میں جانبدار ہوں اور مافیا کا حامی ہوں


میں کالم لکھنے کو کوئی آرٹ نہیں سمجھتا۔ کالم تب لکھا جا سکتا ہے جب طبیعت پر بوجھ نہ ہو، خیالات کی روانی اور یکسوئی ہو الفاظ ناچتے ہوئے ذہن میں آئیں اور خیالات میں ڈھلتے جائیں۔

مافیا ایسی تنظیم یا گروہ کو کہتے ہیں جو مخفی رہ کر خفیہ انداز میں قانون کو نظر انداز کر کے غیر قانونی کام سر انجام دیتا ہے دنیا میں کئی مافیاز نے دہشت پھیلائی اور وقت کے ساتھ ان مافیاز کی دہشت اور طاقت اپنے انجام کو پہنچتی رہی اور وہ تاریخ کے کوڑے دان کا حصہ بنتے رہے۔ تاریخ کا جائزہ لیں تو ایک بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ مافیاز حکومت کا جزوی طور پر حصہ ہو سکتے ہیں حکومت پر اثر انداز ہو سکتے ہیں مگر ایسا کبھی نہیں ہوا کہ ایک مافیا کسی ملک پر حکمران رہا ہو۔

ستائیس رمضان کو ایک معجزے کی صورت دنیا کے نقشے پر رونما ہونے والے معجزوں کی سرزمین پاکستان پر سنا ہے مافیا کی حکمرانی کا معجزہ برپا ہے مگر یہ عجیب مافیا ہے جو بندوق کی بجائے لوگوں کے کروڑوں ووٹ لے کر حکومت میں آیا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو اپنے دور حکومت میں پاکستانی تاریخ کا سب سے بڑا انفراسٹرکچر کھڑا کر دیتا ہے۔

یہ عجیب مافیا ہے جو جرائم پیشہ افراد کی ہڑتالوں میں گھرے جلتے کراچی میں امن لے آتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو وہ ڈرون حملے جو ایک کمانڈر نہیں رکوا سکا۔ رکوا دیتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو خودکش حملے بم دھماکے ختم کروا لیتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو علیحدگی کے دہانے پر کھڑے بلوچستان میں اپنے حق حکمرانی سے دستبردار ہو کر ملکی بقا کے لئے اقتدار قوم پرستوں کے حوالے کر کے ملکی بقا کی ضمانت بن جاتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو اندھیروں میں گھرے ملک کو روشنی عطا کردیتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے اس ملک میں قانون کا احترام کرتا ہے، جہاں قانون کو گھر کی لونڈی سمجھا جاتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جہاں اعلی عدالتوں کے ججز کو زیرحراست رکھنے کی روایت ہو، وہاں نچلی عدالتوں کے احترام میں موت سے جنگ لڑتی اہلیہ کو سات سمندر پار چھوڑ کر قانون کی حکمرانی کا بول بالا کرنے پہنچ جاتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو عدالت میں صرف پیش ہی نہیں ہوتا عدالتی احکامات بھی مان لیتا ہے۔

 یہ عجیب مافیا ہے جو تیس سال حکمران رہتا ہے مگر دس ہزار کی خیالی تنخواہ جتنی خیالی کرپشن ہی کر پاتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو ایک حکم پر حکومت چھوڑ دیتا ہے۔ عدالت میں پیش ہوتا ہے، مضحکہ خیز الزامات کا دفاع کرتا ہے بیوی کو ملنے کی اجازت نہ ہونے پر کمر درد کا بہانہ نہیں کرتا۔ قانون کا مذاق نہین بناتا، حلف نہیں توڑتا، پی سی او کا سہارا نہیں ڈھونڈتا، پی سی او پر حلف نہیں لیتا۔ یہ اتنا عجیب مافیا ہے کہ سکیورٹی واپس لینے سمیت ہر عدالتی حکم مانتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو کسی مخالف رہنما کو جیل نہیں ڈالتا۔ یہ عجیب مافیا ہے جس کے گھر لوگ دھمکیاں بھجوا دیتے ہیں اور یہ چپ کر کے سہہ جاتا ہے۔

