کامیاب بچوں کے والدین کی اہم خصوصیات


تمام کامیاب بچوں کے والدین میں یہ چیز مشترک ہوتی ہے کہ وہ اپنے بچوں کو ۔۔۔ جدید تحقیق میں سائنسدانوں نے والدین کو سب سے بڑا راز بتادیا

تحقیق کاروں نے والدین کے ان متعدد اوصاف کی تفصیل بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جو بچے مستقبل میں کامیابی حاصل کرتے ہیں ان کے والدین بچپن سے ہی انہیں گھر کے چھوٹے موٹے کاموں میں مشغول رکھتے ہیں۔ اس طرح بچوں میں محنت سے اپنے مقصد کے حصول کا جذبہ پیدا ہوتا ہے۔ یہ والدین اپنے بچوں کو سماجی تعلیم بھی دیتے ہیں اور انہیں سکھاتے ہیں کہ معاشرے میں انہوں نے کیسے آگے بڑھنا ہے۔بچوں کی کامیابی کیلئے یہ بھی ضروری ہے کہ والدین ان سے بڑی توقعات رکھیں۔ اگر والدین بچوں سے توقعات ہی نہیں رکھتے تو یہ بہت مشکل ہے کہ بچے اپنے لئے بڑے اہداف مقرر کریں۔

بچوں کے ساتھ صحت مند تعلق رکھنے والے والدین بھی ان کی کامیابی کا سبب بنتے ہیں۔ اسی طرح جو والدین خود اعلیٰ تعلیم یافتہ ہوتے ہیں ان کے بچوں میں بھی اعلیٰ تعلیم کے حصول اور کامیاب مستقبل کا امکان زیادہ ہوتا ہے۔ کامیاب بچوں کے والدین کی ایک اور اہم خوبی یہ بھی بتائی گئی ہے کہ وہ شروع سے ہی بچوں کو ریاضی کا مضمون بہت توجہ سے پڑھاتے ہیں۔ جن بچوں کے والدین ابتدائی دنوں سے ہی ان کی ریاضی کی تعلیم پر توجہ دیتے ہیں اور اس میں بھرپور دلچسپی لیتے ہیں وہ بچے مستقبل میں دوسروں کی نسبت بہت بہتر کارکردگی دکھاتے ہیں۔

بچوں کے ساتھ دوستی بھی ان کی کامیابی کیلئے ایک اہم بات قرار دی گئی ہے۔ جو والدین اپنے بچوں کے ساتھ شروع سے ہی دوستانہ رویہ رکھتے ہیں ان کے بچے زیادہ پراعتماد بھی ہوتے ہیں اور سماجی و تعلیمی میدان میں ان کی کامیابی کا امکان بھی بہت زیادہ ہوتا ہے۔

جو والدین ذہنی پریشانیوں اور تفکرات سے کم متاثر ہوتے ہیں اس کا ان کے بچوں کی نفسیاتی صحت اور تعلیمی کارکردگی پر بہت اچھا مرتب ہوتا ہے، جس کے باعث مستقبل میں وہ نسبتاً زیادہ کامیاب ہوتے ہیں۔ یہ والدین ناکامی سے گھبرانے کی بجائے زیادہ محنت کرکے کامیابی حاصل کرنے کی تعلیم دیتے ہیں۔ ان کے اس رویے سے بچوں کو تربیت ملتی ہے کہ ناکامی کی صورت میں حوصلہ نہیں ہارنا چاہیے اور ناکامی کے خدشے کے تحت مقابلہ چھوڑ کر بھاگنا نہیں چاہیے۔

کامیاب بچوں کے والدین میں ایک اور اہم بات یہ بھی دیکھی گئی ہے کہ عموماً ان کی مائیں ملازمت پیشہ ہوتی ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ خواتین ایک جانب اپنی ملازمت کو ووقت دیتی ہیں تو عموماً دوسری جانب اپنے بچوں کی تربیت اور تعلیم پر بھی بھرپور توجہ دے کر انہیں کامیاب بناتی ہیں۔

جو والدین سماجی و معاشی لحاظ سے اچھی پوزیشن میں ہوں ان کے بچوں کی کامیابی کا امکان بھی زیادہ ہوتا ہے کیونکہ ان بچوں کو عموماً بہتر تعلیم اور تربیت کی سہولتیں میسر ہوتی ہیں۔ کامیاب بچوں کے والدین کی ایک اور اہم خوبی یہ بھی دیکھی گئی ہے کہ اگرچہ وہ بچوں کو بالکل آزاد نہیں چھوڑ دیتے لیکن ایسابھی نہیں کرتے کہ ہر معاملے میں ان پر اپنا حکم مسلط کریں اور ان کے ذہن کی آزادانہ پرورش میں رکاوٹ بن جائیں۔

اس تحقیق میں ایک آخری نقطہ یہ سامنے آیا کہ جو والدین اپنے بچوں کو استقامت کے ساتھ اپنا مقصد حاصل کرنے کیلئے طویل وقت تک محنت جاری رکھنے کی تربیت دیتے ہیں ان کے بچوں میں کامیابی کا امکان غیر معمولی طور پر زیادہ ہوتا ہے۔ عام طور پر بچوں میں یہ رجحان پایا جاتا ہے کہ وہ لمبے عرصے تک اپنی توجہ کسی ایک کام پر مرکوزنہیں رکھ سکتے۔ جو والدین کامیابی کے حصول کیلئے اپنے بچوں کو مسلسل اور استقامت کے ساتھ محنت جاری رکھنے کی تربیت دیتے ہیں ان کے بچے غیر معمولی طور پر زیادہ کامیاب ہوتے ہیں۔


Facebook Comments - Accept Cookies to Enable FB Comments (See Footer).