پانچ برس قید / دو ہزار جرمانہ، جواب طلبی؛ کرن جوہر قانونی نوٹس کی زد میں


واضح رہے کہ کرن جوہر کا ریئلٹی شو ’انڈیاز نیکسٹ سپر اسٹارز‘ اسٹار پلس پر نشر ہوتا ہے، اس پروگرام کا مقصد ٹیلنٹڈ لڑکوں اور لڑکیوں کو فلم انڈسٹری میں متعارف کرانا ہے۔

کرن جوہر کو محکمہ صحت نے ان کی پروڈکشن ’دھرما‘ کے تحت چلنے والے ریئلٹی شو ’انڈیاز نیکسٹ سپر اسٹارز‘ کے دوران ممنوع پان کی تشہیر کرنے پر نوٹس دیا۔

کرن جوہر اور ان کے پروڈکشن ہاؤس کو بھیجے گئے نوٹس میں محکمہ صحت نے فلم ساز سے 10 دن کے اندر جواب طلب کیا ہے۔

فلم ساز پر الزام ہے کہ انہوں نے دوران پروگرام میں ’کملا پسند پان مصالحہ‘ کی غیرقانونی طور پر تشہیر کی، اس پان گٹکے کو محکمہ صحت تمباکو نوشی کے ضمرے میں شمار کرتا ہے۔

بولی وڈ ہنگامہ کے مطابق ’انڈیاز نیکسٹ سپر اسٹارز‘ میں پان مصالحہ کا اشتہار چلنے پر محکمہ صحت نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے کرن جوہر اور ان کے پروڈکشن ہاؤس کو قانونی نوٹس جاری کردیا۔

خبر کے مطابق نہ صرف کرن جوہر بلکہ اس پروگرام کی ٹیم میں شامل دیگر افراد کو بھی نوٹس بھیجا گیا۔

’اںڈیاز نیکسٹ سپر اسٹارز‘ کے ججز کرن جوہر اور روہت شیٹھی سمیت دیگر ارکان کو غیر قانونی طور پر پان کی تشہیر کرنے سے متعلق جواب جمع کرانے کو کہا گیا۔

کرن جوہر سمیت دیگر افراد کو محکمہ صحت نے ’سگریٹ اور دیگر تمباکو نوشی مصنوعات ایکٹ‘ (سی او ٹی پی اے) کے تحت نوٹس جاری کیا۔

اگران پر الزام ثابت ہوگیا تو انہیں 5 سال قید یا پھر 2 ہزار بھارتی روپے جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے۔

یہ گزشتہ ایک سال کے دوران دوسرا موقع ہے کہ کرن جوہر کو محکمہ صحت کی جانب سے تمباکو نوشی کی تشہیر کرنے کے لیے قانونی نوٹس بھیجا گیا۔

اس سے قبل نئی دہلی کے محکمہ صحت نے فلم ساز پر بولی وڈ فلم ’اتفاق‘ کے پوسٹر پر سگریٹ نوشی کی تشہیر کرنے کے الزام میں انہیں قانونی نوٹس بھیجا تھا۔

’اتفاق‘ کو گزشتہ برس ریلیز کیا گیا تھا، اس فلم کے پوسٹر میں اداکار اکشے کھنہ کو سگریٹ پیتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

’اتفاق‘ فلم کو کرن جوہر کی ’دھرما پروڈکشن‘ کے تحت ریلیز کیا گیا تھا، جب کہ شاہ رخ خان اور گوری خان اس فلم کے پروڈیوسرز تھے۔

واضح رہے کہ کرن جوہر کا ریئلٹی شو ’انڈیاز نیکسٹ سپر اسٹارز‘ اسٹار پلس پر نشر ہوتا ہے، اس پروگرام کا مقصد ٹیلنٹڈ لڑکوں اور لڑکیوں کو فلم انڈسٹری میں متعارف کرانا ہے۔

پروگرام میں شامل ہونے والے امیدواروں کو ججز کی جانب سے مختلف ٹاسک دیے جاتے ہیں، جنہیں پورا کرنے سے متعلق کرن جوہر اور روہت شیٹھی فیصلہ کرتے ہیں۔

اس پروگرام کو کرن جوہر کی ہوم پروڈکشن اور اسٹار پلس ٹی وی چینل کے ایک معاہدے کے تحت نشر کیا جاتا ہے، اس پروگرام میں شامل لڑکے اور لڑکیوں میں سے آخری کامیاب ہونے والے امیدواروں کے ساتھ کرن جوہر معاہدہ کرکے انہیں فلمی دنیا میں متعارف کرائیں گے۔

اس پروگرام میں بولی وڈ کے اداکار بطور مہمان بھی شریک ہوتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).