نواز شریف کی آئی ایس آئی پر الزام تراشی کے بعد حمزہ علی عباسی شدید مشتعل


 

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور اداکار حمزہ علی عباسی نے آئی ایس آئی پر لیگی امیدوار پر تشدد کا الزام لگانے پر سابق وزیراعظم نواز شریف کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں حمزہ علی عباسی نے کہا کہ نواز شریف! تم نے کلبھوشن یادیو کے خلاف ایک لفظ نہیں بولا۔ پاکستان پر ممبئی حملوں کی منصوبہ بندی کا الزام لگانے کے بعد اب تم اپنے پیسے اور طاقت بچانے کے لیے لوگوں کو آئی ایس آئی اور پاک فوج کے خلاف بھڑکا رہے ہو۔ شرم کرو نواز شریف، میری دعا ہے کہ بہت جلد تم جیل میں سڑ رہے ہوگے۔

حمزہ علی عباسی نے ایک اور ٹویٹ پیغام میں لکھا کہ 2013 میں دھاندلی کے الزامات پر پی ٹی آئی کے 4 حلقے کھولنے کے مطالبے کو جمہوریت کے خلاف سازش کہنے والی ن لیگ اب اپنی شکست دیکھتے ہوئے الیکشن 2018 سے پہلے ہی دھاندلی کا رونا رونے لگی ہے اور آئی ایس آئی پر براہ راست الزامات لگا رہی ہے۔ اب دیکھنا، ہارنے کے بعد دھرنے بھی دے گی، اللہ کی شان۔