شاہ رخ خان سے غضب کی خوشبو آتی ہے؛ انوشکا شرما

انوشکا شرما بالی وڈ کی ان اداکاراؤں میں سے ایک ہیں جن کی بات پر ہر کوئی توجہ دیتا ہے۔ انوشکا کی باتیں سلجھی ہوئی ہوتی ہیں۔ انوشکا شرما نے اپنی پہلی فلم رب نے بنا دی جوڑی (2008) سے پہلے میڈیا کو اپنے بارے میں بہت کم ہی بتایا تھا۔ ان کا ماننا تھا کہ دنیا پہلے ان کی اداکاری دیکھے پھر فیصلہ کرے کہ وہ کیا اور کیسی ہیں۔
انوشکا کی پہلی فلم کئی اعتبار سے خاص تھی۔ فلم رب نے بنا دی جوڑی یش راج کے بینر تلے بنی تھی۔ ان کے ساتھ لیڈ رول میں کنگ خان یعنی شاہ رخ خان تھے۔ فلم کے ہدایت کار آدیتیہ چوپڑا آٹھ سال بعد ہدایت کاری کی طرف لوٹے تھے۔ اس لیے یہ فلم نہایت اہم تھی جس کو بعد میں ناظرین کی طرف سے اچھا رد عمل بھی ملا۔
اب انوشکا شرما ہر دل عزیز اور باصلاحیت کرکٹر وراٹ کوہلی سے شادی کر چکی ہیں۔ اور اپنی ازدواجی زندگی میں وراٹ کے ساتھ بے حد خوش ہیں۔ انوشکا شرما نے اپنی پہلی فلم رب نے بنادی جوڑی کے ایک سال بعد ’فلم فیئر میگزین‘ کو ایک طویل انٹرویو دیا تھا۔ اس انٹرویو میں انہوں نے شاہ رخ خان کے بارے میں چند دل چسپ باتیں شیئر کی تھیں۔
انوشکا شرما کو شاہ رخ خان کی خوشبو نہایت پسند ہے۔ انوشکا نے شاہ رخ خان کے بارے میں کہا تھا ’’ایک چیز جو میں شاہ رخ خان کے بارے میں نہیں بھول سکتی وہ ہے ان کی خوشبو۔ وہ غضب کی خوشبو لگاتے ہیں۔ وہ ہر بار الگ طرح کی خوشبو بکھیرتے تھے‘‘۔
انوشکا کی ان باتوں کو مذاق یا تفریح میں نہیں لیا جا سکتا کیوں کہ انوشکا کی قوت شامہ یعنی سونگھنے کی طاقت بہت تیز ہے۔ وہ خود کہتی ہیں ’’اگر میں نے آپ کی خوشبو ایک بار پہچان لی تو دوسری مرتبہ کبھی بھی سونگھ کر پہچان سکتی ہوں۔ میں اس طرح کی قوت شامہ رکھتی ہوں۔کوئی بھی اچھی خوشبو والا انسان مجھے اپنی طرف متوجہ کرسکتا ہے‘‘۔



