زرداری صاحب! اب پنجاب میں غداری منجن نہیں بکنے والا


پاکستان کو دولخت کر دیا مگر ہم غدار بنانے کے کارخانے بند نہ کر پائے۔ بلوچ، پختون، سندھی اور بنگالی غداروں کی پیداوار فراوانی سے کی جاتی رہی۔ تحریک پاکستان میں بھرپور حصہ لینے والوں یا نہ لینے والوں پر غداری کے لیبل چپکانا حکمرانوں کا من پسند مشغلہ رہا۔ جس نے ملک میں جمہوری نظام کی بات کی، آئین اور قانون کی بالادستی کے لیے آواز اٹھائی، چھوٹی قومیتوں یعنی صوبوں کو بآختیار بنانے اور وسائل کی منصفانہ تقسیم کا ذکر کیا وہ غدار اور نظریہ پاکستان کا دشمن ٹھرا۔ بانی پاکستان کی ہمشیرہ محترمہ فاطمہ جناح نے جب جنرل ایوب خاں کی آمریت کو للکارا تو وہ بھی بھارتی ایجنٹ ٹھریں۔

اب زرداری صاحب نے ایک نیا غدار جاتی عمرا یعنی پنجاب میں بھی ڈھونڈ نکالا۔ بقول آصف زرداری جاتی عمرا میں میاں نواز شریف کی صورت میں شیخ مجیب الرحمان کا نیا جنم ھو چکا ہے۔

آصف زرداری ان قوتوں کی زبان بولنا شروع کر دی ہے جنہوں نے محترمہ بے نظیر بھٹو کو سیکورٹی رسک قرار دیا۔ محترمہ کی دونوں حکومتوں کو قبل از وقت برطرف کرایا۔ اعتزاز احسن پر بھارت کو اہم خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزامات لگائے۔ مرتضےٰ بھٹو کا خون ناحق بھی انہی خفیہ ہاتھوں کی کارستانی سمجھی جاتی ہے۔ یہ وہی خفیہ ہاتھ ہیں جنہوں نے آصف زرداری پر مسٹر ٹن پرسنٹ اور ملک کا کرپٹ ترین شخص ھونے کی مہر ثبت کی۔ جبکہ اس دوران جاتی عمرا کا شیخ مجیب ان قوتوں کا ہمنوا اور دست راست تھا۔ اب آصف زرداری اسی جگہ کھڑے نظر آ رہے ہیں جہاں نواز شریف نوے کی دہائی میں کھڑے تھے۔ زرداری صاحب کو یہ بتانے کی ضرورت نہیں کہ کٹھ پتلیاں اپنا ناچ نہیں ناچتیں بلکہ کسی اور کی دھن اور انگلیوں کے اشارے پر ناچنے کی پابند ھوتی ہیں۔

زرداری صاحب اگر ذوالفقار علی بھٹو اور بے نظیر بھٹو کے حکومتی ادوار میں پاکستان کی پالیسیوں پر طائرانہ نظر دوڑانے کی تکلیف گوارا کر لیں تو ان کی سیاسی بصیرت میں ھوش ربا اضافہ ھونے کا امکان ہے۔

 بھٹو شہید نے شملہ معاہدہ کر کے بھارت کے ساتھ پر امن دوستانہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز کیا۔ محترمہ شہید نے سیکورٹی رسک کے الزامات دلیری سے برداشت کر تے ھوئے ملک کے وسیع تر مفاد میں ہمسایہ ممالک سے امن اور دوستی کے تعلقات کو آگے بڑھانے کی پالیسی ترک نہ کی۔ ماضی میں غداری غداری کے گھناونے کھیل کو ترک کیا۔ سیاسی تلخیاں بھلاتے ہوئے بلوچ اور پختون قوم پرستوں سے نئے سیاسی تعلقات کی بنیاد رکھی۔ محترمہ کی حکومتوں کو غیر مستحکم کرنے اور گرانے والے نواز شریف کے ساتھ جلاوطنی کے دوران میثاق جمہوریت کر کے کٹھ پتلیاں نچانے والوں کی نیندیں حرام کر دیں۔

آصف زرداری یہ غلط فہمی ذہن سے نکال دیں کہ پنجاب ابھی تک ساٹھ یا ستر کی دہائی سے نہیں نکلا۔ پلوں کے نیچے سے بہت سا پانی گزر چکا ہے۔ اب آپ محض کسی پر غداری کا لیبل چپکا کر یا بھارت سے دوستی کا حامی ٹھہرا کر عوام کے دل نہیں جیت سکتے۔ اگر اس میں ذرا سی بھی حقیقت ھوتی تو جماعت اسلامی عوام میں مقبول ترین سیاسی پارٹی ھوتی۔ نظریہ پاکستان کی آڑ میں ھندوستان دشمنی اور قوم پرستوں کو غدار کہنا جماعت اسلامی کی سیاست کا محور رہا ہے۔ غیر جمہوری قوتوں کی دھن پر کٹھ پتلی ناچ ناچنے میں جماعت اسلامی سے زیادہ کسی کو مہارت حاصل نہیں ہے۔ اب یہ حال ہے کہ جماعت اسلامی اپنی طاقت کے بل بوتے پر ملک بھر سے دو چار قومی اسمبلی کی نشستیں جیتنے کے قابل بھی نہیں رہی۔ طاقتور حلقوں کی پشت پناہی کے باوجود جماعت اسلامی کو سیاسی منظر پر زندہ رہنے کے لئے کسی نہ کسی سہارے کی تلاش رہتی ہے۔ کبھی نواز شریف، کبھی عمران خان اور کبھی فضل الرحمان۔ کٹھ پتلی کی اچھل کود کا انحصار تو کٹھ پتلی نچانے والے پر ھوتا ہے۔ نہ جانے کب اور کس وقت نئی کٹھ پتلی تراش لے۔ 2013 کے الیکشن سے قبل نواز شریف نے ھندوستان سے پر امن دوستی اور تجارتی تعلقات بحال کرنے کا کھل کر اظہار کیا اور پنجاب میں انتخابی کامیابی حاصل کی۔

زرداری صاحب اب پنجاب کے عوام، غدار ہے غدار ہے، کی کھوکھلی نعرہ بازی سننے کو تیار نہیں۔ یہ منجن اپنی ساکھ کھو چکا ہے اور اس کے خریدار آٹے میں نمک کے برابر رہ گئے ہیں۔ اس وقت ملکی ترقی کے لئے معاشی طور پر پسماندہ طبقوں کی خوشحالی، نوجوانوں کو روزگار، غریب بچوں کے لئے سستی اور معیاری تعلیم، اور غریب عوام کے لئے مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے واضع اور ٹھوس اصلاحات لانے کی ضرورت ہے۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).