میجر محمد عباس علی کون تھے؟ کینیڈا میں پارک کا نام ان کے نام پر کیوں رکھا گیا؟
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں ایک پاکستانی ریٹائرڈ فوجی کے نام پر ایک پارک کا نام رکھ دیا گیا ہے۔ ویب سائٹ مسلم ویلفیئر سینٹر ڈاٹ کام کی رپورٹ کے مطابق اس پاکستانی فوجی کا نام محمد عباس علی ہے جنہوں نے 1943ءمیں برٹش انڈین آرمی میں شمولیت اختیار کی تھی۔
محمد عباس 15نومب1921ءکو بمبئی میں پیدا ہوئے اور زیادہ تر تعلیم کلکتہ میں حاصل کی۔ 1948ءتک وہ حیدرآباد سٹیٹ آرمی میں رہے۔تقسیم کے بعد انہوں نے پاک فوج میں نوکری کر لی1970ءکی دہائی کے آغاز میں میجر کے عہدے سے ریٹائر ہوئے۔
ریٹائرمنٹ کے بعد محمد عباس نے غریبوں کی مدد اور فلاح کے لیے کام کرناشروع کردیا۔ جلد ہی انہوں نے اس مقصد کے لیے چندہ جمع کرنے کی مہم شروع کی اور ملکی و بین الاقوامی سطح پر یہ مہم چلاتے رہے۔اس دوران انہوں نے یونیسیف، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، سپورٹس ایڈ اور اسلامک مشن ہاسپٹلز سمیت کئی بین الاقوامی اداروں کے لیے متحدہ عرب امارات میں ہونے والی میراتھن واکس میں بھی حصہ لیا۔ 1989ءمیں وہ کینیڈا گئے اور وہاں اپنے فلاحی کام جاری رکھے۔
ان کی یہ جدوجہد بالآخر ’فلاحی تنظیم مسلم ویلفیئر سنٹر‘ کی شکل میں سامنے آئی۔ یہ تنظیم انہوں نے اپنی اہلیہ سرور جہاں بیگم کے ساتھ مل کر 1993ءمیں قائم کی۔اب تک محمد عباس کینیڈا میں انسانی فلاح کے کئی منصوبے شروع کیے، جن میں ’ایک بچے کی مدد کرو، قوم کو محفوظ کرو‘ جیسے منصوبے شامل ہیں۔ وہ اب تک چندہ جمع کرنے کے لیے ہزاروں میلوں پر محیط میراتھن ریسز میں شریک ہو چکے ہیں۔ ان کی سب سے طویل میراتھن 2500کلومیٹر کی تھی، جو متحدہ عرب امارات سے شروع ہوئی اور مکہ مکرمہ جا کر ختم ہوئی۔
اس میں انہوں نے کراچی کے ایک ہسپتال کے لیے چندہ جمع کیا تھا۔ کینیڈا سمیت دنیاکئی حکومتیں انہیں مختلف اعزازات سے نواز چکی ہیں۔ محمد عباس کا انتقال 17اپریل 2009ءمیں کراچی میں ہوا۔ انسانیت کے لیے ان کی بے مثال خدمات کے صلے میں ٹورنٹو کے علاقے سکاربورو میں واقع ایک پارک کا نام ان کے نام پر ’میجر عباس علی پارک‘ رکھ دیا گیا ہے۔


