لوگ میری آواز پر توجہ نہیں دیتے بلکہ میرا حسن دیکھتے ہیں: مومنہ مستحسن
کوک سٹوڈیو سے شہرت پانے والی گلوکارہ مومنہ مستحسن نے انکشاف کیا ہے کہ لوگ میری آواز پر توجہ نہیں دیتے بلکہ ان کی توجہ اس بات پر ہوتی ہے کہ میں کتنی خوبصورت ہوں۔ مومنہ مستحسن نے حال ہی میں بھارتی گلوکار ارجن کیساتھ مل کر ’آیا نہ تو‘ گانا ریلیزکیا۔
ہندوستان ٹائمز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں گلوکارہ نے انکشاف کیا کہ ان کی خواہش تھی کہ تب تک کوئی میوزک ریلیز نہ کروں جب تک چہرہ مزید خوبصورت نہ ہوجائے ۔ ’مجھے احساس ہوا کہ ہر کوئی صرف یہ تبصرہ کر رہا تھا کہ میں کیسی نظر آتی ہوں، میری آواز سے زیادہ لوگ اس چیز پر توجہ دیتے ہیں کہ میں کتنی خوبصورت ہوں‘۔
گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میں جہاں بھی گئی تو لوگ کچھ یوں کہتے ہیں کہ ’ارے ، دیکھو اتنی پیاری لڑکی ہے ‘ لیکن میں اپنی شکل سے بڑھ کر کچھ اپنی شناخت بنانا چاہتی ہوں، اس لیے میں نے فیصلہ کیا کہ میں تب تک کوئی میوزک ریلیز نہیں کروں گی جب تک کہ اپنا چہرہ نہیں بدل لیتی، چہرے سے بڑھ کر کسی وجہ سے پہچانی جانا چاہتی ہوں۔
25 سالہ گلوکارہ کا کہنا تھا کہ میں نے تعلیم اور دماغی صحت کیلئے کام کرنا شروع کیا تھا اور پاکستان میں خواتین کے کردار سے متعلق بھی کھل کر بات کی ۔ فوربزمیگزین کی فہرست میں نام آنے کے بعد انہیں مزید حوصلہ ملا کہ دوبارہ میوزک پر کام شروع کرنا چاہیے ۔ مجھے اسی دن ’آیا نہ تو‘ کے لیے کال آئی جس دن فوربز نے مجھے اپنی فہرست میں جگہ دی اور شاید اسی وجہ سے میں نے گانا گانے کی حامی بھر لی کہ اب مجھے اس سے بڑھ کر کچھ کرنا چاہیے ۔ ان کا خیال ہے کہ بطور ایک گلوکار ان کی یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ سماجی مسائل پر بھی گفتگو کرتی رہیں اور آپ انہیں میرے میوزک میں بھی سنیں گے ۔



