پاکستانی برانڈ کے جھمکوں کا ڈیزائن؛ صارفین کا سوشل میڈیا پہ شدید احتجاج
خواتین زیورات کی دلدادہ نہ ہوں، یہ کیسے ممکن۔ تاہم اب پاکستان کے ایک معروف جیولری برانڈ نے کچھ نئے ہی انداز کے جھمکے متعارف کروا دیئے ہیں۔
ڈیلی پاکستان اور مینگو باز (ویب سائیٹس) کے مطابق ان جھمکوں کی تصویر فائقہ نامی ایک ٹوئٹر صارف نے اپنے اکاﺅنٹ پر پوسٹ کی ہے۔ فائقہ نے ٹویٹ میں لکھا ہے کہ ”کل میں ’لائم لائٹ‘ کی ایک برانچ پر گئی جہاں میں نے یہ جھمکے دیکھے۔ یہ ہماری قوم کس راستے پر چل نکلی ہے۔ایسی مصنوعات کسی طور پسندیدہ قرار نہیں دی جا سکتیں۔“
رپورٹ کے مطابق یہ جھمکے خواتین کے زیرجاموں سے مشابہہ تھے۔ لڑکی کے ان جھمکوں کی تصویر پوسٹ کرتے ہی صارفین کی طرف سے اس پر شدید ردعمل آنا شروع ہو گیا۔
جہاں لوگوں نے اس برانڈ کو کھری کھری سنائیں، وہیں کچھ اور صارفین بھی اپنے ایسے ہی تجربات شیئر کیے۔ ایک اور لڑکی نے بتایا کہ اسے بھی کچھ عرصہ قبل ایسے ہی زیورات سوٹ کی خریداری کے ساتھ مفت دیئے گئے تھے۔ایک اور لڑکی نے لکھا کہ ”برانڈ ایسی بیہودہ چیزیں بنا لیتے ہیں اور جب کوئی نہیں خریدتا تو پھر دیگر چیزوں کے ساتھ مفت بانٹنا شروع کر دیتے ہیں۔“