یہ عجیب مافیا ہے جس کی آمد کی خبر سن کر لوگ دروازے بند کر کے چھپ نہیں جاتے بلکہ ایک جھلک دیکھنے کے لئے دیوانہ وار ہزاروں لاکھوں کی تعداد میں ان کے جلسوں میں امڈ آتے ہیں۔ یہ عجیب مافیا ہے جو قانون کی حکمرانی کی بات کرتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو بندوق کی بجائے پارلیمان کی طاقت پر یقین رکھتا ہے یہ عجیب مافیا ہے جو فلاحی ریاست چاہتا ہے یہ عجیب مافیا ہے جو گامے ماجھے بکر زید جیسے کمی کمینوں کے بچوں کے بہتر مستقبل کی جنگ لڑ رہا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو بندوق کی طاقت پر یقین نہیں رکھتا۔ یہ عجیب مافیا ہے جو دلیل کی طاقت پر یقین رکھتا ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جو الیکشن لڑتا ہے مگر جیت جانے کے باوجود اس کے ارکان کوئی اور خرید لے کر جائے تو سینیٹ کی چئیرمینی تک اکثریت ہونے کے باوجود نہیں لے پاتا۔

یہ عجیب مافیا ہے جس سے ہر ادارہ ہر شخص زیادہ طاقتور ہے۔ یہ عجیب مافیا ہے جس کو اس کے آئینی اور قانونی حقوق بھی میسر نہیں ہیں۔ یہ عجیب مافیا ہے جس کو وہ جج توہین عدالت میں طلب کر لیتا ہے، جس کے چیف کو ایک بار کے صدر نے اسی کی عدالت میں گالیاں دی ہوں، گملے مارے ہوں۔ یہ عجیب مافیا ہے جو اختیار کا ناجائز استعمال بھی کرے تو سڑک کی چوڑائی چار فٹ بڑھانے جتنا کرتا ہے۔

یہ عجیب مافیا ہے جو بھالے برچھی کی بجائے ووٹ کی پرچی کی طاقت سے حکومت سیاست اور جمہوریت کی لڑائی لڑنا چاہتا ہے یہ عجیب مافیا ہے جو بندوق سے نفرت کرتا ہے یہ عجیب مافیا ہے جو ہمیشہ بندوق والوں کے قہر کا شکار ہونے کے باوجود انہیں عزتوں سے سرفراز کرتا رہا ہے یہ عجیب مافیا ہے جو غریبوں کے حقوق کی جنگ لڑ رہا ہے۔

اتنے عجیب مافیا کا قلع قمع ہونا چاہئے مجھے یقین ہے ایوب خان جیسے بہادر جرنیل سے لے کر یحیٰ خان، ضیا الحق اور پرویز مشرف جیسے آمروں کا مقابلہ کرنے والی ہماری عدلیہ جو ایک درخشاں روایت کا حامل ادارہ ہے اس مافیا کا قلع قمع کر کے رہے گی۔ عوام میں موجود ان کی جڑوں کو اکھاڑ پھینکے گا اس مافیا کا وجود تو کجا، نام لینا بھی پاکستان میں گناہ ہوگا عوامی خیر خواہی رکھنے والے اس مافیا سے چھٹکارا دلانے والا ہی عوام کا حقیقی نمائندہ ہوگا۔

کہتے ہیں دانشور کبھی غیر جانبدار نہیں ہوتا جو غیر جانبدار ہونے کا دعوی کرے اس سے بڑا بے ایمان کوئی نہیں۔ اب اگر اس مفروضے کو سچ مان لیا جائے تو پھر مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ درخشاں روایات کے حامل اداروں کے مقابل میں ہمیشہ اس مافیا کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔

نہ پوچھئے کہ وہ کس کرب سے گزرتے ہیں

جو آگہی کے سبب عیش ِ بندگی سے گئے


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).