نواز شریف کو صرف یہ فیصلہ کرنا ہے کہ وہ اس لمحہ پر اپنے لوگوں کو اکیلا چھوڑ کر تاریخ کا گمنام ورق بننا چاہتے ہیں یا ان زندہ لوگوں میں اپنا نام لکھوانا چاہتے ہیں جو جبر کے سامنے جھکنے سے انکار کرتے ہیں۔ اس کا فیصلہ نواز شریف کو خود کرنا ہے۔


صفحات: 1 2

سید مجاہد علی

(بشکریہ کاروان ناروے)

syed-mujahid-ali has 3148 posts and counting.See all posts by syed-mujahid-ali