سب لڑکیاں میرے پیسوں میں ہی دلچسپی رکھتی تھیں


’میں نے اپنا بٹوہ کھولا تو یہ چیز دیکھ کر کمرے میں موجود تمام لڑکیاں میری جانب متوجہ ہوگئیں‘ آدمی کے بٹوے میں ایسا کیا تھا؟ حقیقت جان کر آپ کی ہنسی نہ رکے

ایک ایسا بدقسمت نوجوان جس پر کوئی بھی لڑکی نگاہ ڈالنے کے لئے تیار نہ ہو اچانک ایسا مقبول ہو جائے کہ سب لڑکیاں اسی کے گرد منڈلانے لگیں، یہ کیسے ممکن ہو سکتا ہے؟ یہ بات آپ اسی نوجوان کی زبانی سن لیجئے جس کے ساتھ یہ ناقابل یقین واقعہ پیش آیا۔

یہ ایک جاپانی نوجوان ہے جو سوشل میڈیا پر @DNxKY ہینڈل استعمال کرتا ہے۔ اس نے اپنے ساتھ پیش آنے والے دلچسپ واقعے کا احوال بیان کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ’’میری کوئی لڑکی دوست نہیں تھی اور اسی لئے میں نے ایک ایسی پارٹی میں شرکت کا فیصلہ کیا جس کا مقصد ایسے لڑکوں اور لڑکیوں کو ملوانا تھا جو اکیلے ہوں اور دوستی کے متلاشی ہوں ۔ جاپان میں ایسی پارٹی کو ’گوکون‘ کہتے ہیں۔ وہاں بھی کوئی لڑکی میری جانب مائل نہیں تھی۔ بہرحال، کافی وقت اکٹھے گزارنے کے بعد ہم باہر گئے اور جب ہم ایک ریستوران میں ادائیگی کر رہے تھے تو میں نے بھی اپنا بٹوہ نکالا اور اپنے حصے کی رقم نکال کر دی۔ اس کے بعد جب ہم واپس آئے تو میں نے سب لڑکیوں کا رویہ تبدیل محسوس کیا۔ میں حیران تھا کہ وہ سب ہی میری جانب متوجہ تھیں اور میرے قریب ہونے کے لئے ایک دوسری سے سبقت لے جانے کی کوشش میں نظر آتی تھیں۔‘‘

یہ کرشمہ کیسے ممکن ہوا، بالآخر اس حیران و پریشان نوجوان کو بات سمجھ میں آ ہی گئی۔ اس کا کہناہے کہ ’’پہلے تو مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا کہ یہ کیا ہو رہا ہے۔ پھر میں نے کچھ غور کیا تو واضح ہوا کہ یہ ساری تبدیلی ریستوران کے چکر کے بعد ہی آئی تھی۔ اور پھر مجھے یہ سمجھنے میں دیر نہیں لگی کہ ہوا کیا تھا۔ دراصل میں کرنسی آرٹ کا شوقین ہوں اور اتفاق سے اس دن میرے بٹوے میں آرٹ کرنسی کے کافی سارے نوٹ تھے۔ میں نے جب ریستوران میں ادائیگی کے لئے بٹوہ کھولا تو یقیناً سب کی نظر اس کے اندر پڑی ہو گی اور 10000 یوان کے نوٹ بھی دکھائی دئیے ہوں گے۔ مسئلہ یہ ہے کہ جب تک غور سے نا دیکھا جائے تو پتا نہیں چل سکتا کہ یہ اصل نوٹ نہیں بلکہ بہت مہارت سے بنائی گئی آئل پینٹنگ ہیں۔ ‘‘

تو جناب، آپ بھی جان گئے ہوں گے کہ اس نوجوان کی جانب لڑکیاں یوں اچانک کیوں اور کیسے مائل ہو گئیں۔ بہرحال، یہ نوجوان تو اس واقعے سے کچھ خاص خوش نہیں۔ اس کا کہنا ہے کہ ’’میں اس بات سے خوش کیسے ہو سکتا ہوں کہ ان لڑکیوں کی دلچسپی مجھ میں نہیں بلکہ میرے بٹوے میں پڑے کرنسی نوٹوں میں ہے۔۔۔وہ نوٹ جو اصلی بھی نہیں! ‘‘

Facebook Comments HS