جب خورشید شاہ ہیوی بائیک چلاتے دیکھے گئے

کچھ لوگوں کیلئے عمر صرف ایک ہندسہ ہوتی ہے اور اسی طرح کا مظاہرہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی اپنے بیٹے کی مہندی پر کیا ، خورشید شاہ اپنے بیٹے کو مہندی کے فنکشن میں اپنے پیچھے سپورٹس بائیک پر بٹھا کر لائے اور اس منفر د انداز کو بہت سراہا گیا ۔
تفصیلات کے مطابق خورشید شاہ کی جانب سے اس اقدام نے تقریب میں شریک دیگر سیاستدانوں کو بھی حیران کر دیا جبکہ پاکستانی شہری بھی دنگ رہ گئے ہیں ۔خورشید شاہ کے بیٹے کی مہندی کی تقریب کا انعقاد کراچی کے علاقے شارع فیصل کے قریب کیا گیا جہاں سیاستدانوں سمیت کئی سرکاری عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔خورشید شاہ کے بیٹے زاریک شاہ کی شادی سابق رکن اسمبلی محمد خان جنیجوکی بیٹی کے ساتھ ہو رہی ہے ۔
نجی ٹی وی جیونیوز نے ذرائع کے حوالے سے کہاہے کہ سپورٹس بائیک پر آنے کی خواہش کااظہار خورشید شاہ کے بیٹے نے کیا تھا جس انہوں نے بطور والد پورا کیا ۔ اس موقع کیلئے سپورٹس بائیک کو بھی پھولوں کے ساتھ سجایا گیا ۔
بشکریہ؛ ڈیلی پاکستان


