رس گلا اور جلیبی شوق سے کھانے والوں کی شخصیت کیسی ہوتی ہے؟
کہا جاتا ہے کہ کسی کی شخصیت کا اندازہ اس وقت ہی لگایا جا سکتا ہے جب کسی کے ساتھ کھانا کھایا جائے یا پھر اکٹھے سفر کیا جائے۔
تاہم اب جدید دور میں ماہرین نے شخصیت کو پہچاننے کے کئی آسان اور دلچسپ طریقے متعارف کرائے ہیں، جن میں سے میٹھے کھانوں کی پسند اور ناپسند سے شخصیت کو پہچاننے کا طریقہ بھی ایک ہے۔
ہم یہاں چند میٹھے کھانے پیش کر رہے ہیں، جنہیں پسند کرنے والے افراد کی شخصیت کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
چیز کیک
نفسیاتی و غذائی ماہرین کے مطابق چیز کیک کھانے والے افراد دوغلے پن کی شخصیت کے حامل ہوتے ہیں، ان میں جہاں وفاداری اور محبت کا جذبہ پایا جاتا ہے، وہیں وہ انتہاپسند بھی ہوتے ہیں۔
رس گلا
برصغیر میں انتہائی مقبول رس گلے کو پسند کرنے والے افراد سادہ طبیعت کے اور انتہائی خوش مزاج ہوتے ہیں۔ رس گلے کو پسند کرنے والے افراد چمک دھمک کے بجائے سادگی اور چھوٹی چھوٹی چیزوں سے ملنے والی خوشی پر مطمئن ہوجاتے ہیں۔
لیمن کیک
منفرد ذائقے کے حامل لیمن کیک کو پسند کرنے والے افراد سے متعلق ماہرین کہتے ہیں کہ ان کی شخصیت بھی منفرد ہوتی ہے۔
لیمن کیک کو پسند کرنے والے افراد کی ترجیحات بھی منفرد ہوتی ہیں، یہ قائدانہ صلاحیت رکھنے سمیت تمام مشکلات کو حل کرنے کے لیے بھی پرعزم ہوتے ہیں۔
آئس کریم
اگر کہا جائے کہ آئس کریم بہت سارے لوگوں کی پسند ہوتی ہے تو کچھ غلط نہ ہوگا، تاہم ماہرین کہتے ہیں کہ آئس کریم کو پسند کرنے والے افراد کی شخصیت پرجوش اور دوستانہ ہوتی ہے، آئس کریم کو پسند کرنے والے لوگ اپنی سماجی زندگی، دوستوں اور رشتوں کو اہمیت دیتے ہیں، وہ سماجی اقدار کی بھی قدر کرتے ہیں۔
جلیبی
اگرچہ جلیبی کی شکل الجھی ہوئی ہوتی ہے، تاہم اسے پسند کرنے والے افراد سے متعلق خیال کیا جاتا ہے کہ وہ الجھی اور پریشان زندگی نہیں گزارتے اور نہ ہی وہ کبھی اپنی زندگی کو جلیبی کی طرح الجھی ہوئی شکل دینے کی کوشش کرتے ہیں، اس پسند کرنے والے سیدھے، صاف اور سادہ ہوتے ہیں۔


