جب حاملہ خاتون کو الٹرا ساؤنڈ کروانے پہ اپنی نانی کا چہرہ نظر آیا

برطانیہ میں ایک حاملہ خاتون اپنا الٹراساﺅنڈ کرانے گئی جہاں سکین میں اسے اپنے بچے کے ساتھ ساتھ ایسی چیز نظر آ گئی کہ سن کر ہر کسی کا منہ حیرت سے کھلے کا کھلا رہ گیا۔ میل آن لائن کے مطابق برطانوی علاقے مرسیسائیڈ کی 32سالہ سٹیفنی جیکسن کا کہنا ہے کہ ”جب ڈاکٹر میرا سکین کر رہا تھا تو میں نے سکرین پر دیکھا کہ میرے پیٹ میں موجود بچے کے ساتھ وہاں میری نانی کا چہرہ بھی موجود تھا جو ادھر ادھر حرکت کر رہا تھا، جو 14سال پہلے انتقال کر چکی ہے۔
سٹیفنی کا کہنا تھا کہ ”سکین میں اپنی نانی کا چہرہ دیکھنے کے بعد میں یہ سوچ کر مسلسل روئے جا رہی ہوں کہ میری نانی کو مرنے کے بعد بھی میری کتنی فکر ہے۔ وہ زندگی میں بھی میرے ہاں اولاد ہونے کی دعائیں کرتی رہتی تھی کیونکہ میری شادی کو کئی سال ہو چکے تھے لیکن اولاد نہیں ہو رہی تھی، ڈاکٹروں کا بھی کہنا تھا کہ ہم میاں بیوی کے ہاں کبھی اولاد نہیں ہو سکے گی۔ میری ماں نے بھی سکین میں میری نانی کے چہرے کو دیکھا اور وہ بھی بہت حیران ہوئی۔ سکین میں اس کا چہرہ دیکھ کر میں بے حد جذباتی ہو گئی ہوں اور کل سے روئے جا رہی ہوں۔“



