آنکھوں کی جھریوں کا حیران کن فائدہ


اکثر لوگوں کو آنکھوں کے گرد جھریاں پڑ جاتی ہیں اور وہ ان سے نجات کے طریقے ڈھونڈتے پھر رہے ہوتے ہیں تاہم اب سائنسدانوں نے ان جھریوں کے متعلق ایک ایسا دعویٰ کر دیا ہے کہ لوگ ان سے پریشان ہونے کی بجائے خوش ہوں گے۔میل آن لائن کے مطابق ویسٹرن یونیورسٹی اور یونیورسٹی آف میامی کے سائنسدانوں نے مشترکہ تحقیق میں بتایا ہے کہ جن مردوخواتین کی آنکھوں کے گرد جھریاں پڑی ہوئی ہوں انہیں دوسرے لوگ زیادہ مخلص اور بااعتماد سمجھتے ہیں کیونکہ یہ جھریاں بہت شدید اور مخلصانہ جذبات دوسروں تک پہنچاتی ہیں۔

اس تحقیق میں سائنسدانوں نے رضاکار مردوخواتین کو کچھ ایسی تصاویر دکھائیں جن میں سے بعض میں موجود لوگوں کی آنکھوں کے گرد جھریاںتھیں جبکہ بعض کی جلد صاف تھی۔ سائنسدانوں نے ان لوگوں سے پوچھا کہ ان میں سے کس تصویر کے چہرے کے تاثرات ان کی نظر میں زیادہ اہم اور مخلصانہ ہیں۔ مردوخواتین کی واضح اکثریت نے ان تصاویر کو اہم اور مخلصانہ تاثرات کی حامل قرار دیا جن میں موجود افراد کی آنکھوں کے گرد جھریاں پڑی ہوئی تھیں۔

تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ پروفیسر ڈینیئل میسنجر کا کہنا تھا کہ ”ڈارون کے زمانے سے سائنسدان اس بات پرغور کر رہے ہیں کہ آیا چہرے کے تاثرات کی بھی کوئی زبان ہوتی ہے؟ اگر ایسی کوئی زبان ہو سکتی ہے تو ہماری تحقیق کے مطابق اس میں ایک حصہ آنکھوں کے گرد جھریوں اور آنکھوں کے سکڑاﺅ کا بھی ہو گاکیونکہ اس سے دوسرے لوگوں کو اس شخص کے متعلق انتہائی اہم پیغام ملتا ہے اور وہ اس شخص کو زیادہ مخلص اور اہم خیال کرتے ہیں۔“


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).