ویلنٹائن ڈے: آپ ہی اپنی اداؤں پہ ذرا غور کریں!


ویلنٹائن ڈے یا عرف عام میں محبت کا عالمی دن منانا بےحیائی ہے۔ سرخ لباس پہننا اور جسے دل و جان اور روح کا ساتھی بنانا اور شادی کر کے زندگی میں بسانا چاہتے ہیں اس سے اس خواہش کا اظہار کرنا بے حیائی ہے۔ اس کے ساتھ کہیں بیٹھ کر چند باتیں کر لینا یا اسے پھول، چاکلیٹ بھیج دینا بے حیائی ہے۔ لیکن!

عاصمہ کو شادی سے انکار پر سرعام گولی مار دینا عین عفت
حنا شاہنواز کو محبت سے انکار پر جان سے مار دینا عین غیرت
زینب، اسما، اور اس جیسی کئی بچیوں کو پامال کرنا، عین شجاعت
اپنی نسلوں کی پورن ویڈیوز بنانے کا پورا ریکٹ ہونا عین شرافت

اسکول میں پرنسپل کا قابل ِ اعتراض ویڈیو بنانا عین سعادت
مدارس میں قاریوں کے ہاتھوں زیادتی کے بعد لٹکائے جانا عین جرات
جامعات میں اساتذہ کے ہاتھوں ہراساں ہونا عین نفاست
خود کا کسی کی بہن بیٹی سے تعلق کرنا عین محبت
صرف اپنی بہن بیٹی کا محبت کرنا عین ذلت

محبت پر بات کرتے تو ہمارے چہرے سرخ ہوجائیں، بچوں کے سامنے محبت کا نام نہ آنے پائے اور پورا کنبہ بیٹھ کر ایک ساتھ ٹی وی اسکرین پر محبت کرتے دیکھے وہ کیا؟ دورانِ فلم آئٹم یا رومانوی نمبر آجائے وہ کیا؟ فلم کے وقفے میں سبز ستارہ یا ساتھی وغیرہ کے ایڈ آجائیں تو وہ کیا؟ خبریں دیکھتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر زیادتی کی خبر آجائے ؛ وی آئی پی موومنٹ کی وجہ سےسڑکوں پر بچے پیدا ہونے کی خبریں آئیں، یا عورتیں دوران پیدائش جان کی بازی ہار جائیں تو کیا؟ نیوز شو میں بات شلوار اتارنے تک آجائے، اسمبلی میں تنہا چیمبرز میں بلانے کی باتیں ہوں، سیاست دانوں کی دست درازی کے قصے ہوں یا پیرنی کی طلاق کروا کر شادی کے یا مولوی ٹی وی پر بیٹھ کر عملِ تولید و پیدائش و حور و قصور کی باتیں کھلے عام کریں تو کیا؟

ویب سائٹس پر پورن کلپس دیکھے جائیں، موبائلز پر مشکوک ویڈیوز ڈال کر پاس ورڈ سے پروٹیکٹ کیے جائیں وہ کیا؟ ایک کمرے میں آٹھ بچوں کے ہوتے ماں باپ اگلے بچے تیار کیے جائیں وہ کیا؟ ایک ہی گھر میں ساس اور بہو حاملہ پھرتی رہیں اور بچے اندازے لگاتے رہیں تو کیا؟ شاپنگ کرنے بازاروں میں جائیں اور جگہ جگہ دکان کے باہر زیرجامے لٹکے نظر آئیں اور بچے ان کو دیکھ کر مسکرائیں، آپ سے آدمی آکر بہانے سے ٹکرائیں، دکان دار ٹرائی روم میں کیمرے لگائیں، اکیلا پاکر آپ کو ہاتھ پکڑ لیں تو کیا پیچھا کرتے گھر پہنچ جائیں تو کیا؟ بھیک مانگتی فقیرنی کو بہانے بہانے ہاتھ لگائیں اور گداگر بچوں کو گود میں لے کر اپنے انگ سلگائیں تو کیا؟

ہم مرد ہوکر محبت کریں تو روا! کوئی اور نہ ہماری عورت سے محبت کرے یہ ضد۔ جب آپ کسی کے گھرانے کی عورت سے محبت کرتے ہو تو کسی اور کو بھی تو محبت کے لیے عورت چاہیے۔ آپ کے لیے عورت اسی محلے سے اترے اور دوسرا محبت کے لیے دور دیس کا ٹکٹ کٹائے؟ آپ خود تو دل لگی، نظربازی، نظرنوازی، گھورنا، تاڑنا، پھول دینا، فون نمبر گاڑی میں پھینکنا، لڑکی کا پیچھا کرنا، اسکولوں کے باہر کھڑے ہونا، چھتوں سے جھانکنا، آوازیں کسنا سب کر لیں گے؛ سب قبول ہے، لیکن نہیں قبول تو محبت نہیں قبول۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).