لینڈنگ کے وقت جہاز کی کھڑکیوں سے کور کیوں ہٹوایا جاتا ہے؟
ہوائی جہاز میں سفر کرتے ہوئے مسافر عموماً کھڑکیوں کے ’کور‘ بند کر دیتے ہیں لیکن جب جہاز لینڈنگ کے قریب آتا ہے تو مسافروں کو ہدایت کی جاتی ہے کہ وہ ’کور‘ کھول دیں، جس پر مسافروں کے ذہن میں سوال اٹھتا ہے کہ آخر لینڈنگ کے وقت کھڑکیوں کے کور ہٹانا کیوں ضروری ہوتا ہے؟ اب ماہرین نے اس کا جواب بتا دیا ہے۔ میل آن لائن کی رپورٹ کے مطابق فضائی سفر سے متعلق ویب سائٹ سکائی سکینر کے ماہرین نے بتایا ہے کہ ”کھڑکیوں کے کور ہٹانے کی وجہ خالصتاً طیارے اور مسافروں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہوتا ہے۔“
ماہرین نے مزید بتایا ہے کہ ”کھڑکیوں کے کور ہٹے ہوئے ہوں تو جہاز کو حادثہ پیش آنے کی صورت میں عملے کو اندازہ ہوتا رہتا ہے کہ وہ اب زمین سے کتنے فاصلے پر آ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ جب جہاز خدانخواستہ حادثے کا شکار ہو کر گر جائے تو بھی مسافروں کو باہر نکالنے میں کھلی کھڑکیاں عملے کے لیے مددگار ثابت ہوتی ہیں۔ ان سے وہ باہر دیکھ سکتے ہیں کہ کس طرح آگ لگی ہوئی ہے، یا کس طرح جہاز کا ایندھن گرا ہے اور کس طرح جہاز کا ملبہ پڑا ہے۔مسافر خود بھی کھلی کھڑکیوں سے صورتحال کا صحیح اندازہ لگا کر حادثے کی صورت میں جہاز سے نکل سکتے ہیں۔“


